• 27 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ غانا 2020ء

احمدیت کا ایک گلشن قادیان کی بستی سے ہزاروں میل دور افریقہ کے ایک کنارہ میں واقع غانا ہے جہاں آج احمدیت کی بدولت ارض بلال میں محمد مصطفیٰﷺ کے نعرے بلند ہو رہے ہیں اور اسلام کی شان و شوکت کا اقبال و اقتدار پورے عروج پر ہے۔ اسلام کا آفتاب اپنی پوری آب و تاب سے افریقہ میں احمدیت کی بدولت طلوع ہو رہا ہے۔ حال ہی میں اس فتح کی چند جھلکیاں غانا میں دیکھی گئیں۔ 3 سے 5 جنوری 2020ء جماعت احمدیہ غانا نے اپنا 88 واں جلسہ سالانہ باغ احمد میں منعقد کیا۔

اس جلسہ کا ہر لمحہ، ہر شخص اور زمین کا ہر ذرہ حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کی ایک روشن دلیل ہے۔ ان لمحات کو بیان کرنے کی قلم میں سکت نہیں جب 35 ہزار سے زائد سعید روحوں کے سامنے رسول اللہ ﷺ کے نعرےلگتے تو آنکھیں اشکبار ہوتیں اور اس کے بعد محمد مصطفیٰ ﷺ کے غلام صادق اورخلفاء احمدیت کے نعرے لگتے تو فضا کا ہر ذرہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوجاتا کہ ارضِ بلال میں حضرت مسیح موعودؑ کی محبت گاڑنے والا قادر مطلق خدا ہے۔

دیکھو خدا نے ایک جہاں کو جھکا دیا
گمنام پا کے شہراۂ عالم بنا دیا

ان 3 بابرکت دنوں میں تہجد کا احسن انتظام کیا گیا۔ انتہائی محتاط اندازہ کے مطابق ہر روز کم ازکم 4 ہزار مومنین کی جماعت اللہ کے سامنے سجدہ ریز ہوتی۔ رات کی تاریکیوں میں جبکہ اکثر عالم سویا ہوتا تھا، احمدیت کے ماحول کی بدولت ارض بلال ذکر الہٰی سے معطر رہی۔ ہر روز بارگاہ الوہیت میں اسلام اور امت مسلمہ کے لئے دعائیں کی گئیں۔امت مسلمہ کے لئے ابتلاؤں سے نکلنے کے لئے عرش ربانی کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا اور رحمت خداوندی کے نزول کی بھیک مانگی گئی۔

ان تین بابرکت ایام میں تہجد اور نماز فجر کے ساتھ ہی دروس کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جو کہ مبلغین سلسلہ نے بڑی عمدگی سے بیان کئے۔ جس کے بعد احباب جماعت اور دیگر مہمانان کو ناشتہ دیا جاتا اور صبح کے سیشن کی تیاری کا وقت دیا جاتا۔

صبح کا سیشن روزانہ 9 بجے شروع ہوتا۔ تلاوت قرآن پاک اور منظوم کلام حضرت مسیح موعودؑسے سیشن کا آغاز ہوتا۔ جس کے بعد امیر صاحب غانا اور دیگر علماء سلسلہ احباب جماعت سے خطاب کرتے۔تقاریر کے دوران وقفہ وقفہ سے رسول پاک ﷺ، اسلام، احمدیت، خلفاء سلسلہ کے نعرے گونجتے اور ایمان کی ایک نئی لہر احمدیوں کے سینہ میں دوڑتی۔ آقا و متاع ﷺاور حضرت مسیح موعودؑ سے ان عشاق کی محبت عدیم النظیر اور فقید المثال تھی۔

غانا میں اللہ کے فضل اور کرم سے جماعت احمدیہ مقبول خاطر و خواص ہو گئی ہے۔ جلسہ سالانہ میں شرکت کے لئے حکومت غانا کی جانب سے اعلیٰ عہدوں پر فائز حکام نے بھی شرکت کی۔ جن میں سے بعض کا تعارف پیش ہے۔

الحاج محمود بومیا (Alhaj Mahamudu Bawmia) جو کہ اس وقت غانا کہ Vice- President ہیں
ڈرامانی مہامہ (Dramani Mahama) سابقہ صدر مملکت
کوامینہ ڈینکان (Kwamena Duncan)اسنٹرل ریجنل منسٹر
الحاج منکاٹا مبارک (Alhaj Munkata Mubarak)ممبرآف پارلیمنٹ

ان کے علاوہ بھی بےشمار حکومتی سطح کے مہمان جلسہ سالانہ میں تشریف لائے۔ ان حکام جن میں vice-President اور سابقہ صدر مملکت شامل تھے ان کو جماعت کے مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کروایا گیا۔ Humanity First کے اسٹال میں جماعت احمدیہ کی مختلف ممالک میں اہم سرگرمیاں اور پراجیکٹ کی تفصیلات و تصاویر کے banners اور posters نصب تھے۔

اسی طرح Exhibition مارکی میں اسلام کی تاریخ اور احمدیت کے سفر کا مختصر تعارف خوبصورت رنگ میں مختلف صورتوں میں نصب کیا گیا۔ قرآنی آیات، احادیث رسول ﷺ اور حضرت مسیح موعودؑ کی مبارک تحریرات مزین کی گئیں۔ روحانی خزائن کی کتب اور خلفاء احمدیت کی تصنیفات کا بھی ایک سیکشن مقرر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جماعتی کیلنڈر اور کتب کی فروخت کا انتظام کیا گیا۔ Raqeem Press اور AIMS کے بھی اسٹال لگائے گئے جس سے احباب جماعت نے خوب فائدہ اٹھایا۔

حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانان کے کھانے کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔ تینوں دن بروقت احباب کو کھانا دیا گیا جس کو دیکھ کر حضرت مسیح موعودؑ کے زمانہ کے حالات یاد آگئے جب چند لوگوں کا کھانا بھی ایک محال امر تھا مگر آج حضرت مسیح موعودؑ کے دل کی عمیق ترین گہرائیوں سےنکلی ہوئی دعاؤں کوجو کہ عرش الٰہی پر مقبول ہوئیں آج صرف غانا میں 3 وقت دن میں تقریبا ً 35 ہزار لوگوں کو کھانا کھلایا جا رہا ہے۔

جلسہ سالانہ کے مبارک ایام میں 8 ہسپتالوں کے Blood Banks جلسہ گاہ پہنچے اور احمدیوں نے کل 2 ہزار 707 خون کی بوتلیں خدمت انسانیت کے لئے تحفہ میں دیں۔ فالحمد لِلّٰہِ عَلٰی ذَالِک

اللہ کے فضل و کرم سے MTA Africa کے تحت جلسہ سالانہ کی تمام کارروائی YouTube اور Facebook پر Live نشر کی گئی جبکہ Twitter اور Instagram پر بھی باقاعدہ پوسٹس اور تصاور لگائی گئیں۔

امیر صاحب غانا نے جلسہ سالانہ کی اختتامی تقریب میں کل حاضری کا ذکر کرتے ہوا کہا کہ اس سال 35 ہزار 375 احباب جماعت جلسہ سالانہ میں شامل ہوئے۔ الحمدللہ

جلسہ سالانہ کا اختتام اتوار 5 جنوری 2020ء کو تقریباً 3 بجے دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد احباب جماعت اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔

(فراز یاسین ربانی۔غانا)

پچھلا پڑھیں

اوقات سحر و افطار

اگلا پڑھیں

روزنامہ الفضل آن لائن آپ کا اپنا اخبار ہے