• 18 مئی, 2024

رپورٹ میراتھن ریس ، جامعۃ المبشرین گھانا

خدا تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا کومؤرخہ 4 فروری 2021ء بروز جمعرات پہلی میراتھن ریس کے انعقاد کی توفیق ملی۔

جامعہ کی موجودہ جگہ ایک پہاڑی پر واقع ہے۔ اس کا رقبہ 35 ایکڑ ہے۔ اس کی جگہ کہیں ہموار ہے اور کہیں اونچی اور نیچی ہے۔ اس کی باؤنڈری پر ایک ٹریک بنایا گیا ہے۔ اس ٹریک پر بھی کہیں اونچائی آتی ہے اور کہیں اچانک کھائی کی طرح نیچے اترنا پڑتا ہے اور کہیں سطح زمین ہموار بھی ہوتی ہے۔

شاملین کو جامعہ ٹریک کے 15 چکر مکمل کرنا تھے جو تقریباً 15 کلومیٹر کا فاصلہ بنتا ہے۔ ریس میں کل 68 طلباء نے حصہ لیا۔ ریس سے قبل جامعہ کی حدود پر واقعہ ٹریک کی وقار عمل کے ذریعے ضروری کانٹ چھانٹ کی گئی اور اسے دوڑنے کے لیے سازگار بنایا گیا۔

ریس کا آغاز دن دو بج کر تیس منٹ پر ہوا ۔ ریس کے آغاز سے قبل مکرم پرنسپل صاحب نے دعا کروائی اور وسل بجائی۔ ریس کو مکمل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت ساڑھے تین گھنٹے مقررتھا۔ ریس کے دوران طلباء کو ٹافیاں، سکنجبین اور پانی مہیا کیا گیا اور اساتذہ کی خدمت میں بھی ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

جامعہ ٹریک پر کل چار مقامات پر طلباء ڈیوڑی پر موجود تھے جو با قاعدگی سے شاملین ریس کے چکر ریکارڈ کر رہے تھے ۔ پانچویں پوسٹ جو ریس کا ابتدائی اور اختتامی پوائنٹ بھی تھا پر اساتذہ ڈیوٹی پر موجود تھے اور ریس کے نتائج مرتب کر رہے تھے۔

سب سے پہلے ریس مکمل کرنے والے گھانا کے طالب علم ظفر اللہ خان جو درجہ اولی کے طالب علم ہیں کا وقت دو گھنٹے بارہ منٹ رہا۔ انکا تعلق شجاعت گروپ سے تھا۔

دوسرے نمبر پر آنے والے گھانین طالب علم کمال دین نے دو گھنٹے پندرہ منٹ میں ریس مکمل کی۔ جبکہ تیسرے نمبر پر ساؤتومے کے طالب علم رہے تھے۔ ان کا وقت دو گھنٹے سترہ منٹ رہا ۔(Dorley Fernandes Nasir)

مجموعی طور پرشجاعت گروپ اول نمبر پر رہا۔

ریس کے کامیا ب انعقاد کے لیے ذیل میں درج شعبہ جات متحرک تھے۔ عمومی نگرانی، فرسٹ ایڈ، ریکارڈ، پانی، وقار عمل، ریفریشمنٹ اور ڈسپلن۔ جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ ڈیوٹی پر موجود تھے اور مذکورہ بالا شعبہ جات کی نگرانی کے فرائض سرا نجام دیتے رہے۔ ریس کے اختتام پر طلبا ء کو ریفریشمنٹ بھی دی گئی۔

اللہ تعالی کے فضل سے یہ ایک کامیاب مقابلہ تھا جس کے ذریعہ طلباء کو بہترین ورزش کا موقعہ میسر آیا۔ الحمدللہ علی ذالک

اللہ تعالیٰ ان اساتذہ اور طلباء کو جزاء خیر دے جنہوں نے اس میراتھن دوڑ کے لئے بے حد محنت کی اور اسے کامیابی سے کروایا۔آمین

(رپورٹ از فہیم احمد خادم نما ئندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 مارچ 2021