• 1 مئی, 2024

عالمگیر لجنہ اماء اللہ کے تربیتی و علمی جریدے

میگزین لجنہ اماء اللہ قادیان

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 7؍جنوری 2006ء موقع پر لجنہ اماء اللہ بھارت کو اپنا ایک رسالہ شائع کرنے کی ہدایت فرمائی۔ حضور انور کی ہدایت کی روشنی میں لجنہ اماء اللہ بھارت کے تحت رسالہ ’’النصرت‘‘ کا اجراء 2008ء خلافت جوبلی کے موقع پر کیا گیا جس میں تربیتی مضامین کی اشاعت کی جاتی رہی اور اس کے 8 شمارے شائع کیے گئے۔

2013ء میں اس رسالہ کا نام سیدنا حضور انور نے ’’مصباح قادیان‘‘ رکھا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ششماہی رسالہ جاری ہے۔ یہ رسالہ ممبر ات لجنہ اماءاللہ بھارت کی علمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ رسالہ النور ملیالم زبان میں سال میں تین مرتبہ شائع کیا جاتا ہے۔

میگزین لجنہ اماء اللہ کینیا

لجنہ اماء اللہ کینیا کا تربیتی و تنظیمی میگزین ’’النجم‘‘ سال 2002ء میں اس وقت کی صدر لجنہ کینیا مکرمہ عینا شاہ صاحبہ کی ادارت و زیر نگرانی سہ ماہی رسالہ کے طور پر انگریزی اور سواحیلی دو زبانوں میں شائع ہونا شروع ہوا تھا جس میں قرآن، حدیث، ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے علاوہ خلیفۃ المسیح کے خطبات کا خلاصہ اور دیگر علمی تربیتی و تنظیمی امور شائع کیے جاتےتھے۔ اس کے تقریباً سولہ صفحات ہوتے تھے۔ اس کے بعد اس کے صفحات میں اضافہ کر کے سال میں ایک دفعہ شائع کیا جانے لگا اور زیادہ مضامین کا احاطہ کیا جانے لگا۔ اب ہر سال یہ دو سو کی تعداد میں شائع کر کے فروخت کیا جاتا ہے۔ اس کی ادارت کے لیے باقاعدہ ایک ٹیم مقررتھی جس میں اب نئی صدارت کی وجہ سے تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ لجنہ اماءاللہ کینیا کی یہ ایک مفید اور قابل قدر کاوش ہے۔ اللّٰھم زد فزد و بارک

میگزین لجنہ اماء اللہ نائجیریا

اس میگزین کا نام صدیقہ ہے جو حضرت چھوٹی آپا جان کے نام پر رکھا گیا۔ اس کا آغاز 1987ءمیں ہوا جب آپ نائیجیریا تشریف لائی تھیں۔ شروع میں یہ سہ ماہی شائع ہوتا تھا مگر اب سال میں 3بار شائع ہوتا ہے۔

