• 8 مئی, 2024

حقیقی حسن

دنیا میں ہرانسان مرد وعورت بچہ بوڑھا خواہش رکھتا ہے کہ وہ خوبصورت نظر آئے۔ عام طور پر خواتین اپنے چہرے کو سنوارنے میں ہر قسم کی اشتہاری حسن اشیاء کا سہارا لیتی ہیں۔ مختلف نسخہ جات آزماتی ہیں تا کہ وہ دلکش خوبصورت نظر آ ئیں تھوڑی بہت محنت اور کوشش ان کو کچھ نہ کچھ خوبصورتی کا مظہر ضرور بنا دیتی ہیں۔ لیکن چہرے کی بناوٹ کوکوئی تبدیل نہیں کرسکتا یہ خدا کی عطا ہے۔ خداداد حسن کے علاوہ کچھ اور چیزیں بھی ہیں جو انسان اپنی کوشش سے حاصل کر سکتا ہے۔ مثلاً اچھی صحت، عمدہ چال ڈھال اور اچھے اخلاق، اچھی صحت انسان کو خوبصورت بنانے میں بڑا اہم کردارادا کرتی ہے۔

آج کے دور سے پہلے کی خواتین بے حد چست اور روپ کے لحاظ سے دلکش اور خندہ پیشانی کے آداب سے آراستہ نظر آتی تھیں، آج کے اس دور میں خواتین بچیاں اپنے چہرے کے حسن وزیبائش پر پیسہ اور وقت خرچ کرتی ہیں مگر صحت کو قائم رکھنے کے اصولوں پر وہ کار بند نظر نہیں آتیں۔

سنگھار عورت کا زیور ہے مگر یہی سنگھار اچھی صحت کے ساتھ ہوتو کیا ہی کہنے حسن صحت کے ساتھ لازمی ہے۔ سب سے پہلے اچھی صحت حاصل کرنے کے لئے ان اصولوں پرعمل کر یں جو انسان کو تندرست وتوانا بناتے ہیں موسم کی تازہ سبزیوں کا استعمال مکمل پر سکون نیند، بلا ناغہ ورزش اور خوش و خرم رہنا حسن وصحت دونوں کے لئے مفید ہیں روزانہ کی ورزش تو عورت کے لئے بےحدضروری ہے۔ اکثر 35 سال کے بعد بعض خواتین اپنے جسم کوڈھیلا چھوڑ دیتی ہیں اور یہ خیال کرتی ہیں کہ بس ہماری ڈیوٹی ختم ان کا خیال درست نہیں۔ 35 سال کے بعد عورت کو زیادہ چست اور صحت مند ہونا چاہیے کیونکہ آپ کے بچوں کو ایک صحت مند ماں کی ضرورت ہے جو بچوں کی ہر قدم پر راہنمائی کر سکے۔ بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہو سکے جیسے بچوں کی تعلیم وتربیت،شادی بیاہ،شوہر کی ضرورت اور خیال وغیرہ۔

یاد رکھیں! عورت کے صحت مند ہونے سے مرد زیادہ مضبوط ہو جاتا ہے۔ گھر کی چاردیواری میں مردصحت مند عورت کی موجودگی میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتا ہے وہ سکون کا متلاشی ہوتا ہے تھکا ماندہ خاوند گھر آئے تو عورت اگر اس طرح اس کا استقبال کرے کہ وہ لیٹی ہوسر باندھا ہوا ہو ہائے ہائے کر رہی ہو تو ظاہر ہے کہ وہ اندر سے ٹوٹ جائے گا اس لئے اس امر کا خیال رکھیے اور اچھی صحت کے حصول کے لئے روزانہ ورزش ضرور کریں۔

ہلکی پھلکی ورزش سے انسان سارا دن چست رہتا ہے اسے ضرور اپنائیں اس کے علاوہ صفائی صحت کو قائم کرنے کے لئے بڑی ضروری چیز ہے غسل کرنے سے جلد کے مسام کھلتے ہیں چہرے دانتوں اور ہاتھوں اور بالوں کی صفائی کوملحوظ خاطر رکھیں۔ یقینا ان اصولوں پر قائم رہ کر آپ صحت مند ہونے کے ساتھ ساتھ، دلکش اور خوبصورت بھی نظر آئیں گی۔اعتدال اور سادگی کوملحوظ رکھیں اور یہ بھی یادرکھیں کہ انسان کا حُسن اس کے اخلاق میں ہے اچھی سیرت اور اچھے اخلاق سب سے بڑا حسن ہے! کیونکہ؎

سیرت کے ہم غلام ہیں صورت ہوئی تو کیا
سرخ و سپید مٹی کی مورت ہوئی تو کیا

(امة القیوم صبا خواجہ۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

جسے حاصل ہے اماں جانؓ کا شرفِ نگہبانی

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی