• 2 مئی, 2024

تاریخ اجتماع لجنہ اماءاللہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ

لجنہ اماء اللہ امریکہ کو اپنا پہلا سالانہ اجتماع موٴرخہ 5؍ ستمبر 1964ء بمقام Cleveland YMCA منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔اس اجتماع کی صدارت کی توفیق مکرمہ عالیہ شہید صاحبہ آف پٹسبرگ (Pittsburgh) نیشنل صدر لجنہ کو حاصل ہوئی۔یہ سالانہ اجتماعات اپنے آغاز سے ہی لجنہ اور ناصرات کےلئے اہم روحانی مواقع کے طور پررہے ہیں۔ریجنل سطح پر صدر لجنہ اماءاللہ کے انتخابات کے ساتھ ہی یہ اجتماعات ملکی سطح کے ساتھ علاقائی سطح پر بھی منعقد کئے جانے لگے۔ امریکہ بھر میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے آج چار اہم علاقائی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں جن میں East Coast، West Coast، Midwest اورSouthریجن کے اجتماعات شامل ہیں۔ پہلا نیشنل اجتماع کہ جس میں لجنہ و ناصرات کی حاضری بہت محدودتھی یہ تعداد بڑھ کر اب صرف علاقائی اجتماع میں تقریباً تین ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ نیز یہ اجتماعات اپنے انعقاد کے لحاظ سے بھی دن بدن ترقی کی منازل طے کرتے جارہے ہیں۔ 90ء کی دہائی کے اوائل میں یہ اجتماعات، لجنہ اور ناصرات کےلئےمختلف اجتماعی سرگرمیوں نیز ورکشاپس کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی سی حیثیت اختیارچکے تھے۔ ہر سال ان اجتماعات کے لئے ایک موضوع کا انتخاب کیا جاتا رہا جس کی بنیاد پر سال بھر لجنہ اور ناصرات مختلف روحانی بیداری کی سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہیں۔ ہائی اسکول اور کالج کی طالبات کے لیے خصوصی ورکشاپس اور دلچسپی کا باعث بننے والی سرگرمیاں منعقد کی جاتی رہیں خصوصی طور پران سماجی مسائل پرجن کا انہیں روزانہ کی بنیاد پر سامنا کرنا پڑتاتھا۔ 2001ء کاسالانہ اجتماع بھی اپنی حیثیت میں ایک تاریخی اجتماع تھا، چونکہ اس سال 9/11 کا سانحہ ہوا تھا اور جلسہ کا موضوع بھی “جہاد” رکھاگیا جوکہ اپنی اہمیت کے ساتھ صحیح اسلامی تشریح کا بھی محتاج تھا۔ ان اجتماعات کے ذریعہ لجنہ اور ناصرات کو ایک دوسرے سے سیکھنے اورریجنل سطح پر قرآن پاک کے حفظ سمیت مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کا بہترین موقع میسر آتا رہاہے۔ اللہ کے فضل سے صرف گزشتہ آٹھ سالوں میں ہی لجنہ اماءاللہ امریکہ نے 60 سے زائد ریجنل اجتماعات برائے لجنہ اور ناصرات منعقد کرنے کی سعادت حاصل کی اور مقامی مجالس کی بھی ایک کثیر تعداد نےمختلف مقابلہ جات مثلاً تلاوت قرآن کریم، سوالات، نظم و تقاریر پر مشتمل اپنے اپنے مقامی اجتماعات منعقد کئے۔ تاحال لجنہ اماءاللہ کے نظام کے تحت 15 ریجنز اور 62 مجالس کا قیام عمل میں آچکا ہے۔مقامی سطح پر اجتماعات کے انعقاد کے بعد ریجنل سطح پر ان اجتماعات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔ان گزشتہ اجتماعات کا انعقاد جن موضوعات کے ساتھ کیا جا چکا ہے ان میں سے چند ایک درج ذیل ہیں۔ہمارا زندہ خدا، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامو، ایک مسلمان دوسرے مسلمان کاآئینہ، تبطل الی اللّٰہ، سچائی زندہ رہتی اور جھوٹ مردہ ہے، کیا اللہ اپنے بندے کے لئے کافی نہیں، آؤ نماز کی طرف آؤ کامیابی کی طرف نیز میں ایک احمدی ہوں وغیرہ۔ علاقائی لحاظ سے ان اجتماعات کی تاریخ ذیل میں درج ہے۔

سنٹرل شمالی علاقہ (Central North Region)

