• 18 مئی, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم حکیم محمد قدرت اللہ محمود چیمہ اعلان بھجواتے ہیں کہ:
نہایت افسوس سے احباب کو یہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ میرے چچا زاد بھائی مکرم و محترم اعجاز چیمہ صاحب ابن مکرم و محترم ڈاکٹر احمد حسن چیمہ صاحب سابق ناظم انصار اللہ ضلع گجرات آ ج مورخہ 8 مئی 2021 بوقت 10بجے دن بقضاء الٰہی وفات پا گئے ہیں انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ آ پ گجرات شہر میں رہتے تھے۔

آپ گزشتہ کئی سال سے گردوں کی خرابی کی وجہ سے بیمار تھے اور ہفتہ میں دو سے تین بار گجرات سے لاہور جا کر ڈائیلیسز کرواتے تھے۔ وفات سے قبل لاہور سے ڈائیلسز کروا کر ہی واپس آئے تھے کہ وفات والے روز طبیعت میں کافی کمزوری محسوس کی اور 10 بجے اپنے خالق حقیقی کے حضور حاضر ہو گئے۔

بلانے والا ھے سب سے پیارا
اسی پہ اے دل تو جاں فدا کر

آ پ کی نماز جنازہ آج مورخہ 8 مئی شام 30-5 بجے احمدیہ قبرستان گجرات میں محترم وقاص احمد گوندل صاحب مربی ضلع گجرات نے پڑھائی اور احمدیہ قبرستان گجرات میں ہی قبر تیار ہونے پر محترم وقاص احمد گوندل صاحب مربی ضلع گجرات نے ہی دعا کروائی۔

آ پ نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑیں ہیں جو جرمنی میں مقیم ہیں اور ان کی وفات کے موقع پر پاکستان نہیں پہنچ سکیں۔

احباب سے درخواست ہے کہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اس پیارے بھائی کے ساتھ عفو اور درگزر فرمائے، مغفرت فرمائے اور اپنے پیار اور رضا کی جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور آ پ کے جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

یاد رہے کہ گیارہ ماہ قبل مرحوم کے سب سے بڑے بھائی محترم برادرم ڈاکٹر نعیم الحسن چیمہ صاحب ڈینٹل سرجن (چیمہ ڈینٹل کلینک گجرات) مورخہ 12جون 2020 کو چند دن بوجہ کرونا وائرس بیمار رہ کر وفات پا گئے تھے۔ وہ بھی احمدیہ قبرستان گجرات میں مدفون ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انکی بھی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ھمارے سب افراد خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ہر آ ن اور ہر لمحہ حامی و ناصر ہو۔

سانحہ ارتحال

مکرم ومحترم خلیل احمد صاحب ہاربرگ جرمنی سے اطلاع دیتے ہیں کہ
مکرم آصف عظیم اظہر صاحب جو کہ خاکسار کے پھوپی زاداورنسبتی بھائی تھے مؤرخہ 28/04/2021 کو بعمر 40سال بقضائے الہٰی جرمنی میں وفات پاگئے ۔انا للہ واناالیہ راجعون۔

مرحوم خداکے فضل سے خوب رو ،نیک سیرت،خوش اخلاق کے مالک ، صوم وصلوۃ کے پاپند اور جماعتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے والے حلقہ ہاربرگ (جرمنی) کے ایک فعال ممبر تھے۔ تمام جماعتی پروگراموں میں بڑے شوق اور دلچسپی کے ساتھ شامل ہوتے ۔ دعوت الی اللہ کے جذبہ سے سرشارتھے ۔محض خدا کے فضل سے آپ کو بیعت کروانے کی بھی توفیق ملی ۔ تبلیغی سٹال لگانے میں باقاعدگی سے حصہ لیتے بلکہ یوں کہنا چاہیئے سٹال کی تمام اشیائ اپنے گھر میں محفوظ رکھتے اور جب بھی پروگرام بنتا اکیلے تمام چیزیں اپنی گاڑی میں رکھ کرشامل ہونے والے دیگر احباب کو ان کے گھروں سے اٹھاتے اور دوردراز علاقوں میں جاکر سٹال لگاتے۔ شام کو واپسی پر دیگر شاملین کو پہلے ان کےگھر اتارتے اور پھر اپنے گھر پہنچ کر سٹال کی تمام اشیائ اکیلے گاڑی سے اتار کر رکھتے ۔آپ کی مالی قربانی مثالی ہوتی ۔ہر مالی تحریک میں شامل ہوتے اور خوش دلی کے ساتھ بڑھ چڑھ کر بروقت ادائیگی کرتے ۔آپ کی نماز جنازہ کےموقع پر مکرم امیر صاحب ہمبرگ نے بتایا کہ ایک مرتبہ فون پر آپ کو ہیومینٹی فرسٹ کے لئے مالی قربانی کی تحریک کی گئی تو اسی وقت امیرصاحب کےگھرپہنچے اور ایک خطیر رقم پیش کی۔ آپ اپنی ان صفات کی وجہ سے اپنے حلقہ میں پسند کئے جاتے تھے۔ آپ گذشتہ تین سال سے Motor neurone disease (MND) کی وجہ سے صاحب فراش تھے ۔ بیماری کا یہ طویل عرصہ بڑی ہمت اور حوصلہ کے ساتھ گزارا۔آپ کی نماز جنازہ مؤرخہ 2مئی 2021 کو بیت الرشید میں بعد نماز ظہر وعصر مکرم شکیل احمد عمر محمود صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی بعد ازاں مؤرخہ 4مئی 2021ئ کو ہاربرگ کے ایک قبرستان میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی آپ اللہ کے فضل سے موصی تھے لیکن موجودہ حالات کی وجہ سے جرمنی میں ہی تدفین عمل میں آئی اور قبر تیار ہونے پر مذکور مربی صاحب نے ہی دعاکروائی ۔احباب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ مولیٰ کریم مرحوم سے مغفرت کاسلوک فرمائے اور جملہ لواحقین کواس گہرے صدمہ پرصبر اورحوصلہ دے ۔آمین

مرحوم مکرم ومحترم مولوی محمد صدیق صاحب ننگلی مبلغ سلسلہ مرحوم کے بھانجے جبکہ مکرم محمود احمد طلحہ صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے کے پھوپی زاد بھائی تھے۔

آپ نے پسماندگان میں والدہ ،اہلیہ دوبچے عمر13،10سال،چاربھائی اور ایک بہن سوگوار چھوڑے ہیں ۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 مئی 2021