میگزین لجنہ اماء اللہ سپین

لجنہ سپین کے رسالہ کا نام ’’النصرت‘‘ ہے اور یہ ہر تین ماہ بعد شائع ہوتا ہے۔اس کا اجراء 2011ء میں نیشنل صدر لجنہ مکرمہ ثمینہ منصور صاحبہ کی زیر نگرانی ہوا۔ پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت اس کا نام النصرت تجویز فرمایا۔ اس کی پہلی ایڈیٹر مکرمہ نصرت جہاں صاحبہ بنت مکرم عبدالرزاق صاحبہ تھیں۔ آج کل اس رسالہ کی ایڈیٹر مکرمہ آمنہ اعجاز صاحبہ بنت ڈاکٹر اعجاز اللہ خان صاحبہ ہیں۔اور یہ مکرمہ عابدہ کلیم صاحبہ نیشنل صدر لجنہ سپین کی زیر نگرانی شائع ہوتا ہے۔ یہ رسالہ تیس سے پینتیس صفحات پر مشتمل ہوتا ہے اور اس کا پہلا صفحہ اور آخری صفحہ رنگین ہوتا ہے جبکہ اندر کے صفحات سادہ ہوتے ہیں۔ کووڈ 19کی وجہ سے اس کی اشاعت روک دی گئی تھی اور آن لائن تیار کر کے بھیجا جاتا رہا۔ آن لائن رسالہ میں سارے صفحات رنگین ہوتے ہیں۔ آن لائن رسالہ کی آخری قسط جولائی تا ستمبر 2022ء ہے۔ اس کے بعد اب یہ رسالہ دوبارہ سے شائع کیا جائے گا۔ ان شاء اللّٰہ۔ اس رسالہ میں ہر طرح کے مضامین شامل ہوتے ہیں۔ لجنہ اور ناصرات کی طرف سے بھی لکھے ہوئے مضامین، قال اللّٰہ، قال الرسول، ملفوظات، صحت سے متعلق مضامین، کہانیاں، اور نظمیں، اردو کے علاوہ عربی اور سپینش زبان میں میں بھی مضامین شامل کئے جاتے ہیں تاکہ عربی لجنہ اور سپینش جاننے والی بچیاں جو اردو صحیح طور پر نہیں سمجھ سکتیں اس سے استفادہ کر سکیں۔ یہ رسالہ صرف لجنہ سپین کے لئے ہی ہے اور کووڈ سے پہلے اس کی اشاعت 60 سے 70کاپی تھی۔اور اس کی قیمت 2 یورو مقرر کی گئی تھی۔

میگزین لجنہ اماء اللہ سوئٹزر لینڈ

سوئٹزر لینڈ کی لجنہ اماء اللہ کا یہ رسالہ ششماہی ہے اور 2011ء سے اس کی اشاعت جاری ہے۔

میگزین لجنہ اماء اللہ فرانس

بفضل تعالیٰ آج سے سو سال قبل حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے لجنہ اماء اللہ کے قیام کے پر اس کے اغراض و مقاصد کے ساتھ ایک لائحہ عمل 17 سنہری تجاویز کی صورت میں دیا۔ جس میں پہلے نمبر پر اس تنظیم کا مقصد عورتوں کا علم حاصل کرنا اور دوسروں تک پہنچانا تھا۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے خصوصیت سے عورتوں میں تحریر و تقریر کا ملکہ پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور علمی و ادبی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے اخبارات و رسائل کی اشاعت کا اجراء فرمایا اور اس کی تمام ذمہ داری لجنہ اماء للہ کے سپرد کر کے ان کی علمی و انتظامی صلاحیتوں کو اجاگر فرمایا۔

لجنہ اماء اللہ فرانس نے اپنے تعلیمی و تربیتی علمی مجلّہ کا آغاز 2006ء میں کیا اور پہلے سال ایک ضمیمہ کی شکل پر محدود وسائل کے ساتھ مشن ہاؤس کی فوٹو کاپی مشین سے کاپیاں کرکے چھاپا۔ رسالہ کے نام کے سلسلہ میں صدر لجنہ اماء اللہ فرانس، شعبہ اشاعت اور مدیرہ اردو کی تجویز پر ’’الصدیقہ‘‘ نام حضور اقدس خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے پاس منظوری کے لیے بھجوایا۔ دوسرا شمارہ بھی اسی طرز پر چھاپ کر حضور اقدس کی خدمت میں بھیجا گیا تو حضور نے ازراہ شفقت ہدایت فرمائی کہ اس میں خطبہ جمعہ شامل کیا کریں۔ اس کے بعد سے تاحال اس کے 26 شمارے شائع ہو چکے ہیں اور ہر شمارے میں خطبہ جمعہ شائع ہوتا ہے۔ نیز اس رسالے کا اوّلین مقصد لجنہ اما ء اللہ فرانس کے علمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔جماعت فرانس میں اردو بولنے والی لجنہ کی طرح فرنچ بولنے والی لجنہ کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے اسی لئے رسالہ الصدیقہ ہر دو زبان میں شائع کیا جاتا ہے۔ مزید نو مبائع لجنہ کی تعلیم و تربیت کے لئے اردو بولنے والی لجنہ کوآسان، سلیس اور پُراثر مضامین لکھنے کی ترغیب دی گئی اور دوسری طرف فرانس میں پیدا ہونے والی بچیوں کو، جن کی مائیں اردو بولنے والی تھیں ان مضامین کے تراجم پر مقرر کیا گیا اور الصدیقہ کا یہ چھوٹا سا قافلہ آہستہ آہستہ سفر کرتے ہوئے آگے بڑھنے لگا۔

