• 7 مئی, 2024

انیسواں نیشنل ریفریشر کورس و تربیتی کلاس دی گیمبیا

ریفریشر کورس کا مقصد: یاد رہے کہ یہ ریفریشر کورس اور کلاس پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد پرہر سال دو بار منعقد کی جاتی ہے۔ تاہم اس بار یہ کلاس کرونا کے باعث دو سال کے وقفہ کے بعد ہوئی۔ اس کلاس کا بنیادی مقصد معلمین، داعیان الی اللہ اور نومبائعین کی تربیت کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب: یہ ریفریشر کورس مؤرخہ 09 جون بروز جمعرات تا 16 جون 2022ء بروز جمعرات ’’مانساکونکو‘‘ میں موجود جماعتی کے سکول ’’طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول‘‘ میں منعقد ہوا۔ 09 جون بروز جمعرات بعد نماز مغرب کلاس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں تلاوت کے بعد ’’مکرم محمود احمد طاہر صاحب‘‘ مشنری انچارج گیمبیا نے افتتاحی خطاب فرمایا اور دعا کروائی۔

جمعۃ المبارک: جمعۃ المبارک کی صبح نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ اس کے بعد نماز فجر اور پھر درس ہوا۔ بعد ازاں تمام شاملین نے پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ اجتماعی طور پر ہال میں سنا۔ نماز جمعہ و عصر جمع کرکے ادا کی گئی۔

تدریس: کلاس میں تدریس کا باقاعدہ آغاز ہفتہ کی صبح کو ہوا۔ ریفریشر کورس میں بیک وقت دو کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ ایک میں معلمین جبکہ دوسری کلاس میں داعیان الی اللہ اور نو مبائعین شامل ہوئے۔ ان کلاسز میں یسرنا القرآن، قرآن کریم کا تلفظ ومخصوص حصوں کا حفظ، علم الکلام، فقہ اور نظام جماعت کا تعارف پڑھایا گیا۔

اعتراضات کے جوابات: جلسہ سالانہ گیمبیا کے بعد ملک میں نام نہاد ملاؤں کی طرف سے مخالفت کی ایک لہر اٹھی تھی۔ چنانچہ اس ریفریش کورس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کلاس میں انکی طرف سے گئے اعتراضات کے جوابات بھی دلائل کے ساتھ شاملین کو سمجھائے گئے۔ کلاس میں فیضان ختم نبوت، قرآن و حدیث کی رو سے خاتم النبیین کا مطلب، مسلمان کی تعریف اور حضرت مسیح موعودؑ کے دعاوی بالخصوص پڑھائے گئے۔ اسی طرح ایک انڈین سیاستدان عورت کی طرف سے حضرت محمدمصطفٰی ﷺ اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاکی شادی پر کئے گئے اعتراض کا بھی تفصیلی جواب سمجھایا گیا۔ ہر روز بعد از نماز مغرب مجلس سوال و جواب کا باقاعدہ انعقاد ہوتا رہا۔ جس میں مختلف مبلغین کی ٹیموں نے سوالات کے جوابات دیے۔

دروس و لیکچرز: اس ریفریش کورس میں پنجگانہ نمازباجماعت کے علاوہ روزانہ بلا ناغہ نماز تہجد باجماعت کا قیام ایک ہم تربیتی پہلو تھا۔ نماز فجر کے بعد مختلف معلمین نے تربیتی عناوین پر دروس القرآن دیے۔ بعد ازنماز عصر مختلف مبلغین نے تربیتی و تاریخی عناوین پر لیکچرز دیے۔ لیکچرز کا یہ سلسلہ بہت دلچسپ اور علم میں اضافہ کا باعث بنا۔

اس لیکچر کے بعد ڈیڑھ گھنٹہ کھیل کے لئے دیا گیا۔ جس میں باقاعدگی سے فٹ بال کے دلچسپ میچز کے علاوہ دوسری کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے۔کلاس کے آخری دن شاملین کلاس کامختلف مضامین میں زبانی جائزہ بھی لیا گیا۔

