• 25 جون, 2025

آج کی دعا

بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ۔ حٰمٓ ۔ تَنۡزِیۡلُ الۡکِتٰبِ مِنَ اللّٰہِ الۡعَزِیۡزِ الۡعَلِیۡمِ ۔
غَافِرِ الذَّنۡۢبِ وَ قَابِلِ التَّوۡبِ شَدِیۡدِ الۡعِقَابِ ۙ ذِی الطَّوۡلِ ؕ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ ؕ اِلَیۡہِ الۡمَصِیۡرُ۔

(المؤمن: 1-4)

ترجمہ :۔ اللہ کے نام کے ساتھ جو بے انتہا رحم کرنے والا، بِن مانگے دینے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ صاحبِ حمد، صاحبِ مجد۔اس کتاب کا اتارا جانا اللہ، کامل غلبہ والے (اور) کامل علم والے کی طرف سے ہے۔جوگناہوں کو بخشنے والا اور توبہ قبول کرنے والا، پکڑ میں سخت اور بہت عطا اور وسعت والا ہے۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’جس نے سورۃ مؤمن کی ابتدائی چار آیات اور آیت الکرسی صبح ہی صبح پڑھی تو اِن دونوں کے ذریعہ شام تک اس کی حفاظت کی جائے گی ۔اور جس نے ان دونوں کو شام ہوتے ہی پڑھا تو ان کے ذریعہ سے صبح ہوتے تک اس کی حفاظت کی جائے گی‘‘۔

(سنن الترمذی ابواب فضائل القرآن باب ما جاء فی سورۃ البقرۃ و آیۃ الکرسی حدیث 2879)

پیارے امام سیدنا حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہُ اللہ تعالیٰ بنصرِہ العزیز نے 2 فروری 2018 کو اپنے خطبہ جمعہ میں احبابِ جماعت کوحفاظتِ الٰہی کے حصول کے لئے سورۃ مؤمن کی ابتدائی چار آیات اور آیت الکرسی پڑھنے کی تحریک فرمائی ہے۔آپ فرماتے ہیں :
’’یہ آیات سورۃ المؤمن کی پہلی چار آیات ہیں۔ یہ بسم اللہ سمیت چار آیات ہیں اور ایک آیت جیسا کہ میں نے کہا آیت الکرسی ہے جو سورۃ البقرۃ کی آیت ہے۔

ان آیات میں اللہ تعالیٰ کی بعض صفات کا ذکر کیا گیا ہے اور اس کی شان اور عظمت بیان کی گئی ہے۔ ان آیات کی اہمیت کے بارے میں احادیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ملتا ہے۔ حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے صبح کے وقت حٰمٓ سے لے کر اِلَیْہِ الْمَصِیْرُ تک پڑھا اور آیۃ الکرسی بھی پڑھی تو ان دونوں کے ذریعہ سے اس کے شام کرنے تک کی حفاظت کی جائے گی اور جس نے یہ دونوں شام کے وقت پڑھیں تو ان کے ذریعہ اس کے صبح کرنے تک حفاظت کی جائے گی۔

(خطبہ جمعہ 2فروری 2018 بیان فرمودہ سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہُ اللہ تعالیٰ بنصرِہ العزیز)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2020

اگلا پڑھیں

درخواست دعا