اس رسالے کا کام دو حصّوں پر مشتمل ہے اردو حصّہ، فرنچ حصّہ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلیفہٴ وقت کی پُر شفقت راہنمائی میں 19 سالہ ’’الصدیقہ‘‘ اب نہایت دیدہ زیب، عمدہ معیار طباعت اور مواد کے ساتھ شائع ہو رہا ہےاور اللہ کے فضل سے آج لجنہ اماء اللہ فرانس کا شعبہ اشاعت اپنی ٹیم کے ساتھ زور و شور سے سپیشل نمبر الصدیقہ ’’صد سالہ جوبلی لجنہ اماء اللہ‘‘ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

موجودہ مدیرہ اردو نور الصباح صاحبہ اور فرنچ حصہ میں فطنہ بےلاربی صاحبہ بہت محنت سے اس کام کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ الحمد للّٰہ

میگزین لجنہ اماء اللہ جرمنی

لجنہ اماء اللہ جرمنی کا رسالہ ’’خدیجہ‘‘ 1989ء سے شائع ہو رہا ہے۔ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒنے اس سہ ماہی رسالہ کا نام خدیجہ فرمایا تھا۔ اس کی پہلی مدیرہ مکرمہ عطیہ مقصود الحق تھیں۔

1994ء میں لندن سے الفضل انٹرنیشنل کا آغاز ہوا تو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒنے اس میں ہی ’’ماہنامہ خدیجہ‘‘ کے دو صفحات شائع کرنے کا ارشاد فرمایا۔ اس کی پہلی مدیرہ مکرمہ رضیہ وسیم تھیں۔ جنوری 2015ء سے دسمبر 2018ء تک الفضل انٹرنیشنل میں خدیجہ کے چار صفحات آتے رہے۔ اس کے بعد حضور انور کے ارشاد کے مطابق ہر رسالہ اپنے ملک میں شائع ہونا چاہیے کہ مطابق خدیجہ الفضل اخبار میں شائع ہونا بند ہو گیا۔

2004ء میں خدیجہ دوبارہ رسالہ کی صورت میں شائع ہونے لگ گیا۔ خدیجہ 2004ء کا شمارہ ’’سیدنا طاہر نمبر‘‘ خصوصی شمارہ تھا جس کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ نے ازراہ شفقت پیغام بھجوایا یہ حضور ایدہ اللہ کا خدیجہ رسالہ کے لیے پہلا پیغام تھا۔ اسی شمارہ میں ایک مضمون کا جرمن زبان میں ترجمہ کیا گیا۔

2006ء سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد مبارک کے مطابق مکمل حصہ جرمن زبان میں شائع ہونا شروع ہوا۔

تاریخ کے حوالہ سے دیکھیں تو ابتدائی مدیرات سے بات کرنے پر معلوم ہوا کہ بالکل شروع میں ٹائپنگ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے غالباً کچھ شمارے ہاتھ سے بھی لکھے گئے۔

ابتدا میں خدیجہ کے ایک حصے کا جرمن زبان میں ترجمہ کیا جاتا تھا لیکن بعد میں طے پایا گیا کہ چونکہ اردو پڑھنے والی ممبرات کا پڑھنے کا مزاج مختلف ہوتا ہے اس لئے موضوع ایک ہی رکھا جائے لیکن مضامین الگ الگ تیار کروائے جائیں۔ خدیجہ رسالہ کی موجودہ مدیرہ مکرمہ سیدہ منور سلطانہ (اردو حصہ) اور اور مکرمہ خدیجہ منظور (جرمن حصہ) ہیں۔

