بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
مکرم مدیر صاحب الفضل آں لائن لندن
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے کہ آنمحترم بخیریت ہوں گے۔
روزنامہ الفضل لندن کے 17 ستمبر2021ء کے شمارہ میں مولانا دوست محمد شاہد صاحب کے حوالہ سے محترمہ امۃ الباری ناصر صاحبہ کا مضمون نظر سے گزرا۔ وقت کی کمی کے باعث جستہ جستہ نظر ڈالنے کا ارادہ تھا لیکن مولانا صاحب مرحوم کے خطوط اور ساتھ ساتھ کراچی کی تاریخ کا یہ پہلو لفظاً لفظاً پڑھنے پر مجبور کر گیا۔
مولانا موصوف کی خطوط نویسی کا یہ پہلو خاکسار کے لئے بالکل نیا ہے۔ سادہ سلیس، محاوروں کا استعمال، دوسروں کی کاوش کی ستائش کے لئے حضرت مسیح موعودؑ کے الہامی الفاظ کا استعمال ان کی مسیح دوراںؑ، خلافت، احمدیت اور تاریخ سے محبت کا عکاس ہے۔
مولانا صاحب کی حوالہ گردانی اور بہترین یادداشت کا تو خاکسار بھی عینی شاہد ہے کہ لمحہ بھر میں بغیر توقف ان کے حوالہ بتانے پر میں تعجب میں مبتلا ہو گیا۔ اور زمانہ طالبِ علمی کے سبب خیال گزرا کہ شاید صحیح ہو یا نہ ہو لیکن چیک کرنے پر سو فیصد درست حوالہ نکلا۔ اسی سبب حضور انور ایدہ اللہ نے انہیں انسائیکلوپیڈیا کا خطاب بھی عنایت فرمایا تھا۔
اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین
والسلام
خاکسار
ذیشان محمود
مبلغ سلسلہ، روکوپر، سیرالیون