ابتلاؤں میں جماعتی تاریخ اور ایمان افروز واقعات: اس بار نہایت دلچسپ اور ایمان افروز خصوصی اجلاسات ہوئے، جن میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی ربوہ سے لندن ہجرت کے حالات و واقعات اور اس ہجرت کے نتیجہ میں جماعت پر اللہ تعالیٰ کے فضلوں کا تذکرہ ’’مکرم محمود احمد طاہر صاحب‘‘ مشنری انچارج نے کیا۔

اسی طرح جماعت کے سینئر مبلغین نے 1997ء میں جماعت احمدیہ گیمبیا پر آنیوالے ابتلاء اور اللہ تعالیٰ کے جماعت کے ساتھ خاص سلوک پر مبنی واقعات پیش کئے۔ احباب جماعت کے لئے یہ خصوصی اجلاسات بہت دلچسپی کا باعث بنے۔

جلسہ یوم خلافت: مؤرخہ 15 جون بروز بدھ کو بعد از نماز عصر طاہر ہال میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ’’مکرم بابا ایف تراولے‘‘ امیر جماعت گیمبیا تھے۔ اس جلسہ میں تلاوت، حدیث اور عہدِ خلافت کے بعد ’’خلافت کی تاریخ و اہمیت اور اطاعتِ خلافت‘‘ کے موضوع پر دو تقاریر ہوئیں۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں جلسہ کا اختتام ہوا۔ اس جلسہ میں مقامی جماعت کی لجنات نے بھی شرکت کی۔ اس جلسہ میں چونکہ سارے ملک کی نمائندگی تھی۔ یوں یہ جلسہ ایک لحاظ سے نیشنل جلسہ بن گیا۔

نمائش: اس جلسہ یوم خلافت کے موقع پرمقامی جماعت کی طرف سے ایک پرکشش نمائش کا انتظام بھی کیا گیا،جس میں جماعت احمدیہ عالمگیر کی تاریخ، گیمبیا جماعت کی تاریخ، خلافت کی برکات، جماعت احمدیہ کی خدمت قرآن اور خدمت انسانیت کو کتابی اور تصویری شکل میں پیش کیا گیا۔ احباب نے اس نمائش کو بہت سراہا۔

اختتامی تقریب: مؤرخہ 16 جون بروز جمعرات بعد از نماز فجر اس ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب گیمبیا تھے۔ تلاوت کے بعد خاکسار مسعود احمد طاہر نے مختصر رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے بعد اعزاز پانے والے احباب میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی خطاب فرمایا۔ اپنے اس خطاب میں امیر صاحب نے کہا کہ آپ یہاں سے جو علم سیکھ کر جارہے ہیں، وہ جاکر اپنی جماعتوں میں منتقل کریں۔ اور یہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ اپنی اپنی جگہ پر جماعت اور خلیفہٴ وقت کے نمائندہ ہیں، اس لئے آپ کا کردار ہمیشہ اس کے مطابق ہونا چاہئے۔ آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی۔ جس کے بعد احباب میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ اور بعد ازاں قافلےاپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوئے۔

ایم۔ٹی۔اے گیمبیا: اس ریفریشر کورس میں ہونے والے مختلف پروگرامز، جلسہ یوم خلافت، نمائش اور اختتامی تقریب کو ایم۔ٹی۔اے گیمبیا نے ریکارڈ کیا۔ اسی طرح امیر صاحب گیمبیا سمیت مختلف احباب کے انٹرویو بھی کئے۔

حاضری: امسال ریفریشر کورس میں ملک بھر کے کل انچاس مبلغین و معلمین میں سے سنتالیس نے شرکت کی۔ دو بوجہ بیماری شامل نہ ہو سکے۔ اس ریفریشر کورس کی کل حاضری 129 رہی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس ادنیٰ کاوش کو قبول فرمائے اور ہمارے ایمان و ایقان میں بے حد برکت نازل فرمائے۔خلافت احمدیہ سے جوڑے رکھے اور دنیا کو زمانےکے امام کو پہچاننے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر-نمائندہ الفضل آئن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