لجنہ اماء اللہ جرمنی کا دوسرا رسالہ جو کہ جرمن زبان میں ہے کا نام ’’عائشہ‘‘ ہے۔ اس کی اشاعت 2011ء سے شروع کی گئی۔ پہلے شمارہ کی ایڈیٹر مکرمہ ماہرہ خان تھیں اور موجودہ ایڈیٹر مکرمہ قدسیہ احمد ہیں۔ یہ سال میں ایک مرتبہ شائع ہوتا ہے۔

رسالہ ’’مریم‘‘ واقفات نو کے لیےہے اور اس کا آغاز 2016ء سے کیا گیا۔ پہلے شمارہ کی ایڈیٹر مکرمہ مریم احمد تھیں۔ اس میگزین میں وقف کے حوالہ سے ایسے مذہبی مضامین جو واقفات نو کے علم و عرفان میں اضافے کا باعث بنیں شائع کیے جاتے ہیں۔ یہ رسالہ اردو اور جرمن دونوں زبانوں میں شائع ہوتا ہے۔

میگزین لجنہ اماء اللہ کینیڈا

اِمسال 2022ء میں رسالہ ’’النساء‘‘ اپنے سفر کے 34سال مکمل کرنے کی طرف رواں دواں ہے۔ یہ لمبا سفرخدا تعالیٰ کے بے شمار فضلوں کا وارث بنا اور ’’النساء‘‘ ممبرات لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی علمی اور تربیتی ترقی کے لئے ایک نہایت مفید رسالہ ثابت ہوا۔ رسالہ ’’النساء‘‘ کے اس تاریخی سفر کی رُوئیداد پیشِ خدمت ہے۔

1980ء کی دہائی کے اختتام پر جب کینیڈا میں لجنہ اماء اللہ کی 500ممبرات کے قریب تعداد پہنچی اور کینیڈا بھر میں 14 جماعتوں کا قیام بھی ہوگیا۔ تو اس تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ لجنہ و ناصرات کی تعلیمی و تربیتی اغراض کو پورا کرنے کے لئے لجنہ کا ایک علیحدہ رسالہ شائع کئے جانے کی ضرورت بھی محسوس ہوئی۔جس پر 1987ءمیں کینیڈا بھر میں لجنہ ممبرات کو اس منصوبہ سے آگاہی دلائی گئی اور رسالے کے لئے نام تجویز کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔ مانٹریال کی ایک بہن محترمہ جمیلہ سعید صاحبہ کا تجویز کردہ نام ’’النساء‘‘ سب کی پسندیدگی کے بعد منتخب کیا گیا۔

اس کے بعد حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ کی خدمت میں دُعائیہ پیغام بھجوانےکی درخواست کی گئی۔جس پر حضور انورؒ نے ازراہِ شفقت درج ذیل پیغام بھجوایا:
’’آپ نے مجھ سے پیغام بھجوانے کے لئے لکھا ہے۔مجھے خوشی ہے یہ کہتے ہوئے کہ اس قسم کے رسالہ کی دیر سے ضرورت تھی جس کا آغاز ہو چکا ہے اور مجھے امید ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ احمدیہ صحافت میں یہ اپنا نام بنائے۔

سچائی اور تقویٰ اس رسالہ کی پالیسی ہونی چاہئے اور اسے خاص طورپر خواتین میں تبلیغ کا ذریعہ ہونا چاہئے۔ پہلے یہ کہ کوئی دوسرا اُن کی ضروریات پوری کرنے کےلئے نہیں ہے۔دوسرے یہ کہ اُن کی ضروریات خاص قسم کی ہیں۔عورتوں کے لئے اسلام میں ہر شعبہ زندگی میں برابر مقام حاصل ہے اور وہ ہماری جماعت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اسلامی تعلیمات کے مطابق بچوں کی پرورش کر کے وہ جماعت کے اداروں کی صحت اور خوشحالی کی ضامن ہوتی ہیں۔احمدی مسلمان خواتین کے مقام کی اہمیت اس سے ثابت ہے۔