اس ریجن کاشمار جماعتی حوالے سے اولین ریجنز میں ہوتا ہے، کیونکہ یہ میری لینڈ (MaryLand) میں جماعت کے ہیڈکوارٹر مسجدبیت الرحمان کا احاطہ کرتا ہے۔ اسے سنٹرل ریجن کہا جاتا تھا اوریہ ریاست ورجینیا (Virginia)، میری لینڈ (Maryland)، واشنگٹن ڈی سی (Washington DC) اور کچھ دوسرے علاقوں کا احاطہ کرتا تھا۔ اپریل 2016ء میں اس ریجن کومجلس لجنہ اماءاللہ کے لحاظ سے دوریجنز میں تقسیم کیا گیا: Central North اور Central South۔ آج یہ وسطی شمالی ریجن مزیدتین مجالس پر مشتمل ہے: میری لینڈ، یارک/ہیرسبرگ اور بالٹیمور۔ یارک/ہیرسبرگ (York/Harrisburg) کی مجلس نے 1983ء میں اپنے اجتماعات کا انعقاد شروع کیا جبکہ میری لینڈ مجلس 1994ء سے میری لینڈ کی مسجد بیت الرحمٰن میں سالانہ مقامی اجتماعات منعقد کر رہی ہے۔ بالٹی مور مجلس (Baltimore) نے 1999ء – 2000ء میں اپنے اجتماعات کا باقاعدہ اہتمام کرنا شروع کیا اور چند ممبرات پر مشتمل یہ ایک چھوٹی مجلس اب اللہ کے فضل سےایک بڑی مجلس میں تبدیل ہو گئی ہے۔

وسطی جنوبی
(Central South Region)

اپریل 2016ء میں شمالی ورجینیا (North Virginia)، جنوبی ورجینیا (South Virginia) اور رچمنڈ (Richmond) مجالس پر مشتمل اس ریجن کا قیام عمل میں آیا۔ 1992ء تک واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ اور ورجینیا کے علاقوں کی لجنہ کے ارکان پر مشتمل تھی۔ 1993ء لجنہ کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی مجلس واشنگٹن ڈی سی تقسیم ہو گئی اور ورجینیا کی لجنہ نے ایک علیحدہ مجلس کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا۔ مجلس ورجینیا کا پہلا اجتماع 1997ء میں ایک کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوا اور اس کے بعد سے 2004ء تک ہر سال اس کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ بعد ازاں ورجینیا مجلس مزید دو مجالس میں تقسیم ہو گئی۔ مزید برآں 2008ء میں شمالی ورجینیا مجلس کو مزید شمالی اور وسطی حصوں میں مجلس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ سنٹرل ورجینیا کی لجنہ نے ایک علیحدہ مجلس کے طور پر اپنے اجتماعات کا انعقاد شروع کیا اور سال 2008ء میں اس مجلس نے اپنا خصوصی اجتماع برائے لجنہ و ناصرات بعنوان خلافت صد جوبلی منایا۔ یہ اجتماع ایک کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہوا جس کی صدارت صاحبزادی امۃ الرشید بیگم صاحبہ (نواسی حضرت مسیح موعودؑ نیز صاحبزادی حضرت مصلح موعودؓ) اور ریجنل صدر محترمہ امۃ الحیٴ صاحبہ نے کی۔ سال 2013ء میں ورجینیا میں مسجد مبارک کی تعمیر کے ساتھ ہی لجنہ نے اس خوبصورت مسجد میں اپنے اجتماعات کا انعقاد شروع کردیا۔ ورجینیا لجنہ شروع سے ہی وہ ان اجتماعات میں نیشنل عہدیداران نیز دیگر مجالس کی لجنہ و ناصرات کو مدعو کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران اجتماع میں حاضری 100 سے بڑھ کر 200 تک پہنچ گئی تاہم کورونا وباءکی وجہ سے یہ مجلس 2020ء تا 2022ء اجتماع کا انعقاد نہ کر پائی۔

مجلس جنوبی ورجینیا (South Virginia) نے 2004ء میں علیحدہ مجلس کے طور پر کام کا آغاز کیااور اپنا پہلا اجتماع 2005ء میں ایک مقامی سکول میں منعقد کیا جس میں مقامی نمائندگی کے علاوہ ریجنل و نیشنل ممبرات نے بھی شرکت کی جس کے بعد ان اجتماعات کا سلسلہ ہر سال جاری رہا۔ اس ریجن میں مسجد مسرور کی تعمیر کے بعد (جس کا افتتاح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کیا) 2018ء سے لجنہ و ناصرات اپنا علیحدہ علیحدہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق پا رہی ہے۔

ریجن شمال مشرق (NorthEast)

