• 2 مئی, 2024

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کا چھٹا سالانہ کانوکیشن

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کا چھٹا سالانہ کانوکیشن
منعقدہ 26 جون 2022ء

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل واقع منکسم سینٹرل ریجن گھانا جو احمد یہ مرکز سالٹ پانڈ سے (جہاں سے یکم مارچ 1921ء کو حضرت مولانا عبدالرحیم نیرؓ کی کاوشوں سے احمدیت کا طلوع ہوا تھا ) 10 کلومیٹر کے فاصلہ پر ٹاکوراڈی اکرا روڈ پر واقع ہے۔ اس ادارہ کا افتتاح سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی منظوری سے گھانا کے سابق امیر و مشنری انچارج الحاج ڈاکٹر عبد الوہاب بن آدم نے 26 اگست 2012ء کو کیا تھا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مکرم فرید احمد نوید صاحب مربی سلسلہ سابق ٹیچر تفسیر القرآن جامعہ احمدیہ و سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کو جامعہ احمدیہ گھانا کا پہلا پرنسپل مقرر فرمایا جو گزشتہ گیارہ سال سے اس ذمہ داری کو باحسن طور پر سرانجام دے رہے ہیں۔ اللھم زد فزد۔

امسال محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کا چھٹا کانووکیشن مورخہ 26 جون 2022 کو منعقد ہوا۔ امسال جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل سے 7 ممالک کے 32 طلباء شاہد کی ڈگری لیکر فارغ التحصیل ہوئے۔ ان سات ممالک میں گھانا، نائیجیریا، یوگنڈا، گیمبیا، تنزانیہ، ماریشس اور سنٹرل افریقہ کے طلباء شامل ہیں۔ مجموعی طور پر اب تک 20 ممالک کے 126 طلباء جامعہ سےشاہدکی ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔ اورمختلف ممالک کے میدان عمل میں خدمات سلسلہ احمدیہ میں مصروف ہیں۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ علیٰ ذالک۔

اس بابرکت اور پُروقار تقریب کے مہمان خصوصی مولوی نور محمد بن صالح امیر و مشنری انچارج گھانا تھے۔ اسی طرح گھانا براڈکاسٹنگ کارپوریشن (GBC) کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر امین الاحسن بھی بطور خاص مہمان کے طور پر موجود شامل ہوئے۔ دیگر معززین کے علاوہ اس کانووکیشن میں گورنمنٹ آف گھانا کے تین ارکان پارلیمنٹ بھی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ دیگر مدعوین میں نیشنل مجلس عاملہ کے بعض ممبران،چند مرکزی مبلغین، ڈاکٹرز اور سنٹرل ریجن کی سرکردہ شخصیات بھی شامل ہوئیں۔

اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد اردو نظم پیش کی گئی۔ نیشنل عاملہ سیکرٹری برائے امور خارجہ الحاج یوسف قوئینو نے معزز مہمانوں کا تعارف کرایا۔اس موقع پرمکرم امیر صاحب کی فرمائش پر حسب ذیل معزز مہمانوں نے طلبۂ جامعہ انٹرنیشنل سے خطاب کیا اور اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ جن میں

1. پروفیسر امین الاحسن ڈائریکٹر جنرل گھانا براڈکاسٹنگ کارپوریشن۔ 2. عزت مآب سیدو ہارونا ممبر پارلیمنٹ۔

3. عزت مآب ڈاکٹر گاڈفریڈ سیڈو جاسا ممبر پارلیمنٹ۔ 4. اور عزت مآب الحاج الحسن کوبینا گھنسا ممبر پارلیمنٹ شامل تھے۔

اس تقریب کے آخر میں مکرم امیر صاحب گھانا نے فارغ التحصیل طلبائے شاہد میں اسناد تقسیم کیں اور اپنے اختتامی کلمات سے نوازا۔ اختتامی دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس تقریب کا آغاز بارہ بجے شروع ہوا اور تین بجے بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ علیٰ ذالک۔

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔مبلغ سلسلہ گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