آپ نے ایک بھاری ذمہ داری اٹھائی ہےاور آپ کو تمام مدد اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔خداتعالیٰ آپ کو اس کا حق دار بنائے اور اس مقصد میں کامیاب کرے اور جماعت کےلئے بابرکت ثابت ہو۔

والسلام
مرزا طاہر احمد‘‘

(رسالہ النساء شمارہ نمبر2، 1988ء صفحہ1)

النساء کا پہلا شمارہ فروری 1988ء میں شائع ہوا۔ محترمہ صاحبزادی امۃ الصبور صاحبہ النساء کی پہلی ایڈیٹر تھیں۔ جلدہی محترمہ صاحبزادی امۃ الصبور صاحبہ کو انڈو نیشیاجانا پڑا اور محمودہ میاں صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے اپنے دورِ صدارت دسمبر 1989ء تک اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود النساء کی ایڈیٹر کی ذمہ داری بھی خوش اسلوبی سے سر انجام دی۔

رسالہ النساء کے ہر شمارے کی تیاری سے قبل ایک عنوان بطور مرکزی خیال چُنا جاتا ہے۔جس کے مطابق قرآن کریم کی آیات، حدیث نبویؐ، ملفوظات اور خطبہ جمعہ حضر ت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔۔علمی، مذہبی مضامین کے ساتھ دلچسپی کے لئے ذاتی یادداشتیں، ایمان افروز واقعات، یادِ رفتگان وغیرہ پر مشتمل مضامین شاملِ اشاعت رہتے ہیں۔ خواتین کی دلچسپی کے پیش نظر پکوان، ٹوٹکے وغیرہ اور ناصرات کے لئے بھی ایک مخصوص صفحہ پیش کیا جاتا رہا ہے۔ تمام لجنہ ممبرات کی بھر پور شمولیت کےلئے نئے پید ا ہونے والے بچوں کےلئے قرّۃ العین کے نام سے ایک کالم، ننھے بچوں کے قرآن کریم مکمل کرنے کے حوالے سے آمین اور دیگر دُعائیہ اعلانات بھی شائع کئے جاتے ہیں۔

کینیڈا میں اس رسالہ کی ضرورت اور نئی نسل کی بہتری کے پیش نظر آغاز سے ہی رسالہ اُردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں شائع ہوتا رہا۔ آغاز میں رسالہ النساء سہ ماہی رسالہ تھا اور سال میں چار شمارے شائع ہوتے تھے۔ سال2010ء سے سال میں تین رسالوں کی اشاعت کا آغاز ہوا جو کہ تاحال جاری ہے۔

حضرت خلیفۃ المسیح سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لئے 2014ء میں ایک خاص نمبر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مسندِ خلافت پر متمکن ہونے کے دس سال پورے ہونے پر شائع کیا گیا۔ جو کہ 500 صفحات پر مشتمل تھا۔ النساء اور لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی یہ بہت بڑی سعادت ہے کہ حضرت خلیفہ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ ِشفقت اس شمارے کی اشاعت کی منظوری عطا فرمائی اور اس کے لئے عنوانات کی ایک فہرست بھجوائی۔ اس شمارے کے تین ڈرافٹس حضور اقدس کی خد مت میں منظوری کے لئے پیش ہوئے اور حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت اپنی قیمتی رائے سے مستفیض فرمایا۔ آپ نے اس شمارے کے لئے ایک انتہائی قیمتی پیغام بھی بھجوایا اوراس کے لئے کام کرنے والی بہنوں کے لئے خصوصی دعا کا پیغام بھی ارشاد فرمایا۔ فالحمدللّٰہ

