• 24 اپریل, 2024

انصار اللہ برکینا فاسو کی چوتھی مجلس شوریٰ کا انعقاد

برکینا فاسو میں ذیلی تنظیمیں روز بروز ترقی کی منازل طے کررہی ہیں۔ مجلس انصار اللہ ایک پروگرام کے تحت دوران سال سرگرمیاں جاری رکھتی اور اپنے ممبران کی تعلیم وتربیت کے لئے پروگرام بناتی رہتی ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق جماعت احمدیہ میں مجلس شوریٰ کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سےجماعتی سطح پر نظام شوریٰ کے منظم قیام کےساتھ ساتھ ذیلی تنظیموں میں بھی اس کا انعقاد باقاعدہ ہو چکا ہے۔

مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کو امسال اپنی چوتھی مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ مجلس شوریٰ 8 اور 9؍اکتوبر 2022ء کو جماعتی ہیڈ کوراٹرز کی سنٹرل مسجد بیت المہدی واگادوگو میں منعقد ہوئی۔ 8؍اکتوبر بروز ہفتہ پہلے اجلا س کی کارروائی کا آغاز بصدارت مکرم محمود ناصر ثاقب امیر جماعت برکینا فاسو شام چاربجے ہوا۔ تلاوت مکرم جارا محمد صاحب نے کی جس کا فرنچ ترجمہ زونو صاحب نے پیش کیا۔ مکرم امیر صاحب نے افتتاحی دعائی کروائی۔ صدر مجلس انصار اللہ کابورے سلیمان صاحب نے انصار اللہ کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد ودراگو الیاس صاحب قائد عمومی نے گزشتہ سال کی مجلس شوریٰ کی سفارشات پر ہونے والی کارروائی کی رپورٹ پیش کی۔ گزشتہ سال مجلس شوریٰ میں رشتہ ناطہ کے متعلق تجویز پیش ہوئی تھی۔ قائد صاحب نے بتایا کہ مجلس شوریٰ کی سفارشات کے پیش نظر دوران سال رشتہ ناطہ کے شعبہ کو فعال بنایا گیا اور تمام مجالس میں سیکرٹری رشتہ ناطہ مقرر کیے گئے۔ احبا ب جماعت کو اس اہم شعبہ کے متعلق معلومات دینے کے لئے عشرہ منایا گیا اس دوران میں اجلاسات، خطبات، تقاریر او رانفرادی روابط کے ذریعہ احباب کو اس طرف متوجہ کیا گیا۔ رشتہ ناطہ کی ماہانہ رپورٹ باقاعدگی سے مرکز بھجوائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے بعد سال 2022ء کی مجلس شوریٰ کا ایجنڈا پیش کیا گیا جس کے مطابق بجٹ کے علاوہ درج ذیل ایک تجویز زیر غور تھی۔

’’موجودہ صورت حال میں انصار کو زیادہ سے زیادہ نماز باجماعت پڑھنے کی ترغیب دینے کے لئے مجلس شوریٰ حکمت عملی وضع کرے۔ ‘‘

مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں ممبران مجلس شوریٰ کو توجہ دلائی کہ رشتہ ناطہ کا شعبہ اس قدر اہمیت کا حامل ہے کہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ بنفس نفیس ا س کی طرف توجہ فرمایا کرتے تھے۔ آپ اپنے پاس بچوں اور بچیوں کے کوائف رکھتے اور رشتے تجویز فرماتے۔ آپ کی پیروی میں خلفائے کرام بھی شعبہ رشتہ ناطہ کی براہ راست نگرانی فرماتے رہے ہیں۔ ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ ہر ملک سے ماہانہ اس شعبہ کے متعلق رپورٹ طلب فرماتے ہیں۔ جماعت کے روشن مستقبل کے لئے بہت ضروری ہے کہ ہم کفو رشتے تلاش کئے جائیں اور سنت نبویﷺ کے مطابق دین کوترجیح دی جائے۔ آپ نے کہا دوسرا اہم موضوع نماز باجماعت کا قیام ہے۔ ممبران مجلس انصار اللہ عمر کے اس حصہ میں ہیں جہاں نسلوں کی تربیت کی ذمہ داری براہ راست ان کے کندھوں پر ہے۔ یہ ایک مشکل اور مستقل کام ہے جو ہمارے عملی نمونے کے بغیر ممکن نہیں۔ نماز با جماعت کی طر ف خود بھی بہت توجہ کریں اور اپنے اہل خانہ کےعلاوہ ممبران جماعت کو بھی توجہ دلائیں تاکہ ہم سب حقیقی معنوں میں عبادت کاحق ادا کرنے والے بنیں۔

امیر صاحب کی تقریر کے بعد شوریٰ کی تجویز پر غو رکرنے کے لئےسب کمیٹی کا قیام عمل میں آیا۔ خاکسار (نعیم احمد باجوہ پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینا فاسو) کو کمیٹی کا صدر جبکہ ودراگو الیاس صاحب کو سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ مجموعی طو رپرسب کمیٹی میں 34 ممبران شامل کیے گئے۔ پہلے سیشن کے آخر پرمجلس انصا راللہ کا 2023ء کا بجٹ پیش کیا گیا۔ ا س کے ساتھ پہلے دن کی کارروائی ختم ہوگئی۔

تربیتی سیمینار

اتوار 9؍ اکتوبر کو صبح دس بجے شوریٰ کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا۔ اس سیشن میں ممبران مجلس شوریٰ کے لئے ایک تربیتی سیمینار کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سمینار کا موضوع ’’مجالس میں صلاۃ کمیٹی کا قیام اور اسے فعال بنانا‘‘ تھا۔ قائد تربیت گامسورے محمد اور لوکل مبلغ عبدالحئی ودراگو نے ممبران شوریٰ کو اس بابت تفصیل سے ہدایات دیں اور ان کے سوالات کے جوابات دئے۔

اختتامی سیشن

ایک بج کر تیس منٹ پر شوریٰ کا آخری سیشن مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت کے بعد صدر مجلس انصار اللہ نے عہد دہرایا۔ بعد ازاں اس سال کی تجویز پر مرتب کردہ سفارشات کی رپورٹ سیکریٹری سب کمیٹی الیاس ودراگو صاحب نے پیش کی۔ سب کمیٹی کی تمام سفارشات کے حق میں ممبران شوریٰ نے متفقہ طور پر اظہار رائے کیا۔ سیشن کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی۔ آپ نے تفصیل کے ساتھ ممبران شوریٰ کی توجہ قیام نماز اور رشتہ داریوں میں دین کے پہلو کو مد نظر رکھنے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ چوتھی مجلس شوریٰ کا اختتام ہوا۔ شوریٰ میں کل ایک صد دس نمائندگان نے شرکت کی۔

(رپورٹ:چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل آن لائن برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی