• 29 اپریل, 2024

صدقہ سے علاج

کرونا وائرس دنیا بھر میں خطرناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے تمام دنیا اس سے بچنے اور اس کے دور کرنے کی فکر میں ہے۔ مختلف احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی تلقین کی جا رہی ہے کیونکہ علاج سے پرہیز بہتر ہے۔ ہر ممکن احتیاط کرنا نہایت ضروری ہے یہ ایسی وباء ہے جس کا ابھی تک کوئی علاج دریافت نہیں ہو سکا۔ تاہم ایک روحانی علاج ایسا ہے جو ہر مرض پر کارگر ہے اور وہ ہے صدقہ۔

عَنْ عبداللہ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: حَصِّنُوا أَمْوَالَكُمْ بِالزَّكَاةِ، وَدَاوُوا مَرْضَاكُمْ بِالصَّدَقَةَ، وَاعِدُواالْبَلَاءِ بِالدُّعَاءِ

(المعجم الکبیر للطبرانی مسند عبداللہ بن مسعود)

حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اپنے اموال زکوٰۃ کے ذریعہ محفوظ کر لو۔ اور اپنے مریضوں کا صدقہ کے ذریعہ علاج کرو اور بلاؤں کےمقابلہ کے لئے دعاؤں کے ساتھ تیاری رکھو۔

پس آج کل کے حالات میں بکثرت صدقات دینے چاہئیں۔ انفاق فی سبیل اللہ کے علاوہ بھی صدقات کی بہت سے قسمیں ہیں بلکہ ہر نیکی صدقہ بن جاتی ہے۔ حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’كُلُّ مَعْرُوفٍ صَدَقَةٌ‘‘ (مختصر صحیح الامام البخاری) اسی طرح حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’الكَلِمَةُ الطَّيِّبَةُ صَدَقَةٌ‘‘ ( صحیح بخاری کتاب الادب باب طیب الکلام) کہ پاکیزہ بات بھی صدقہ ہے۔ پس آج کے دن اصلاح نفس کے دن بھی ہیں تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کے غضب سے بچ سکیں اور اس کی رحمتوں اور فضلوں کے وارث بن سکیں۔

ان پاکیزہ کلمات میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی کتب بھی آ جاتی ہیں اور خلیفہ وقت کے ارشادات بھی آ جاتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ان ایام میں ہم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا ہر روز مطالعہ کریں۔ آجکل گھروں میں گزارنے کے لئے وافر وقت ہر ایک کے پاس ہے اس وقت کا زیادہ سے زیادہ مفید استعمال ہونا چاہئے اس لئے ان بابرکت کتب کا مطالعہ بہت مفید ہوگا۔ ہمارے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں۔

’’یہ تو بڑی نعمت ہے ان لوگوں کے لئے جن کو اردو پڑھنی آتی ہے کہ تمام کتابیں اردو میں ہیں۔ چند ایک عربی میں بھی ہیں‘‘ (خطبات مسرور جلد دوم صفحہ 401) پس آجکل صدقے کی ہر قسم پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(در مکنون)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 16 جون 2020ء

اگلا پڑھیں

عالمی اپڈیٹ Covid -19