ترقی کی متعدد منزلیں طے کرتے ہوئے 2؍مئی 2015ء کو رسالہ النساء نے ایک اور منزل طے کی اور بفضلِ اللہ تعالیٰ النساء کے لئے ایک ویب سائٹ بنائی گئی۔ ڈاکٹر امۃ القدوس فرحت صاحبہ نے اس خدمت کو محترمہ عطیۃ القدوس صاحبہ کے تعاون سے سر انجام دیا۔ الحمدللّٰہ! ویب سائٹ کا لنک حسب ذیل ہے:

http://www.annisaa.ca

میگزین لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا
سالنامہ الضحیٰ

اس رسالہ کی اشاعت کا آغاز اپریل2003ء میں لجنہ آسٹریلیا کی ممبرات کے لئے کیا گیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے اس کی منظوری عطافرمائی تھی۔ پہلی ایڈیٹر کا نام محترمہ تمثیلہ صالح (اُردو حصہ کی ایڈیٹر)محترمہ ندرت رشید (انگلش حصہ کی ایڈیٹر) تھا۔

اس رسالہ میں قران مجید آیات، حدیث، کلام الامام۔ خطبات، خلفاء کی نصائح، مذہبی، معلوماتی، یادرفتگان، سفر نامہ، آپ بیتی، جگ بیتی، کھانے کی ترکیبیں، طبی معلومات، سائنسی اور تحقیقی مضامین ہوتے ہیں۔ اُردو اور انگلش دونوں زبانوں پر مشتمل ہے۔آدھا اُردو اور آدھا انگلش میں ہے۔

اس رسالہ کے صفحات کی تعداد100 کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ اس کا سائز A4 ہے۔ یہ رنگین ہوتا ہے۔

اس کی اشاعت کی تعداد300 ہے۔ یہ آن لائن ایڈیشن کے طور پر بھی دیا جاتا ہے۔

المیزان (ششماہی)

اس رسالہ کی اشاعت کا آغاز اپریل2010ء میں ہوا۔ ناصرات الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ آسٹریلیا کی تعلیم و تربیت کے لیے کیا گیا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے منظوری عطافرمائی تھی اور ناموں کی بھجوائی گئی ایک لسٹ میں سے ’’المیزان‘‘ نام تجویز فرمایا۔ پہلی ایڈیٹر کا نام محترمہ عابدہ چوہدری صاحبہ (اُردو حصہ کی ایڈیٹر) محترمہ نورین چوہدری (انگلش حصہ کی ایڈیٹر) تھا۔

اس رسالہ میں قرآن مجید کی آیات، حدیث، کلام الامام، خطبات، خلفاء کی نصائح، مذہبی، معلوماتی، سفر نامہ، کھانے کی ترکیبیں، طبی معلومات، چٹکلے، پہیلیاں، لطیفے، بچوں کی دلچسپی کے سائنسی اور تحقیقی مضامین ہوتے ہیں۔

اُردو اور انگلش دونوں زبانوں پر مشتمل ہے۔ اس رسالہ کے صفحات کی تعداد80 کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ اس کا سائزA5 ہے۔ یہ رنگین ہوتا ہے۔اس کی اشاعت کی تعداد250 ہے۔

نیوز لیٹر

اس نیوز لیٹر کی اشاعت کا آغاز 2011ء میں ہوا۔ پہلی ایڈیٹر کا نام محترمہ نورین چوہدری تھا۔

اس رسالہ میں آیت، حدیث، کلام الامام، خطبات، خلفاء کی نصائح، مجالس کارکردگی کی رپورٹس، اعلانات اور پیغامات ہوتے ہیں۔یہ اُردو اور انگلش دونوں زبانوں پر مشتمل ہے۔

اس کے صفحات کی تعداد 7/8 ہوتی ہے۔ اس کا سائز A4 ہے۔ یہ رنگین ہوتا ہے۔ پہلی ایڈیٹر کا نام محترمہ نورین چوہدری تھا پھر محترمہ عنبر خان اور اب محترمہ مناہل ظہیر ہیں۔

یہ آن لائن ایڈیشن کے طور پر دیا جاتا ہے۔

(مرتبہ: عائشہ چوہدری۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی