• 17 مئی, 2024

افتتاح مسجد سبحان و ریجنل جلسہ سینفرا، آئیوری کوسٹ

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت سینفرا، آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ کو اپنا پہلا ریجنل جلسہ سالانہ مورخہ 13مارچ 2022ء بروز اتوار سینفرا شہر میں واقع نئی تعمیر کردہ احمدیہ مسجد ’’مسجد سبحان‘‘ میں کامیابی کے ساتھ انعقاد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی، فالحمدللّٰہ علی ذلک۔ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے بطور مہمان خصوصی مع مرکزی وفد، نیشنل عاملہ کے ممبران بشمول ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ یہ مرکزی وفد کل 15افراد پر مشتمل تھا۔جلسہ کے کامیاب انعقاد کے لئے ریجنل مشنری صاحب مکرم احتشام الحسن صاحب کی زیر نگرانی کمیٹی جلسہ تشکیل دی گئی اور انھیں انکی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا نیز ضلع سینفرا میں واقع مختلف جماعتوں میں مقامی معلم سلسلہ مکرم سینا کولیبالی صاحب اسی طرح مکرم سِلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے دورہ کر کے احباب جماعت کو جلسہ میں شمولیت کی دعوت دی۔جلسہ کی تیاریوں کا آغاز ایک روز قبل مورخہ 12 مارچ بروز ہفتہ ہی کردیا گیا۔مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ مع مرکزی نمائندگان بروز ہفتہ نماز مغرب تک مقام جلسہ پر پہنچ گئے جہاں پر حاضرین جلسہ نے مہمان کرام کا استقبال کیا۔جس کے بعد نماز مغرب وعشاء جمع کر کے ادا کی گئی۔جس کے بعد طعام اور بعد ازاں ایک مجلس سوال وجواب کا انعقاد کیا گیا جس کے شاملین کی تعداد 300 سے زائد تھی یہ نشست اڑھائی گھنٹے سے زیادہ وقت پر محیط رہی۔

ریجنل جلسہ سینفرا

جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز بروز اتوار 13 مارچ صبح چار بجے باجماعت نماز تہجد سے ہوا، درس اور نماز فجر کے بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے لوکل عاملہ کےممبران کے ساتھ میٹنگ کی۔ جس دوران صدر خدام الاحمدیہ و صدر لجنہ اماءاللہ نے بھی اپنی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کی۔بعد ازاں سات بجے شاملین جلسہ کو ناشتہ پیش کیا گیا۔جس کے بعد مقامی ادارہ برائے عطیہ خون کیجانب سے بھجوائی گئی ٹیم کے لئے کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں کل85 مردوخواتین نے خون کا عطیہ کیا۔ سوا نو بجے تقریب پرچم کشائی ہوئی مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے لوائے احمدیت بلند کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔

افتتاح مسجد سبحان

بعد از پرچم کشائی سینفرا شہر میں واقع جماعتی جگہ پر حال ہی میں تعمیر کردہ مسجد کے افتتاح کی تقریب منعقد کی گئی۔ یہ مسجد 324مربع میٹر جگہ پر تعمیر کی گئی ہے جس کے اندر 500 نمازیو ں کی گنجائش موجود ہے۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد 2018 میں رکھا گیا جس کی تعمیر کے لئے مختلف مبلغین کرام نے وقتا فوقتا سعادت حاصل کی جن میں گزشتہ ریجنل مبلغ سینفرا مکرم شبیر احمد بلوچ صاحب و خاکسار (عبدالنور، مبلغ سلسلہ ساں پیدرو) شامل ہیں۔ مسجد کی تعمیر کے ساتھ ساتھ چار واش رومز بھی تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ لائبریری کی تعمیر بھی مسجد کے ساتھ کی گئی ہے اور مسجد کا مینارہ لائبریری کے اوپر تعمیر کیا گیا ہے۔جبکہ مسجد میں سیلنگ کاکام بھی مکمل کروایا گیا ہے نیز اس مسجد کو ’’مسجد سبحان‘‘ کا نام دیا گیاہے۔ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے اس مسجد کا افتتاح کیا اور اور بعد ازاں اجتماعی دعا کروائی۔

افتتاح مسجد کے پروگرام کے بعد تقریباً ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا ترجمہ فرنچ زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ جلسہ کا انتظام مسجد کے حال کے اندر نیز باہر ٹینت وغیرہ لگا کر کیا گیا۔ نظم کے بعد جلسہ کی اول تقریر مکرم سلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ بواکے نے ’’آخری زمانہ کی علامات‘‘ کے عنوان سے تقریر کی جس کے بعد مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم عبدالرحمان صاحب لوکل معلم صاحب نے ’’خلافت کی برکات‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران کرام نے بھی اپنی تنظیموں کے تعارف کے عناوین سے مختصر تقاریر فرمائیں۔ بعد ازاں جلسہ میں شرکت کرنے والے معزز غیر از جماعت مہمانان کرام نے اظہار خیال پیش کیا۔ اس جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے بعنوان ’’تعمیر مساجد کی غرض و غایت اور تقوی‘‘ کی اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔بعد ازاں نماز ظہر وعصر جمع کرکےادا کی گئیں اور شاملین جلسہ میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سےامسال جلسہ کے شاملین کی کل تعداد 1160 رہی۔ جس میں احمدی احباب کے علاوہ غیراز جماعت احباب نے بھی شرکت کی۔ جلسہ کے انتظامات کے لئے سینفراکی ریجنل عاملہ نے خصوصی تعاون کیا اور سینفرا شہر کے خدام نے غیر معمولی جذبہ و استقلال کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دیں۔شعبہ سیکیورٹی کے کارکنان بھی ہمہ وقت مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی کرتے رہے۔۔ شعبہ تزئین و آرائش کے تحت داخلی وخارجی راستوں کو سجایا گیا نیز لوائے احمدیت کو جانے والے راستے اور اسی طرح مسجد کے افتتاح کی تقریب کے لئے گزرگاہ کو آراستہ کیا گیا۔امسال جلسہ میں کئی ایک مہمان خصوصی نے شرکت کی جس میں سینفرا شہر کے اماموں کے سربراہ،سینفرا شہر کے چیف صاحب، تاجر کمیونیٹی کے سربراہ، باراجی فیملی کے نمائندہ،جولا فیملی کے نمائندہ نیز دیگر کئی ایک مقامی مساجد کے امام بھی جلسہ میں شریک ہوئے اور اظہار خیال بھی کیا جس میں جماعت کی اس مساعی کی تعریف کی اور ساتھ ہی جماعتی مسجد کے تعمیر کے اقدام کو بھی سراہا۔ایم ٹی اےآئیوری کوسٹ نےاس جلسہ کی کاروائی ریکارڈ کرنے کی سعادت پائی۔نیز سوشل میڈیا کے ذریعے بھی جلسہ کی کاروائی سے لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شاملین جلسہ کو جلسہ کی برکات سے فیض اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے نیز اس جلسہ کے دوررس اثرات مرتب ہوں اور سب شاملین کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء کرام کی شاملین جلسہ کے حق میں دعا ؤں کا وارث بنائے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن،آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