• 2 مئی, 2024

فرینڈز تھیالوجیکل کالج کسومو کے طلباء اور اساتذہ کی احمدیہ مشن ہاؤس کسومو آمد

فرینڈز تھیالوجیکل کالج کسومو کے طلباء
اور اساتذہ کی احمدیہ مشن ہاؤس کسومو آمد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کینیا میں مذہبی آزادی ہے اور تمام مذاہب اور مکاتیب فکر کے لوگ باہم مل کر پر امن زندگی گزار رہے ہیں صرف یہی نہیں بلکہ سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات مطالعاتی دوروں کے سلسلے میں مساجد، گرجوں، مندروں اور گردواروں میں بھی آتے رہتے ہیں اور تحقیق وسوالات کے ذریعے مختلف مذاہب سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کر کے اپنی علمی تشنگی کا مداوا کرتے ہیں۔ 5؍اکتوبر 2022ء بروز بدھ فرینڈز تھیالوجیکل کالج (جو سینٹ پاؤل یونیورسٹی کسومو سے منسلک ہے) سے 14 افراد پر مشتمل ایک گروپ جس میں کالج کے طلباء و اساتذہ شامل تھے مطالعاتی دورے پر احمدیہ مسلم مشن ہاؤس آیا۔ اس گروپ کو مکرم مولانا فہیم احمد صاحب لکھن انچارج مشن ہذا کی قیادت میں احباب جماعت نے خوش آمدید کہا۔ استقبال اور مہمان نوازی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس کے بعد مہمانوں اور میزبانوں کا باہمی تعارف ہوا بعد ازاں مکرم فہیم احمد لکھن صاحب نے جماعت احمدیہ کا مختصرتعارف اور عقائد بیان کیئے اور مہمانوں کو سوالات کی دعوت دی اور بفضل خدا نہایت ہی پر امن ماحول میں ایک گھنٹے تک سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا۔ زیادہ تر سوالات سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت سے نجات پھرآپ کے سفرِ کشمیر اور سلمان رشدی کی کتاب اور اس سے متعلق جماعت احمدیہ کےردعمل پر تھے جن کے کافی و شافی جوابات دیئے گئے۔ اس کے بعد مہمانانِ کرام بک سٹال پرتشریف لے گئے جہاں رکھی مختلف کتب کا تعارف کرایا گیا یہاں بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب ’’مسیح ہندوستان میں‘‘ مہمانوں کی توجہ کا مرکز رہی۔ کچھ طلباء نے یہ کتاب اور دیگر جماعتی کتب بھی خریدیں۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ عا لمگیر کی متنوع خدمات اور تبلیغی مساعی پر مشتمل ایک وڈیو دکھائی گئی۔ مسجد اور نماز سے متعلق تفصیلات سے آگاہی کے لئے مہمانانِ کرام کو پہلے وضو سے متعلق بتایا گیا پھر سب کو مسجد کے اندر لے جاکر آذان و نماز اور آداب مسجد سے آگاہ کیا گیا۔ جس پر تمام مہمانان نے بہت خوشی کو اظہار کیا اور خاص طور پر وفد کے انچارج ڈاکٹر (Moses) موزِز صاحب نے جماعت کی طرف سے پرجوش خیر مقدم، مہمان نوازی اور علمی معاونت پر مکرم مولانا فہیم احمد صاحب لکھن مبلغ سلسلہ، کسوموریجن اور احبابِ جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اور جماعت کی طرف سے بھی ان کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ مستقبل میں بھی ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی اور اس طرح یہ مختصر مگر دلچسپ پروگرام بفضل للہ تعالیٰ بخیروخوبی اختتام پزیر ہوا۔ الحمد للّٰہ علی ذلک

(رپورٹ: فہیم احمد لکھن۔ مربی سلسلہ کسومو، کینیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی