• 28 اپریل, 2024

نماز اور تلاوت قرآن کامیابی کی کنجی ہے

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے حالیہ دورہٴ امریکہ 2022ء میں واقفین نو کی کلاس میں ایک واقف نو نے سوال کیا کہ حضور! ميرا نام نعمان احمد فريد ہے اور ميں منسوٹا جماعت سے ہوں۔ميرے خطوط کے کئي جوابات ميں جو حضور انورسے مو صول ہوئے ہيں ان ميں حضور نے تلقين فرمائي ہے کہ نماز اور تلاوتِ قرآن کريم ميں باقاعدگي کاميابي کي کنجي ہےتو پھر ايلان مسک جو ٹسلا کے باني ہيں اور جف بيزاس جو ايمزن کے باني ہيں جو نماز ادا نہيں کرتے اور نہ ہي اللہ کا ذکر کرتے ہيں تو وہ پھر اتنے کامياب اور امير کيوں ہيں؟

حضور انور ايدہ اللہ بنصرہ العزيز نے فرمايا: آپ کو معلوم ہے کہ آپ کي زندگي کا کيا مقصد ہے؟

واقف نو نے عرض کيا کہ اللہ تعاليٰ کي عبادت کرنا۔

حضور انور ايدہ اللہ بنصرہ العزيز نے فرمايا: جي ابھي ميرے پچھلے خطبہ ميں بھي ميں نے يہي بات بيان کي تھي اور دنياوي لوگوں کي زندگيوں کا کيا مقصد ہے؟

واقفِ نو نے جواب ديا:دنياوي مقام حاصل کرنا۔

حضور انور ايدہ اللہ نے فرمايا:جب اللہ تعاليٰ نےحضرت آدمؑ کو پيدا کياتو اس وقت شيطان نے اللہ تعاليٰ کو سجدہ کرنے سے انکار کيا اور حضرت آدمؑ کي اطاعت سے انکار کر ديا۔اس کي کيا وجہ تھي؟اس کي وجہ تکبر اور دنياوي خواہشات تھي اس نے اللہ تعاليٰ کو چيلنج کيا تھا کہ زيادہ تر لوگ ميري پيروي کريں گے اور ميں انہيں سيدھے راستے سے بھٹکاؤں گا۔ اللہ تعاليٰ نے يہ نہيں فرمايا تھا کہ تُو ايسا نہيں کر سکے گابلکہ فرمايا کہ ہاں بعض ايسے متقي لوگ ہوں گےجو ميرے احکامات اور ارشادات پر عمل کرنے والے ہوں گےاور ميرے انبياء پر ايمان لائيں گے۔ اگرچہ ايسے لوگ تعداد ميں کم ہوں گے ليکن وہي لوگ آخر کار کامياب ہوں گے۔آپ کا مقصد دنياوي خواہشات حاصل کرنا نہيں ہے بلکہ آپ کا مقصد اللہ کا پيار حاصل کرنا ہے۔ ايک متقي شخص ہميشہ اللہ کا پيار حاصل کرنے ميں کوشاں رہتا ہے تاکہ آخرت ميں زندگي ملے۔ايک متقي شخص کو آخرت ميں جزا دي جائے گي اور ان دنياوي لوگوں کو ان کا اجر اسي دنيا ميں مل جاتا ہے۔اس لئے آنحضور صلي اللہ عليہ وسلم نے فرمايا کہ ايسے لوگوں کي دائيں آنکھ اندھي ہے۔يعني ايسے لوگوں کي مذہبي علم اور مذہب کي آنکھ اندھي ہے اور ايسے لوگوں کي بائيں آنکھ کام کرتي ہے۔اس کامطلب يہ ہے کہ وہ دنياوي لحاظ سے ترقي پائيں گے۔ اگر آپ کي زندگي کا مقصد محض دنياوي مفاد حاصل کرنے ہيں تو پھر آپ نماز اور اسلام کو چھوڑ کر کوئي بھي کام کر سکتے ہيں جس کا آپ کو دل کرے ليکن اگر آپ کو اس بات پر ايمان ہو کہ موت کے بعد بھي ہماري ايک زندگي ہے جو ايک دائمي زندگي ہےتو پھر آپ کو اس دنيا ميں بھي اور آخرت ميں بھي اللہ کا پيار حاصل ہو گا۔

(روزنامہ الفضل آن لائن 9؍دسمبر 2022ء)

پچھلا پڑھیں

جلسہ قرآن کریم

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 فروری 2023