• 16 اپریل, 2024

تعلیمی وتربیتی سرگرمیاں جامعة المبشرین گھانا

تعلیمی وتربیتی سرگرمیاں
جامعة المبشرین گھانا

جلسہ سیرۃ النبیؐ

مجلس ارشاد کے تحت مؤرخہ 8؍نومبر 2022ء کو جامعۃ المبشرین میں نعتیہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل بعد نماز عصر جامعہ کے ہال میں ہوئی۔ اس کے مہمان خصوصی جامعہ کے مدرس مکرم مولوی الحسن احمد صاحب تھے۔ اس محفل کا مقصد طلبا کے دلوں میں آنحضرت ﷺ کی محبت پیدا کرنا ہے۔ اس محفل میں حضر ت محمدﷺ کے اعلی اخلاق اور اعلی مقام کا ذکر کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کے آنحضرت ﷺ کے بارہ میں منثور ومنظوم کلام پڑھے جاتے ہیں۔ پروگرام کا آغاز تلاوت سے ہوا جو گھانا سے تعلق رکھنے والے طالب علم حکیم کمال الدین صاحب نے کی۔ اس کے بعد گھانا کے ایسیاؤ حکیم صاحب نے ایک حدیث پیش کی۔ مڈگاسکر سے تعلق رکھنے والے طالب علم حمید تقی صاحب نے اپنی مترنم آواز میں اردو نظم ’’زندگی بخش جامِ احمدؐ ہے‘‘ کے چند اشعار پڑھے۔

اس کے بعد الحسن باہ صاحب آف گیمبیا نے اقتباس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پیش کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اقتباسات اینوسا کمال الدین صاحب (گھانا) اور نورم اسحاق (ٹوگو) نے پڑھ کر سنائے۔

اس کے بعد ایک نعت ہوئی جسے پیش کرنے کی سعادت ابراہیم دانی اور ان کے ساتھیوں کو ملی۔ یہ Malagasy زبان میں گروپ کی صورت نظم پڑھی۔ اس کے بعد آنحضرتﷺ کی مدح میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمۃ اللہ علیہ کے بیان فرمودہ اقتباسات پیش کئے گئے۔ پیش کرنے والے طلبا عیسیٰ عبد الکریم (گھانا) اور ماوے عبداللہ محمدایسوے (ٹوگو) تھے۔ آخری اقتباس حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تھا جو ہارون جالو (گیمبیا) نے پیش کیا۔

گھانا کے اوسئی یوسف نور الدین صاحب اور ان کے ساتھیوں نے لوکل زبان میں بڑی خوش الحانی سے نعت پڑھی۔

آخر پر مہمان خصوصی مکرم الحسن احمد صاحب نے سیرت النبیﷺ پر روشنی ڈالی اور طلبا کو اس حوالے سے نصائح کیں اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو آنحضرتﷺ کی محبت عطا فرمائے اور ان کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین

سیمینار بعنوان ’’وقف کی اہمیت‘‘

جامعہ میں طلبا کے دلوں میں وقف کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کے لئے سیمینار کروائے جاتے ہیں۔ ان میں واقفین زندگی بالخصوص سرکٹ مبلغین کو مدعو کیا جاتا ہے۔

مؤرخہ 16؍نومبر 2022ء بروز بدھ بعد نماز عصر جامعہ کے ہال میں سیمینار بعنوان ’’وقف کی اہمیت‘‘ منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کے مہمان خصوصی مکرم عیسی ٰ آدم صاحب تھے جو ایسیام میں معلم سلسلہ کے طور پر خدمات بجا لارہے ہیں۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جو ماوے محمدعبداللہ صاحب نے کی۔ ان کا تعلق ٹوگو سے ہے۔ عبد العزیز باہ صاحب نے جو سینیگال سے ہیں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا پاکیزہ منظوم کلام ’’کروجان قربان راہ خدا میں‘‘ مترنم آواز میں پڑھ کر سنایا۔ مکرم عیسیٰ آدم صاحب نے ذاتی تجربات کی روشنی میں وقف کی اہمیت و برکات کے حوالے سے طلبا کو نصائح کیں اور سوالات کے جواب دیے۔ دعا کے ساتھ سیمینار کا اختتام ہوا۔

مقابلہ تقریر بزبان انگریزی

مؤرخہ 29؍نومبر 2022ء بعد نماز عصر جامعہ ہال میں مقابلہ تقریربزبان انگریزی منعقد کیا گیا۔جامعہ میں طلبا کے چار تعلیمی گروپس ہیں۔ صداقت، دیانت، امانت اور شجاعت۔ ہر گروپ سے تین تین طلبا نے حصہ لیا۔ ہر ایک طالب علم کو مندرجہ ذیل مقررہ عناوین پر چار منٹ کے لئے تقریر کرنا تھی:

The Holy Prophet (saw) as Prince of Peace
Truth of The Promised Messiah (as)
Blessings of Khilafat

منصفین میں جامعہ کے اساتذہ مکرم عبدالمجید علی صاحب معلم سلسلہ اور مکرم حافظ لبیب عبد اللہ صاحب شامل تھے۔ اس مقابلہ میں دیانت گروپ اول رہا، امانت گروپ دوم، صداقت سوم جبکہ شجاعت گروپ چہارم رہا۔ طلبا میں آدم اسماعیل اول، یوسف اوسئی نور الدین دوم اور عزیزان عبد التواب اور عبد الرحمان نور الدین سوم رہے۔ اللہ تعالیٰ ان طلبا کے لئے یہ اعزاز مبارک کرے۔ آمین

(رپورٹ: رضوان کوثر۔ استاذ جامعة المبشرین گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی