• 21 مئی, 2024

کانووکیشن جامعۃ المبشرین گھانا

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مؤرخہ 2 اکتوبر 2021 ء بروز ہفتہ اپنے کانووکیشن کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔

امسال بھی یہ تقریب حکومت گھانا کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالہ سے وضع کردہ اصولوں کے مطابق منعقد کی گئی۔ جامعہ کے اساتذہ، طلباء اور ورکرز کے علاوہ کچھ چنیدہ مہمان اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس پروگرام کے لیے پندرہ ممالک کے جھنڈے مع لوائے احمدیت لہرائے گئے تھے۔ یہ پروگرام جامعہ کے ہال میں منعقد کیا گیاجس کے لیے ہا ل کو خاص طور پر سجایا گیا تھا۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی مکر م و محترم نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا تھے۔

اس تقریب سے قبل مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم عبدالوہاب عیسی صاحب نائب امیردوم نےگھانا کا جھنڈالہرایا۔

تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جو کہ عزیزم عبدالباسط طالب علم مدرسۃ الحفظ نے کی جن کا تعلق گھانا سے ہے۔ اور پھر سینیگال سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم عبدالعزیز باہ نے ترنم کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اردو کلام ’’ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نےِ‘‘ پیش کیا۔بعد ازاں پاس ہونے والے نقیب اعلیٰ نے رپورٹ پیش کی جس کے جواب میں نئے منتخب ہونے والے نقیب اعلیٰ نے اپنی گزارشات پیش کیں۔مکرم پرنسپل صاحب جامعتہ المبشرین نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے طلباء نے جولا زبان میں Songs of praise پیش کیا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی کیا۔

دوران سال مدرستہ الحفظ اور جامعۃ المبشرین کے طلباء کے مابین علمی مقابلہ جات ہوئے تھے۔ اس موقع پر ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں اوّل آنے والے گروپ، صداقت کو ٹرافی دی گئی۔ مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب گھانا نے قران مجید حفظ کرنے والے 12 طلباء کو اسناد دیں۔ جامعة المبشرین سے پاس ہونے والے 22 طلباء نے اپنے ڈپلومہ جات بھی مکرم امیر صاحب سے وصول کئے۔ ان طلباء کا تعلق 7 ممالک سے ہے۔

گھانا کے طلباء نے Songs of praise پیش کئے اورانکا انگریزی ترجمہ بھی کیا۔

مکرم و محترم امیر صاحب نے تمام طلباء کو عموماََ اور پاس ہونے والے طلباء کو بالخصوص حالیہ وقت میں وقف کے تقاضوں کو نبھانے، اس میں آنے والی مشکلات اور ہمیشہ ذاتی نمونہ بہترین بنانے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ اور انھیں معاشرہ میں پھیلی برائیوں سے خود کو بچانے کی تاکید کی۔ اس کے بعد عزیزم اوسئی یوسف نورالدین نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اردو نظم ’’خلیفہ کے ہم ہیں خلیفہ ہمارا‘‘ پیش کی اور اس کا انگریزی میں ترجمہ کیا۔اور مکرم معلم عبدالمجید علی صاحب استاذ جامعہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ اور کچھ ضروری اعلانات کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرواکے اس پروگرام کا اختتام کیا۔

ان تاریخی لمحات کو محفوظ رکھنے کے لیے جامعہ کے اساتذہ، طلباء اور ورکرز نے مکرم امیر صاحب اور ان کے نائبین کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ پھر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کو طعام پیش کیا گیا۔اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین گھانا کی تقریب کانووکیشن انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے جامعہ کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی محنت سے کام کیا اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔ آمین

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات