• 11 دسمبر, 2024

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے زیر اہتمام رمضان اور عید کے تحائف کی تقسیم

اللہ تعالیٰ کے فضل اور کرم سے امسال رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو 120 خاندانوں میں ضروریات زندگی تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ الحمدللہ۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ جس علاقہ میں واقع ہے وہاں کے تین محلہ جات کے سرکاری نگرانوں کی مدد سے مستحق افراد کی فہرست بنائی گئی، بعد ازاں ان افراد کو دعوت نامہ بھجوایا گیا۔ تقسیم تحائف کے لئے مورخہ 12 مئی 2021 کو ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ضلعی کمشنر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، ان کے ساتھ ساتھ لوکل کونسلر،ناظم علاقہ، اور ان کی مقامی کابینہ کے تمام افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عربی زبان میں قصیدہ پڑھ کر سنایا۔بعد ازاں پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے مہمانان کا تعارف کروایا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد باقاعدہ طور پر تقسیم تحائف کا آغاز ہوا۔ایک سو بیس(120) خاندانوں میں 1.8 ملین تنزانین شلنگز کا راشن تقسیم ہوا، جس میں 10 کلو مکئی کا آٹا، 2 کلو چاول اور 2 کلو مہاراگےبینزہر خاندان میں تقسیم کئے گئے۔ تقبل اللہ۔ مہمانان نے حاضرین سے مختصراً خطاب بھی کئے۔

ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو مکرم بکری مسولوا صاحب نے جامعہ احمدیہ اور جماعت احمدیہ تنزانیہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا اور میڈیا کے توسط سے دیگر مذاہب اور اداروں کو بھی تلقین کی کہ وہ جماعت احمدیہ کی طرح عوام الناس کی خدمت کے جذبہ میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں تاکہ محبت و یکجہتی کی فضا مزید مضبوط ہو۔

پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ غرباء میں آج جو تحائف تقسیم کئے جا رہے ہیں اس کا مقصد خدمت انسانیت اور حکومت کی تحریک پہ لبیک کہنا ہے جو وقتاً فوقتاً مختلف کمیونٹیز کو اس عمل کی ترغیب کرتی رہتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آج کی تقریب کا مقصد اپنے ہم وطن پڑوسیوں کو رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا بھی ہے۔

مقامی ناظم علاقہ محترم حمیس نڈاواٹا صاحب نے جامعہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کے لئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ بھی اس کارخیرمیں حصہ ڈالنا چاہیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ ناظم علاقہ نے اعتراف کیا کہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ اور جماعت احمدیہ مقامی علاقہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ صف اول میں نظر آتے ہیں اور اپنے ہم وطن پڑوسیوں سے قریبی تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں جامعہ انتظامیہ کی طرف سے مقامی علاقہ کے سرکاری سیکنڈری سکول کی تعمیر و توسیع کے لئے سیمنٹ کے تھیلے بطور تحفہ دئیے گئے۔

تقریب کے اختتام میں مکرم و محترم پرنسپل صاحب جامعہ نے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو کو قرآن کریم (سواحیلی ترجمہ) اور جائے نماز کا تحفہ پیش کیا۔ اس تقریب کی میڈیا کوریج کے لئے مختلف مقامی و ملکی ٹی وی چینلز کے نمائندہ صحافی بھی تشریف لائے۔ جس کے نتیجہ میںاخبار و ٹی وی نیوز چینلز کے ذریعہ وسیع پیمانہ پر جماعت کا تعارف عوام الناس تک پہنچا۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر دے، اور اس کاوش کو اپنی جناب میں قبولیت بخشے۔ آمین۔

(رپورٹ: ڈاکٹر فضل الرحمٰن بشیر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 جون 2021