• 4 مئی, 2025

نماز جنازہ حاضر و غائب (مؤرخہ 3؍نومبر 2022ء)

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 3؍نومبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم عمر وقاص صاحب ابن مکرم ظفر اقبال صاحب (لندن)

مرحوم کو چند سال سے کام کے دوران چھت سے گرنے کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف تھی۔ علاج جاری تھا مگر جانبر نہ ہوسکے اور 23؍اکتوبر 2022ء کو 32سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم 2007ء میں یوکے آئے تھے۔ بہت محنتی، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ مکرم قاسم محمود صاحب (نائب ریجنل قائد) کے بھائی اور مکرم بشیر بابر صاحب (کارکن شعبہ ضیافت) کے بھانجے تھے۔

نماز جنازہ غائب

مکرمہ بگاں بی صاحبہ اہلیہ مکرم بدردین صاحب (کوٹلی آزاد کشمیر)

12؍مئی 2022ء کو 95سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ نے میاں کی وفات کے بعد بچوں کی پرورش کی۔ انہیں پڑھایا لکھایا اور اس قابل بنایا کہ معاشرے کے اچھے فرد بن سکیں۔ آپ کی تربیت کا خاص پہلو اپنی اولاد کو جماعت اور خلافت سے وابستہ رکھنا تھا۔ زندگی میں بے شمار مخالفتوں، تنگیوں، تکلیفوں کو دیکھا اور انتہائی غربت میں گزارا کیا۔ مرحومہ نے صدر لجنہ ہیلاں ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے طور پر لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی۔ جماعتی عہدیداران، مرکزی نمائندگان، مربیان اور معلمین کا بہت احترام کرتی تھیں اوراہم امور میں ان سے مشورہ لیتی تھیں۔ نظام جماعت کے لئے بہت غیرت رکھتی تھیں۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ بے انتہا عقیدت کا تعلق تھا۔ آپ کو حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں سات بیٹے اور تین بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی