• 16 اپریل, 2024

خدمت خلق کے میدان میں جماعت احمدیہ بینن کے لئے حکومت کی طرف سے اعزاز

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ دنیا بھر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن ’’مرا مطلوب ومقصود و تمنا خدمت خلق است‘‘کو اپناتے ہوئےباوجود مصائب اور تنگیوں کے خدمت خلق کے میدان میں آگے سے آگے بڑھتی جارہی ہے۔بینن میں جماعت کی اسی شعبہ میں غیر معمولی خدمات کے پیش نظر حکومت بینن کی طرف سے جماعت احمدیہ بینن کومؤرخہ 23نومبر 2019ء کو آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔
اس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ گذشتہ کئی سال سے خدمتِ انسانیت کے جذبہ سے سرشار ہوکر جماعت کی جانب سے پورے ملک میں منعقد کئے جانے والے رفاحی کاموں کو ناصرف عوام بلکہ میڈیا اور حکومتی حلقوں میں بھی سراہا جاتا ہے ۔جماعت کے انہی رفاحی کاموں کی وجہ سے حکومت نے جماعت احمدیہ بینن کو اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ۔

یہ اعزاز حکومت بینن کی جانب سے گزشتہ ایک دہائی سے ملک میں کام کرنے والی تنظیموں میں سے صرف ایسی تنظیموں کو دیا جاتا ہے جن کی طرف سے بینن کی عوام کی غیر معمولی خدمت کی گئی ہو۔چنانچہ امسال مؤرخہ 23نومبر 2019ء کی شام Azalai Hotel Cotonouمیں ایک پروقار تقریب میں جماعت احمدیہ بینن کی غیر معمولی ملکی خدمات کے پیشِ نظربینن کے وفاقی وزیر برائے سیاحت،کلچر اورآرٹ جناب جون مائیکل ابمبولا(Jean Michel ABIMBOLA)کی موجودگی میں صدر آسکر کمیٹی بینن جناب پروفیسر سونانوتولیبا(SOUNANOU Toleba)کے ہاتھوں یہ ایوارڈامیراحمدیہ بینن مکرم رانا فاروق احمد نے وصول کیا۔

تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر برائے سیاحت،کلچر اورآرٹ (مہمان ِخصوصی)نے جماعت احمدیہ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور امیر صاحب بینن کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر امیر صاحب بینن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد کی غرض بیان کرتے ہوئے بتایا کہ آپ ؑنے اپنے پیارے حبیب اور آقا و مطاع محمد مصطفیٰ ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے جہاں انسان کا اس کے خالق سے تعلق مضبوط کرنے کی تلقین کی ،وہیں انسانیت کے حقوق ادا کرنےکی طرف توجہ دلائی ۔ اسی لئے جماعت احمدیہ اپنا مذہبی فریضہ ادا کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کرتی ہے اور اس کیلئے کسی اجر یا شکریہ کی متمنی نہیں ہوتی ۔جماعت احمدیہ کے افراد اپنے اموال میں سے ایک حصہ انسانیت کی خدمت کیلئے ماہوار ادا کرتے ہیں جس سے بینن میں اور اسی طرح پوری دنیا میں خدمت خلق کے کام کئے جاتے ہیں ۔ اس کے بعد آپ نے ملک کی ترقی کیلئے جماعت احمدیہ کی طرف سے مختلف کاموں کومسلسل جاری رکھنے کےعزم کا اظہار کیا ۔

اس پروگرام میں سیاستدانوں ،مختلف NGO’s کے نمائندوں اور مختلف شعبہ جات کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

اس تقریب کی کارروائی کی ملک کے طول و عرض میں بذریعہ ریڈیو، T.Vاور اخبارات کے ذریعہ تشہیر ہوئی۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ بینن کے لئے یہ اعزاز مبارک فرمائے۔آمین

(رپورٹ:مرزا فرحان احمد بیگ)

پچھلا پڑھیں

ترتیب نماز

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16دسمبر 2019