یہ ریجن کل چار مجالس، بروکلین (Brooklyn)، برونکس (Bronx)، لانگ آئی لینڈ (Long Island) اور کوئینز (Queens) پر مشتمل ہے۔ یہ مجالس اپنے مقامی اجتماعات بھی منعقد کرتی ہیں اور کئی سالوں سے مختلف موضوعات پر ریجنل اجتماعات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ اجتماع کے دوران مختلف مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے مثلاً تلاوت قرآن کریم، اردو اور انگریزی تقاریر، نظم، بیت بازی، مضمون نویسی، مینا بازار، کھیلوں کے مقابلہ جات وغیرہ۔ ان اجتماعات میں اوسط لجنہ اور ناصرات حاضری 250 سے 360 تک ہوتی ہے۔

ریجن شمال مغرب
(North West Region)

یہ ریجن بھی چار مجالس یعنی بے پوائنٹ (Baypoint)، سیکرامنٹو (Sacramento)، مرسڈ (Merced) اور سیلیکون ویلی (Silicon Valley) پر مشتمل ہے۔یہاں پہلا اجتماع 1987ء میں تقریباً 53لجنہ وناصرات کی شمولیت کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ 2003ء میں، سان فرانسسکو جماعت کو مزید تین مجالس میں تقسیم کیا گیا جسے بے پوائنٹ کا نام دیاگیا۔ Sacramento مجلس 2003ء میں قائم ہوئی اور اس نے اپنا پہلا اجتماع 2004ء میں دس لجنہ اور پانچ ناصرات کے ساتھ منعقد کیا۔ سلیکون ویلی مجلس (پہلے سان ہوزے کے نام سے جانی جاتی تھی اسے 1987ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے دورہ کے دوران تشکیل دیا گیا تھا) ان کا پہلا مقامی اجتماع 1990ء میں ہوا جس میں تقریباً 20ممبرات نے شرکت کی۔

پیسیفک نارتھ ویسٹ
(Pacific NorthWest)

دو مجالس پورٹ لینڈ (Portland) اور سیئٹل (Seattle) پر مشتمل یہ ریجن 2017ء میں تشکیل دیا گیا۔ اس ریجن کی تشکیل کے بعد سے اللہ کے فضل سے ریجن نے ہمارا زندہ خدا، اللہ کے بندے اور خلافت جیسےاہم موضوعات پر تین علاقائی اجتماعات منعقد کیے ہیں۔ سیئٹل میں اگرچہ لجنہ اماءاللہ کی تنظیمی سرگرمیاں 1970ء کی دہائی کے وسط میں شروع ہوچکی تھیں، تاہم 1990ء کی دہائی تک یہاں مقامی اجتماع کی کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہےتاہم اس کےبعد70سے80 فیصد مقامی ممبرات کی حاضری کے ساتھ یہاں اجتماع کا انعقاد کیا جارہاہے۔ اسی طرح پورٹ لینڈ مجلس نے 1989ء کے قریب اپنے مقامی اجتماعات کا انعقاد شروع کیا اور تب سے یہ سلسلہ جاری ہے۔

جنوبی مڈویسٹ (South Midwest)

یہ ریجن پانچ مجالس پر مشتمل ہے۔سینٹ لوئس (Saint Louis)، کنساس (Kansas)، تسلا (Tusla)، کینٹکی (Kentucky) اور TN/الاباما (TN/Albama)۔ سینٹ لوئس شاید اس ریجن کی سب سے پہلی مجلس ہے کیونکہ 1950ء میں احمدی لجنہ مختلف جماعتی سرگرمیوں کے لئے ایک دوسرے کے گھر جمع ہوتی تھیں۔ 90 کی دہائی کے اواخر یا بیسویں صدی کے اوائل میں ’’مجلس جنوبی وسط‘‘ مغربی علاقے کا حصہ بن گئی اور تب سے یہ ایک فعال مجلس ہے جس نے متعدد علاقائی اجتماعات کی میزبانی کی ہے۔ کنساس مجلس 1999ء میں 5 اراکین کے ساتھ قائم ہوئی تھی اب اس کی ممبرات کی تعداد32 اراکین تک پہنچ گئی ہے۔ اللہ کے فضل سے یہ ریجن خود 2010ء سے دیگر ریجنزکے ساتھ مل کر اجتماعات کا اہتمام کرتا آرہا ہے۔

جنوب مشرقی (Southeast)

یہ ریجن پانچ مجالس پر مشتمل ہے۔ شارلٹ(charlotte)، ریسرچ ٹرائینگل (Research Triangle)، جارجیا (Georgia)، میامی (Miami) اور اورلینڈو (Orlando)۔ 2010ءسےیہاں 31 مجالس پر مشتمل 5 ریجنزکا اجتماع ہر سال باقاعدگی کے ساتھ میری لینڈ کی بیت الرحمٰن مسجد میں منعقد ہوتا آرہا ہے جن میں Southeast ریجن کی 5 مجالس بھی شامل ہیں۔ ریجنل صدرصاحبہ لجنہ Northeast اور ریجنل صدر صاحبہSoutheast کو یہ اعزاز حاصل رہاہے کہ وہ ہر سال نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ کے پروگرام کی منصوبہ بندی کرتی ہیں۔

Upstate Northeast

یہ ریجن چار مجالس Hartford, Boston, Fitchburg نیز Albany پر مشتمل ہے۔البانی اس ریجن کی اولین مجالس میں سے ہے اور اسے 1995ء – 1996ءمیں قائم کیا گیا تھا۔ البانی میں پہلا مجلس کی سطح پر اجتماع 1996ء میں ہوا تھا۔ 2000ء میں پہلی مرتبہ جبکہ اس کے بعد یہاں اجتماعات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہا۔

اپر ویسٹ مڈویسٹ (Upper West Midwest)

یہ تین مجالس پر مشتمل ہے: ملواکی (Milwaukee)، مینیسوٹا (Minnesota) اور اوشکوش (Oshkosh)۔ اپریل 2017ء اس ریجن کا قیام عمل میں آیا۔ 2017ء میں ’’بیت الجامع‘‘ شکاگو IL میں اجتماع منعقد ہوا۔ 2018ء میں مسجد محمود، ڈیٹرائٹ MI جس دوران لجنہ نے ایک بس کرایہ پر لی اور تقریباً 50 لجنہ کے ساتھ وہاں پہنچیں۔ 2019ء میں دوبارہ بیت الجامع شکاگو IL میں اجتماع کا انعقاد ہوا۔ تاہم کورونا وباء کی وجہ سے 2020ءسے تاحال اجتماع منعقد نہیں کیا جاسکا۔

جنوبی ریجن (South)

یہ پانچ مجالس فورٹ ورتھ (Fort Worth)، ہیوسٹن (Houston)، ڈلاس (Dallas)، آسٹن (Austin) اور نیو اورلینز (New Orleans) پر مشتمل ریجن ہے۔ ڈلاس مجلس کی لجنہ نے 1994ء میں اپنا پہلا مقامی اجتماع منعقد کیا۔ 2019ء میں اس مجلس کو اپنا 25واں مقامی اجتماع منعقد کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

جنوب مغرب (SouthWest)

یہ ریجن ایل اے ایسٹ(LA East)، ایل اے ویسٹ (LA West)، سان ڈیاگو (San Diego)، فینکس (ایریزونا)(Phoenix)، ٹکسن (ایریزونا) (Tucson) اور لاس ویگاس (نیواڈا) (Las Vegas) پر مشتمل ہے۔ اس ریجن کی مجالس کے اجتماعات کے انعقاد کی ایک طویل تاریخ ہے۔ سال میں ایک بار یہ علاقہ قرب وجوار کے ریجنز کے ساتھ مل کرریجنل اجتماع منعقد کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پچھلےچار پانچ سالوں میں ویسٹ کوسٹ کے اجتماع میں اوسطاً 350 سے400ممبرات (لجنہ وناصرات) شرکت کرتی آرہی ہیں۔

کورونا وباء کے باعث لجنہ اماءاللہ امریکہ پچھلے سالوں کی طرح اجتماعات کاباقاعدہ انعقاد نہ کر سکی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے حالیہ تاریخی اور بابرکت دورہٴ امریکہ نے لجنہ اماءاللہ کو پھر سے ایک جوش و ولولہ بخشا ہے اورلجنہ اماء اللہ امریکہ کورونا وباء کی احتیاط کو مدنظر رکھتے ہوئے صد سالہ جوبلی کے جشن کو منانے کے ساتھ ساتھ مکمل طور پر تمام سرگرمیاں مع اجتماعات دوبارہ سےشروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ لجنہ اماء اللہ امریکہ اس تنظیم کے آغاز کے بنیادی مقاصد بیان فرمودہ حضرت مصلح موعودؓ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اوراللہ کرے کہ لجنہ اماء اللہ امریکہ ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام توقعات پر پورا اترے۔ آمین

(دیا طاہرہ بکر۔ صدر لجنہ، مبرور جٹالہ، مبارکہ شاہ امریکہ باتعاون لجنہ سیکشن لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی