• 18 مئی, 2024

Covid19 اپ ڈیٹ 17-اپریل 2020ء

کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 21لاکھ 70ہزاراور ہلاک ہونے والوں کی تعداد1لاکھ46ہزار سے تجاوز کر گئی

            جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21لاکھ 70ہزاراور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1لاکھ46ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔ اسی طرح صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 5لاکھ کے قریب ہوچکی ہے ۔امریکہ ، سپین ، اٹلی ، فرانس اور جرمنی کے بعد برطانیہ چھٹا ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کل جاپان بھر میں ایمر جنسی کا اعلان کر دیا گیا تھا اسی طرح برطانیہ میں تین ہفتوں جبکہ ریاست نیویارک میں لاک ڈاؤن 15 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔

شرح اموات کے لحاظ سے ممالک کی فہرست

دنیا بھر میں Covid-19 سے وفات پانے والوں کی شرح کے لحاظ سے فرق دیکھا جارہا ہے ۔ بیلجئم  میں کنفرم کیسز کے بعد ہلاک ہونے والوں کی شرح 14%برطانیہ میں 13%اٹلی 13%فرانس12%ہالینڈ 11% اور سپین 10% فیصد کے ساتھ سر فہرست ممالک میں شامل ہیں ۔

بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور معیشت کی زبوں حالی

            بی بی سی اردو سروس کے مطابق امریکہ میں مارچ کے وسط سے اب تک 2 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ افراد بیروزگار ہوچکے ہیں۔ اسی طرح بنگلہ دیش میں کپڑے کے کارخانوں میں کام کرنے والے سینکڑوں مزدور کئی دنوں سے سراپا احتجاج ہیں۔ ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے کاروبار بند ہیں اور ایچ اینڈ ایم اور والمارٹ جیسی دنیا کی بڑی بڑی برانڈز کے تین ارب ڈالر مالیت کے آرڈر منسوخ ہو چکے ہیں۔ ملک میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد 1500 سے زیادہ ہے۔

            عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے کوویڈ 19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 1.386 ارب امریکی ڈالر کے قرضے دینے کی منظوری دی ہے۔ یہ منظوری آئی ایم ایف کے ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کے تحت دی گئی ہے۔

چین کے شہر وُوہان میں اموات کی تعداد ذیادہ تھی

چینی حکام نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے نتیجہ میں وُوہان شہر میں ہونے والے اموات پہلے بتائی گئی تعداد سے ذیادہ تھیں ۔ چینی حکام نے تقریباً 1,300مزید اموات کی نشاندہی کی ہے جو پہلے  شمار نہیں کی جاسکیں ۔ اس اضافہ کے بعد چین میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4,600 ہوگئی ہے

معیشت کی بحالی کے لئے صدر ٹرمپ کا اعلان

            صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی ریاستوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری شٹ ڈاؤن کے مرحلہ وار خاتمے کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کردیں۔تین مرحلوں پر مشتمل ان گائیڈ لائنز کا مقصد امریکی معیشت کی بحالی ہے۔

            تجاویز میں تمام ریاستوں کو 14 روز میں کورونا وائرس کے کیسز میں یومیہ بنیادوں پر کمی لانے کے لیے کہا گیا ہے جس کے بعد آہستہ آہستہ کاروبار پر عائد پابندیاں کم کی جائیں گی جنہیں وائرس کے پھیلاؤ کے خوف سے عائد کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کچھ ایک ساتھ نہیں کھول رہے، محتاط انداز میں ایک ایک قدم بڑھائیں گے۔

      (انیس احمد ندیم۔ جاپان)

                                                                        نمائندہ روزنامہ الفضل لندن (آن لائن)

پچھلا پڑھیں

اک اسیر راہ مولا آج رخصت ہو گیا

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