• 20 مئی, 2024

حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کے ساتھ غانا کی مجلس لجنہ اماء اللہ کی نیشنل عاملہ کی Virtual ملاقات

تاریخ: 24 جنوری 2021ء بروز ہفتہ
بوقت: دوپہر 11 بج کر 50 منٹ پر
دورانیہ: 60منٹ
بمقام: وہاب آدم سٹوڈیوز، بستان احمد غانا

اللہ تعالیٰ کے فضل سےمؤرخہ24؍ جنوری 2021ء کو مغربی افریقہ کے ملک غانا کی مجلس لجنہ اماء اللہ کی نیشنل عاملہ کو اپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسےایک مواصلاتی ملاقات کی سعادت ایم ٹی اے کے وہاب آدم سٹوڈیو بمقام بستان احمدنصیب ہوئی۔

لجنہ اماء اللہ گھاناکو یہ سعادت ملی کہ تینوں ذیلی تنظیموں میں سب سے پہلے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مواصلاتی ملاقات کریں۔

لجنہ اماء اللہ گھانا کی ملکی عاملہ بُستانِ احمداَکرا کے وہاب آدم سٹوڈیو میں اکٹھی ہوئیں۔ ایم ٹی اے گھانا کی ٹیم نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ویڈیو لنک قائم کیا۔ تعداد عاملہ ممبرات 41 تھی۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔

اس موقع پرکورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ہدایات کو مدنظر رکھا گیا۔

گو کہ یہ ایک Virtual ملاقات تھی تاہم تمام ممبرات نے ایسا ہی محسوس کیا جیسے حضور انور کی صحبت ِ مبارک براہِ راست میسر ہے۔الحمد للہ

افتتاحی دُعا کے بعد تمام عاملہ ممبران نے یکے بعد دیگرے کھڑے ہوکر اپنا تعارف کروایا ، حضور انور کے ارشاد پر اپنی مختصر رپورٹ پیش کی اور اپنے شعبہ سے متعلق حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے زریں ہدایات لیں۔ محاسبہ مال ایک ہفتہ قبل ہی نیشنل عاملہ میں شامل ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل کبھی حضرت امیر المؤمنین سے نہیں ملیں چنانچہ یہ ملاقات ایسی ہی تھی گویاحضور بذاتِ خود موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بہت ہی خوش قسمت ہیں کہ حضورانورسے ملاقات کا موقع ملا، بات کرنے کا موقع ملا اور یہ کہ دیگرممبرات کو بھی بات چیت کا موقع ملا۔انہوں نے اس بات پر بھی اظہارِ تشکر کیا کہ ابھی حال ہی میں انہیں عاملہ میں شامل ہوکر خدمت کا موقع ملا اور اتنی جلد حضرت امیر المؤمنین سے ملاقات کاسبب بن گیا۔یہ ان کی خوش قسمتی ہے۔

سیکرٹری صاحبہ تحریک ِجدید و وقفِ جدید نے بھی یہ کہا ایسا محسوس ہورہا تھا گو یا پیارے حضور سے رُو برُو ملاقات ہو رہی ہو۔یہ ان کی زندگی میں حضرت امیر المؤمنین سے روبرو ملاقات کا پہلا موقع تھا۔وہ بھی شکرگزار اور ممنون تھیں۔

اعزازی طور پر کماسی، سیفوی، اوبواسی اور سیچرے زونز کی انچارج صاحبہ نے بتایا کہ وہ بیس سال سے عاملہ میں مختلف خدمات بجالانے کی توفیق پا رہی ہیں اور چند مرتبہ پیارے حضور سے شرفِ ملاقات بھی پایا الحمدللہ علی ذالک اور تاہم یہ ایک Virtual ملاقات تھی پھر بھی ایسا ہی لگ رہا تھا کہ یہ روبرو ملاقات ہو۔ان کی خوشی کے جذبات ظاہروباہر تھے۔

دورانِ ملاقات تمام ممبرات نے اپنااپنا تعارف کروایا اور یہ بتایاکہ ان کے پاس کون کون سے شعبہ جات ہیں۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بعض امور کے متعلق استفسار بھی فرمایا اور ممبرات کو ان کے شعبہ جات کے متعلق ہدایات سے نوازاکہ کن امور میں توجہ کی ضرورت ہے اور کن امور میں بہتری کی ضرورت ہے۔

جنرل سیکرٹری صاحبہ نےعرض کیاکہ الحمد للہ27 میں سے 23 سے 26 زونز باقاعدگی سے رپورٹ بھیجتے ہیں۔قبل ازیں سال 2018-19 میں 12 سے 15 زونز رپورٹ بھیجتے تھے۔ تمام عاملہ ممبرات ماہانہ اور سالانہ رپورٹس جمع کرواتی ہیں۔الحمدللہ

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مزید استفسار فرمایا کہ ان زونز میں سےکتنی مجالس باقاعدگی سے رپورٹس بھیجتی ہیں۔حضور نے فرمایا کہ انہیں لجنہ گھانا سے بہت امیدیںوابستہ ہیں۔جس پر جنرل سیکرٹری نے نئے عزم کے ساتھ ارادہ کیا کہ تمام عاملہ ممبرات کی مدد سے وہ غیر فعال مجالس سے بھی رابطہ کریں گی اور جلد سے جلد حضور انور کی خدمت میں رپورٹ پیش کریں گی۔ان شاء اللہ۔

سیکرٹری صاحبہ تبلیغ نے بتایا کہ حضور کو گھانا سے بہت امیدیں ہیں۔یہ بات انہیں تبلیغ کے میدان میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دنیا بھر کی جماعتوں کا کام دیکھنا ہوتا ہے۔ اس کے باوجود دورانِ ملاقات آپ جس طرح گہرائی میں جاکر ہرشعبہ کے کام اور تجنید اور گھانا کے لوگوں کے رہن سہن کے متعلق ارشادات فرما رہے تھے وہ خارق عادت ہے۔

نائب سیکرٹری صاحبہ ناصرات نے بتایا کہ جب پیارے حضور نے سیکرٹری ناصرات سے ناصرات کی تجنید کے متعلق استفسار فرمایا تو ان کے جواب میں حضور نے فرمایا کہ زیادہ ہونی چاہیے۔وہ کہتی ہیں کہ گو کہ میں بھی زیادہ خوش تھی کہ مجھے بھی پیارے حضور سے روبرو بات کرنے کی سعادت ملے گی مگر فکر بھی لاحق ہوئی کہ جب ان سے ان کے شعبہ کے متعلق استفسار کیا جائے گا تو شاید وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔

نائب سیکرٹری تجنید چار ماہ قبل عاملہ کی ممبر بنیں۔ ان کا بھی یہی کہنا کہ انہیں اس بات کی انتہائی خوشی تھی کہ انہیں زندگی میں پہلی مرتبہ پیارے حضور سے ملاقات کا شرف مل رہا ہےمگر جس طرح پیارے حضور گہرائی میں جاکر استفسارات فرمارہے تھے اس پر وہ فکرمند بھی تھیں۔

نیشنل صدرصاحبہ لجنہ کا بھی یہی کہنا ہےکہ وہ محسوس کر رہی تھیں کہ بہت سعادت کی گھڑی ہے مگر فکربھی لاحق تھی۔

حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے انتہائی شفقت و محبت سے باہم باتیں کیں۔مثلاًملاقات کے آخر پر پیارے حضور نے سیکرٹری ضیافت سے استفسار فرمایا کہ ملاقات کے بعد لجنہ کے کھانے کا انہوں نے کیا انتظام کیا ہوا ہے۔ اس بات کی بہت خوشی ہوئی جب حضور نے اپنے گھانا کے من پسندکھانوں کا ذکر فرمایا۔پیارےحضورنے ازراہِ شفقت معاونہ صدردوم سے جو شعبہ خدمتِ خلق کی انچارج ہیں سے استفسار فرمایا کہ گھانا کی لجنہ کے لئے کیا رفاحی کام کیے جارہے ہیں؟

الحمدللہ کہ یہ ملاقات روحانیت سے بھرپور،بیدار کرنے والی اور بہت بابرکت تھی۔سابقہ صدرلجنہ جنہوں نے 25 سال عاملہ میں خدمات بجالائی ہیں اور اب بھی اعزازی ممبر ہیں نے کہا کہ پیارے حضور کے دیدار نے ان کے اسلام احمدیت کے شعلۂ ایمان کوپھربھڑکا دیا ہے۔

عاملہ ممبرات کے لئے ایک سوال نامہ تیار کیا گیا ۔ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری ناصرات نے لکھا کہ انہوں نے محسوس کیا وہ روحانی طور پر بیدارہوگئی ہیں۔ایک اور ممبر نے لکھا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ وہ بہت خاص ہیں اور سعادت مند ہیں۔

سیکرٹری صاحبہ تبلیغ کہتی ہیں کہ وہ حضرت امیر المؤمنین سے کبھی نہیں ملی تھیں۔اور یہ ان کا خواب تھا کہ ایک نہ ایک دن حضورِ انور سے ملیں گی۔تو یہ ان کی سعادت ہے کہ ایک سال عاملہ میں خدمت کے بعدیہ خواب بھی پورا ہوگیا۔انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ یہ Virtual ملاقات بہت ہی بابرکت ثابت ہوئی۔

سیکرٹری صاحبہ نومبائعات نےلکھ کر تجویز دی کہ گوکہ پیارے حضورکی بہت مصروفیات ہیں مگر ایسی بابرکت ملاقات رہی کہ وہ چاہتی ہیں اور دعا گو ہیں کہ دیگر بہنوں کو بھی یہ موقع ملے۔ان شاء اللہ ۔دیگر عاملہ ممبرات نے بھی ایسی ہی خواہش کا اظہار کیا۔

ایک عاملہ ممبر نے لکھا کہ حضور سے ملاقات کے بعدوہ چاہتی ہیں کہ ہمیں تمام تر کوشش کرنی چاہیے کہ لجنہ کو ترغیب دلائیں کہ عاملہ کی ذمہ داریوں کو سمجھیںاور ایک ٹیم ہوکر حضرت امیر المؤمنین کی امیدوں کو جو آپ کو لجنہ گھانا سے ہیں جلد از جلد پورا کرنے کی کوشش کریں۔

اس سوال کے جواب میں کہ آج کی ملاقات میںکس بات نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔تقریباً تمام عاملہ ممبرات نے لکھا کہ سب سے متاثرکن حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ بنصرہ العزیزکا یہ فرمانِ نصیحت اورامیدتھی کہ تمام ممبرات روزانہ پنج وقت نماز ادا کرنے والی ہوں،مثالی مسلمات ہوں، بچوں کی اچھی پرورش کرنے والی ہوں تا وہ نیک بنیں۔ اللہ لجنہ گھانا کو دنیا کی بہترین لجنات میں سے بنائے اور اگر ہم ان باتوں پر عمل کرلیں تو اللہ انسانیت پر رحم فرمائے اور ہماری مخلصانہ دعاؤں کو امنِ عالم کے لئے قبول فرمائے۔

الحمدللہ حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے لجنہ اماء اللہ گھانا کی Virtual ملاقات انتہائی بابرکت رہی،روحانی بیداری کاموجب بنی اورانتہائی مشفقانہ تھی۔اس ملاقات نے سبھی عاملہ ممبرات کے اس جذبے کو ابھارا کہ مزید محنت کرنی ہے۔ اور تمام عاملہ کی دعا ہے کہ دیگر بہنوں کو بھی یہ سعادت ملے۔ ان شاء اللہ

آخر پر مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا مجلس عاملہ کی طرف سے اس عزّت افزائی پر شکریہ اداکیا۔اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سب کو السلام علیکم و رحمۃ اللہ کہا اور یہ میٹنگ اپنے اختتام کو پہنچی۔

(رپورٹ مرتبہ: فہیم احمد خادم، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (گھانا))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 فروری 2021