• 20 مئی, 2024

سہ روزہ نیشنل پکنک مجلس انصاراللہ ناروے

سہ روزہ نیشنل پکنک مجلس انصاراللہ ناروے
(موٴرخہ 2 تا 4؍ستمبر 2022ء)

گزشتہ چندسالوں سے مجلس انصاراللہ ناروے کی روایت رہی ہے کہ مرکزی سطح پر سال میں ایک مرتبہ سیروتفریح کا پروگرام بنایا جاتا ہے جس میں مرکز سے دور huts کرایہ پر لے دو تین دن قیام کیا جاتا ہے۔ یہ پروگرام انصار میں بہت مقبول ہے اور انصار اس پروگرام کے منتظر رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال اس میں شاملین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ کرونا کی وبا کی وجہ سے 2019کے بعد ایسا پروگرام نہ بن سکا تھا۔ امسال وبا میں کافی حد تک کمی ہونے کی وجہ سے مجلس انصاراللہ ناروے نے ایک بار پھر ایسا پروگرام تشکیل دیا جس میں63 افراد شامل ہوئے۔ مکرم راناطاہرمحمود صاحب قائدصحت جسمانی کی زیرنگرانی 6 ممبران کی ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے شروع سال سے ہی اس پر کام شروع کر دیا۔ پروگرام کے لئے اوسلو سےتقریباً 250کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک پُرفضا مقام Gautefall (Treungne Kommune) کا انتخاب ہوا۔جہاں پر 3 بڑے Hutsکرایہ پرحاصل کئے گئے۔جہاں سوئمنگ پول سمیت ہر قسم کی سہولت موجود تھی۔

دو منی بسیں کرایہ پر لی گئیں۔ مورخہ 2؍ستمبر بروز جمعہ 5بجے سہ پہر تمام انصار مسجد بیت النصر اوسلو میں اکٹھے ہوئے جہاں پر ریفریشمنٹ کے بعدچھوٹی بڑی تقریباً 12 گاڑیوں کا قافلہ 6بجے دُعا کے ساتھ سفرکیلئے روانہ ہوا۔مکرم کمال یوسف صاحب نے دعا کروائی۔ نمازمغرب وعشاء دورانِ سفرادا کی گئیں۔تقریباً 10بجے رات تمام احباب بخیروعافیت منزل پر پہنچ گئے۔ وہاں پر رات کے طعام کا انتظام کیاگیا تھا جس کے لئے نائب صدر دوم مکرم طلعت محمود صاحب کی زیر قیادت ضیافت کی 9ممبران پر مشتمل ٹیم ایک دن پہلے ہی ضروری سازوسامان کے ساتھ وہاں پہنچ چکی تھی۔بہت ہی لذیذ کھانے کے بعد صدرِ مجلس مکرم ومحترم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے ضروری ہدایات دیں اور انصار کو تلقین کی کہ جہاں وہ اس پروگرام سے لطف اندوز ہوں وہاں وہ ایک دوسرے سے تعارف بھی حاصل کریں نیز گھر سے دور اس ماحول میں خود سے بھی ملاقات کریں اور اپنا محاسبہ کریں۔ مکرم رانا مبشرمحمود صاحب قائد عمومی نے تمام انصار کی رہائش گاہ کی تفصیل بتائی۔اور رات تقریباً ساڑے گیارہ بجے تمام احباب اپنے اپنے کمروں میں آرام کے لئے چلے گئے۔

بروز ہفتہ صبح 4:30 بجے نمازتہجد سے پہلے صلِّ علیٰ کا اہتمام کیا گیا۔مکرم بشارت احمد صابر صاحب نے نماز تہجد اور نماز فجر پڑھائی۔ جس کے بعد مکرم ومحترم کمال یوسف صاحب سابق مبلغ سلسلہ سیکنڈےنیویا نے درس دیا۔ جس کے بعد کچھ احباب مزید آرام کے لئے اپنی اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے،کچھ صبح کی سیر کے لئے اور کچھ huts میں موجود سوئمنگ پول میں نہانے کے لیے چلے گئے۔ 9بجے ناشتہ جس میں حلوہ پوری،چنے، آلو کی بھُجیا اور روایتی نارویجئن ناشتہ شامل تھا، پیش کیا گیا۔ 11بجے سیر کا پروگرام تھا جس میں 30 انصار شامل ہوئے۔پہاڑ، جنگل اور پانی کے ساتھ ساتھ بہت ہی پُرسکون فضا میں ایک حد کے بعد 15 انصار آدھے فاصلہ میں رُک گئے جبکہ باقی 15 نے اپنا سفر جاری رکھا اور تقریباً 3گھنٹے کی یہ سیر مکمل کی۔ ایک چوٹی پر پانی کے کنارے صدرصاحب مجلس کی ایک تجویز پر سب احباب نے 10منٹ تک خاموشی اختیار کی اور Nature کو محسوس کیا اور پھر باری باری انصار نے اظہار کیا کہ اُنہوں نے کیا محسوس کیا۔یہ ایک بہت ہی دلچسپ عمل تھا۔ واپسی پر انصار کو کھانا پیش کیاگیا۔3:30بجے نماز ظہروعصر کی ادائیگی کے بعد انصار کے مابین کلائی پکڑنا اور Handpress کے بہت ہی دلچسپ مقابلے ہوئے۔5بجے تا 7بجے کے دوران احباب نے Swimming میں حصہ لیا جہاں Swimming سکھائی بھی گئی۔7بجے شام ڈنر پیش کیا گیا۔ ڈنر میں باربی کیو کا انتظام کیا گیا تھا، ساتھ آلو، سلاد اور چاول بھی پیش کئے گئے۔ انصار نے کھانے کو بہت پسند کیا۔ 9:30بجے نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد دو پروگرام رکھے گئے تھے۔ ان میں سے ایک صحت سیمینار تھا جس میں مکرم ڈاکٹر صفدرمحمود صاحب قائد تربیت نے بڑھتی عمر کے ساتھ پیدا ہونے والی جنسی امراض اور ان کے حل کے بارہ میں پریزنٹیشن پیش کی۔ آخر میں ڈاکٹر صفدر محمود صاحب، ڈاکٹراحمد رضوان صادق صاحب اور ڈاکٹر نورقادرصاحب نے احباب کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ یہ پروگرام تقریباً ایک گھنٹے سے زائدکا تھا۔اس کے فوراً بعد ادبی محفل کا انعقاد ہوا جس کی میزبانی کے فرائض مکرم بشارت احمدخان صاحب نےانجام دیئے اور اپنا کلام سنا کر پروگرام کا آغاز کیا اور بعد میں دیگر احباب نے نظم اور نثر کے بعض حصے پیش کئے جس میں مزاحیہ کلام شامل تھا۔ حاضرین نے ادبی محفل کو بہت پسند کیا۔ تقریباً 11:45بجے رات یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔اور احباب اپنی اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔

بروز اتوار صبح 4:30بجے نماز تہجد کیلئے صلّ اعلیٰ اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم ومحترم کمال یوسف صاحب نے درس دیا۔ جس کے بعدکچھ دوستوں نے مزید آرام کیا، کچھ نے صبح کی سیر کی اور کچھ نے سوئمنگ کی۔9 بجے ناشتہ تقسیم ہوا۔ ناشتے کے بعد احباب نے اپنا سامان وغیرہ سمیٹا اور ضروری صفائی وغیرہ کی جس کے بعد 11بجے واپس روانگی کا پروگرام تھا۔دُعا کے ساتھ واپسی کا سفر شروع ہوا۔نماز ظہروعصر دورانِ سفر اداکی گئی اور دوپہر کا کھانا بھی دورانِ سفرتقسیم ہوا۔واپسی کے راستہ میں Sandefjord Kommune میں موجود ایک Hvalfangstmuseet کا بہت ہی معلوماتی دورہ کیا۔ اس میں ڈاکٹر عبدالسلام صاحب کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا تھا نیز ایک پورے کمرے میں ڈاکٹر صاحب کے بارہ میں معلومات درج تھیں۔

تقریباً 5بجے شام بیت النصر اوسلوبخیروعافیت پہنچے۔اوروہاں سے اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام ہرلحاظ سے بہت ہی شاندار رہا جہاں اعلیٰ نظم ضبط،معلوماتی سیمینار،صحت مند سرگرمیوں کے علاوہ ضیافت کی ٹیم نے بہترین اور لذیز کھانے پیش کئے۔تمام شاملین نے ہر پروگرام کی تعریف کی۔اللہ تعالیٰ سے دعا کہ ہمیں ان پروگراموں سے اپنی جسمانی صحت کے علاوہ روحانی طور پر ترقی کرنے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: عامر حسین خالد محمود۔ قائداشاعت ناروے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 2)