• 7 مئی, 2024

والدہ صادقہ بیگم صاحبہ کا ذکر خیر

• مکرم وسیم احمد ظفر ۔ مبلغ انچارج و نمائندہ الفضل آن لائن برازیل یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں۔
خاکسار کی والدہ مکرمہ صادقہ بیگم اہلیہ الحاج مولوی محمد شریف صاحب مرحوم (سابق اکاونٹنٹ جامعہ احمدیہ ربوہ) موٴرخہ 20 جون 2022ء کو نیویارک، امریکہ میں 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ موٴرخہ 21 جون کو خاکسار نے نماز جنازہ پڑھائی۔ جس میں خاندان کے افراد شامل ہوئے۔ موٴرخہ 24 جون بروز جمعہ بیت الظفر نیویارک میں مولانا محمود احمد کوثر صاحب مربی سلسلہ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں احباب جماعت کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسی دن آپ کی میت مرکز احمدیت لےجائی گئی۔ جہاں موٴرخہ 27 جون کو صبح 11 بجے مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب مفتی سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی اور بہشتی مقبرہ میں تدفین کے بعد دعا کروائی ۔یہاں بھی باوجود سخت گرمی کے بڑی تعداد میں لوگوں نے جنازہ میں شرکت کی۔

آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک مخلص صحابی حضرت میاں فضل محمد ہرسیاں والے کی سب سے چھوٹی بیٹی تھیں ۔ نانا جان نے بیعت کے بعد ایک خواب دیکھی تھی جس میں ان کی عمر 45 سال بتائی گئی تھی۔ آپ نے یہ خواب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو سنائی اور اپنی پریشانی کا اظہار کیا کہ بیعت کے بعد جماعت کی ترقیات دیکھنی تھیں۔ اس پر حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ اس بات پر قادر ہے کہ دوگنا کر دے۔ چنانچہ اس دعا کی برکت سے نانا جان عین 90 سال کی عمر میں فوت ہوئے۔ خاکسار کی والدہ کی پیدائش بھی اس دعا کے بعد کی ہے اور پھر آپ نے بھی لمبی عمر پائی۔

والدہ محترمہ نے بہت بھرپور اور فعال زندگی گزاری۔ آپ نے اپنے واقف زندگی شوہر کے ہمراہ ایک لمبا عرصہ وقف کی روح کیساتھ بڑی تنگی اور مشکل حالات میں انتہائی صبر، محنت اور وفا کے ساتھ گزارا۔ گھر میں 9 افراد کی جملہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ گھر میں ہی کم و بیش 20 سال دوکانداری بھی کی اور ان تمام تر مصروفیات کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بیسیوں بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ باوجود نامساعد حالات کے آپ نے خود لمبا عرصہ سخت مشقت کی زندگی گزاری۔ لیکن سب بچوں کو اعلی ٰدینی و دنیاوی تعلیم دلوائی۔

آپ کا خلافت احمدیہ کیساتھ بڑا گہرا تعلق تھا۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے 4 خلفائے کرام کا زمانہ پانے کی سعادت ملی ۔ عبادات کے قیام کا بھی ہر وقت خیال رہتا تھا ۔باقاعدگی سے بلند آواز سے تلاوت قرآن کریم کرتیں ۔جہاں خود سادہ زندگی بسر کی وہاں مالی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عین جوانی میں 20 سال کی عمر میں ہی نظام وصیت میں شامل ہو نے کی توفیق ملی۔ صدقہ و خیرات کے علاوہ دیگر تحریکات خصوصا مساجد فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں ۔اپنے سب بچوں کو ہمیشہ جماعت کے ساتھ جوڑے رکھا انہیں دین کی خدمت کی تلقین کرتی رہتیں اور دین کا کام کرتا دیکھ کر بہت خوش ہوتیں اور حوصلہ افزائی کرتیں ہمیشہ حضرت مصلح موعود ؓ کا یہ شعر پڑہتیں اور بچوں کو نصیحت کے انداز میں سناتی رہتیں کہ

؎خدمت دین کو ایک فضل الہٰی جانو
اس کے بدلہ میں کبھی طالب انعام نہ ہو

اپنے سسرال میں بھی آپ نے خاص مقام بنا کر رکھا اور بڑی بہو ہونے کے ناطے اپنے فرائض کو اس خوش اسلوبی اور محبت پیار کیساتھ ادا کیا کہ سب آپ کو ’’ماں‘‘ کا درجہ دیتے تھے۔ اپنی بہووں کو بھی بیٹیوں کی طرح پیار دیا ۔کہا کرتی تھیں کہ اپنی بیٹیاں تو دوسرے گھر چلی جاتی ہیں اصل میں تو یہ (بہوئیں) بیٹیاں ہیں۔ غرض بیشمار خوبیوں کی مالکہ تھیں۔آپ نے پسماندگان میں مکرم ظریف احمد۔ میری لینڈ، امریکہ۔ مکرمہ عائشہ صدیقہ نارتھ کیرولینا، امریکہ۔ مکرم لطیف احمد طاہر، آسٹن۔

مکرم نعیم احمد ۔نیویارک ۔ خاکسار ۔ (وسیم احمد ظفر) نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل اور ڈاکٹر کریم احمد شریف ۔ صدر جماعت احمدیہ باسٹن ،امریکہ شامل ہیں ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جس ٹیم نے امریکہ میں لنگر خانہ کا آغاز کیا ۔ان میں والدہ محترمہ کے تین بیٹوں مکرم لطیف احمد طاہر ، مکرم نعیم احمد اور مکرم کریم احمد شریف کو نمایاں خدمت کی سعادت ملی ۔

آپ کی سب سے بڑی بیٹی صفیہ پروین صاحبہ1996 میں 51 سال کی عمر میں اور سب سے چھوٹی بیٹی منصورہ ڈیڑھ سال کی عمر میں وفات پا گئی تھیں ۔ وفات کے وقت آپ کے پوتے پوتیوں , نواسے نواسیوں اور انکے بچوں کی تعداد 75 تھی۔

نعیم بھائی انکی اہلیہ فوزیہ اور بچوں کو ایک لمبا عرصہ نیز ڈاکٹر کریم احمد شریف کو بالخصوص آخری ایام میں والدہ صاحبہ کی خصوصی خدمت کی توفیق ملی ۔

یہ والدہ مرحومہ کی سعادت ہے کہ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے موٴرخہ 16 جولائی کو اسلام آباد یوکے میں آپ کی نماز جنازہ غائب پڑھائی ۔ اللہ تعالیٰ والدہ ماجدہ سے مغفرت کا سلوک کرے ۔اپنے پیاروں میں جگہ دے۔ ان کے درجات بلند فرمائے۔سب لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے نیز سب خدمت کرنے والوں کو اجر عظیم سے نوازے ۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