• 4 مئی, 2025

مناجات

’’اب انتظامِ دفعِ بلیّات چاہئے‘‘
اپنے خدا سے روز ملاقات چاہئے
ہے ان دنوں احاطۂ آفات میں زمیں
اب اہتمامِ خاصِ عبادات چاہئے
دھرتی سے آج کل ہوا آکاش بھی نِراش
اب رت جگا برائے مناجات چاہئے
سہمے ڈرے ہوئے ہیں سبھی ساکنانِ ارض
ہونی وبائے خوف کو اب مات چاہئے
اللہ تیری ذات ہے رحمان اور رحیم
چوکھٹ سے تیری خیر کی خیرات چاہئے
مسموم ہوگئی ہے بہت ہی ہوائے دہر
کافور و زنجبیل کی سوغات چاہئے
مرجھا رہے ہیں پھول اور کلیاں اداس ہیں
گلشن میں اب بحالئیِ حالات چاہئے
دن چاہئے جو دین کی خدمت میں ہو بسر
اور ’’قدر والی‘‘ رات جیسی رات چاہئے
مانا گناہگار ہیں بندے تیرے تو ہیں
بس عفو تجھ سے دافعِ آفات چاہئے
کشکول ہیں دعاؤں کے مولیٰ ہمارے ہاتھ
نظرِ کرم اے صاحبِ شفقات چاہئے
تُو کُنْ کہے تو قادرا انہونیاں بھی ہوں
تیرا یہی سلوکِ کرامات چاہئے
آدم کو جو سکھائے تھے أسماء انہیں کی پھر
اے ربِّ کائنات شروعات چاہئے
ناچیز اک حقیر سا بندہ ہوں میں ظفر
سر پہ ترا امان والا ہات چاہئے

(مبارک احمد ظفر۔لندن)

پچھلا پڑھیں

افریقہ کورونا وائرس ڈائری نمبر1 ,17 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

دینی تعلیم پر عمل کرنے والے بنیں