• 27 اپریل, 2024

اپنی رحمت کا کوئی جلوہ دِکھا

اے خُدا اب خود کرونا سے بچا
سامنے تیرے مری ہے التجا
اے مِرے محسن مِرے ربّ الوریٰ
کون ہے تیرے سوا مُشکل کُشا
تیرے احساں مرحلہ در مرحلہ
حُسن تیرا مرحبا صد مرحبا
اِس قدر مُجھ پر ہوئے تیرے کرم
گِن سکوں کیسے بھلا تیری عطا
تُو بنا سایہ مِرا ہر دُھوپ میں
ہر اندھیرے میں رہا روشن دیا
ایک اِک لمحہ ہو تیرے شُکر کا
میری ساری زندگی کا مُدّعا
جانے کتنی بار تیرے فضل سے
پا لیا وہ ،جِس کی خاطر، کی دُعا
آج بھی طالب ہوں تیرے فضل کا
ہوں بڑی مُشکل میں کر اِس سے رِہا
بِن ترے دل چین پاتا ہی نہیں
اپنی رحمت کا کوئی جلوہ دِکھا
میرا ہر ذرّہ تری خاطر فدا
میں تِرا ہوں، میں ترا ہوں میں تِرا

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 جون 2020

اگلا پڑھیں

عالمی اپڈیٹ Covid-19