بخشش وسلامتی کی پیاری دعا
اَللّٰهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْعَفْوَ وَالْعَافِيَةَ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ
(سنن ابن ماجہ حدیث نمبر: 2957)
ترجمہ: اے اللہ! میں تجھ سے دنیا اور آخرت میں معافی اور عافیت کا سوال کرتا ہوں۔
یہ سید ومولیٰ، پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی دنیا وآخرت میں عافیت کی بہت پیاری اور افضل دعا ہے۔
آپ ﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کو یہ دعا سکھلاتے ہوئے فرمایا کہ ایمان لانے کے بعد عافیت سے بڑھ کر کوئی بھلائی نہیں ہے۔
حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، ایک آد می نے رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا: اے اللہ کے رسول! کون سی دعا افضل ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اپنے رب سے دنیا اور آخرت میں معافی اور عافیت کا سوال کر۔ پھر وہ آدمی آپ کے پاس دوسرے دن حاضر خدمت ہوا اور کہا: اے اللہ کے رسولؐ! کون سی دعا افضل ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اپنے رب سے دنیا اور آخرت میں معافی اور عافیت کا سوال کر۔ پھر وہ تیسرے دن حاضر خدمت ہوا اور کہا: اے اللہ کے نبیؐ! کون سی دعا افضل ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اپنے رب سے دنیا اور آخرت میں معافی اور عافیت کا سوال کر۔ جب تجھے دنیا اور آخرت میں معافی اور عافیت مل جائے گی تو یقیناً تو کامیاب ہو جائے گا۔
(سنن ابن ماجہ حدیث نمبر: 3848)
اللہ تعالیٰ ہمارے بہت پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی اس دعا کے صدقے وباؤں، بلاؤں اور آفتوں کے اس موسم میں جماعت کے ہر فرداور پوری انسانیت کو اپنی عافیت میں رکھے۔ آمین
(مرسلہ:مریم رحمٰن)