• 26 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ سعیدہ خانم ۔ سسکاٹون کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں :
مورخہ 4ستمبر 2021 ءکا اداریہ ’’کرونا وائرس سے حفاظت اور سادگی اپنانے کی ضرورت‘‘ ماشاءاللہ بہت ہی مفید ہدایات پر مبنی ہے۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء۔ سب سے بڑی بات سمعنا و اطعنا ہے۔ اگر ہم سب ان ہدایات پر عمل کریں تو بہتوں کا بھلا ہو جائے۔ امسال خاکسار کے بڑے بھائی جن دنوں کینسر میں مبتلا تھے اور گھرقریب ہونے کی وجہ سے روزانہ ملاقات بھی ممکن تھی کیونکہ ڈاکٹروں نے انکی زندگی کے بارے میں نا امیدی ظاہر کی ہوئی تھی اس لئے ان سے روزانہ ملنے کو دل بھی بہت چاہتا تھا۔ اکثر فون پر ان سے بات چیت ہوتی، حال احوال پوچھ لیا کرتی۔ ایک روز کہنے لگے۔ تم کروناسے ڈرتی ہو اس لئے ہمارے گھر نہیں آتی؟، خاکسار نے عرض کیا کہ کرو نا سے بھی ڈرتی ہوں مگر سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کرو نا کے بارے میں حضور اقدس ایدہ اللہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی کوشش کر رہی ہوں،اس کے علاوہ حکومت نے بھی گو لاک ڈاون تو نہیں کیا مگر گھروں میں ایک دوسرے سے ملنے سے منع کر رکھا ہے، اس لئے میں حکومت کی بات پر بھی عمل کر رہی ہوں۔ میرے اس جواب سے وہ مطمئن ہو گئے اور کہا کہ تم بہت اچھا کر رہی ہو۔ کچھ عرصہ بعد بھائی جان کے انتقال کے باعث ہمارا بہت سا وقت اداسی میں گزر گیا مگر ہم نے بہت احتیاط کی تا سب لوگ محفوظ رہیں۔ اسی طرح یہاں ایک بچی کی شادی ہوئی اس نے اپنے والدین سے کہا کہ آجکل کرونا پھیلا ہوا ہے آپ میری شادی بالکل سادگی سے کر دیں اور جو پیسہ آپ نے میری شادی کی بڑی دعوتوں کے لئے رکھا ہوا ہے وہ ’’مریم شادی فنڈ‘‘ میں دے دیں۔ چنانچہ اس کے والدین نے چھوٹے پیمانے پر شادی کی دعوت رکھی۔ ہمیں اس بچی کی ایسی سوچ پر بڑا رشک آیا۔ اللہ کرے کہ ہم سب سادگی کو اپنا کر اپنی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر لیں اور دوسروں کے لئے بھی مفید ثابت ہوں۔ آمین

• مکرم مظفر احمد شہزاد لکھتے ہیں :
الفضل آن لائن کا ہر شمارہ معلومات میں اضافہ کرتا ہے۔ جلسہ سالانہ کی تاریخ پر شمارہ انتہائی معیاری تھا۔ اسی طرح روزانہ کے اداریے جس محنت شاقہ، توجہ اور معروضی تربیتی حالات کے عین مطابق ہوتے ہیں وہ سراہنے، اور مبارکباد کے حق دار ہیں اللہ تعالیٰ ہر روز ترقی دیتا چلا جائے۔ آپ کی ادارت میں الفضل کو چار چاند لگ گئے ہیں۔

پچھلا پڑھیں

محترم ڈاکٹرا حتشام الحق صاحب مرحوم

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 ستمبر 2021