• 20 مئی, 2024

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسنادوکارگزاری جامعہ احمدیہ تنزانیہ

جامعہ وہ عظیم درس گاہ ہے جس کی بنیاد خود حضرت مسیح موعود ؑ نےاپنے بابرکت ہاتھوں سے رکھی۔اس درس گا ہ کا مقصد سنتِ ابراہیم و اسماعیل علیہم السلام کی پیروی کرتے ہوئے ایسے علماء مہیا کرنا ہے جو خدا کے پیغام کو دنیا کے کناروں تک پہنچائیں۔اور جہاں ارشاد ہواصحابِ صفہ کی طرح دھونی رماکر بیٹھ جائیں، خلیفہ المسیح کے اقوال و نصائح ان کا اوڑھنا بچھونا ہو۔ اور حضرت عبد الکریم صاحب سیالکوٹی ؓ اور حضرت برہان الدین صاحب جہلمی ؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جماعت کے لیے مفید وجود اور حضرت خلیفۃ المسیح کے دست و بازو بن سکیں۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو اپنا تعلیمی سال جنوری 2020 تا دسمبر 2020ء مکمل کرنے کی توفیق ملی ۔الحمدللہ علیٰ ذلک

اس وقت جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں61 طلباءزیرتعلیم ہیں۔امسال چار سالہ تعلیمی نصاب مکمل کرنے کے بعد فارغ التحصیل ہوکر میدانِ عمل میں جانے کیلئے تیار طلباء کی تعداد 9ہے۔ جن میں تنزانیہ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک ملاوی، کینیااور کانگو کے طلباء بھی شامل تھے۔جن کے اسماء درج ذیل ہیں۔

  1. SALIM KAPHUNZA NGOME
  2. SHUKURU SULEIMAN MAGANA
  3. MUHAMMAD MURABU NYAMAWI
  4. HASHIM AHMADI MTENJE
  5. RASHIDI MEJA MAGANGA
  6. IBRAHIM ALLY
  7. RAJAB IBRAHIM AHMAD
  8. SHABANI YUNUS WITIKA
  9. SHUA’AIB ISSA YUSUF

اس کے علاوہ اس سال بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے 2 طلباء کو جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے لئے منتخب کیا گیا۔ فی الحال یہ طلباء مخصوص حالات کی وجہ سے اپنی تعلیم کا سلسلہ آن لائن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ سالوں کو ملا کر اب تک تنزانیہ سے 15 طلباء جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں تعلیم کی غرض سے بھجوائے جاچکے ہیں۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کی زیرِ نگرانی ’’حفظ کلاس‘‘ بھی باقاعدگی کے ساتھ جاری ہے۔

جامعہ کی تدریس کے ساتھ ساتھ طلباء کو دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کی عادت ڈالی جاتی ہے۔جماعتی روایات کے مطابق وقار عمل جامعہ کے روزمرہ معمولات کا ایک لازمی جزو ہے۔ اس کے ذریعہ نہ صرف جسمانی محنت اور اپنا کام اپنے ہاتھ سے کرنے کی عادت پیدا ہوتی ہے بلکہ ہر ممکنہ طریق سے اپنے دجود کو جماعت کی خدمت میں لگانے کا جذبہ بھی بیدا ر ہوتا ہے۔امسال ہونے والے وقار عمل کی تعداد 90 ہےجس کے ذریعہ 4 ملین شلنگ سے زائد رقم کی بچت کی گئی۔

انفاق فی سبیل اللہ کے تحت طلباء جامعہ میں چندہ جات کی ادائیگی کی عادت پیدا کی جاتی ہے۔امسال مختلف مدات میں طلباء کو 20 ملین شلنگ سے زائد کی قربانی کی توفیق ملی۔الحمد اللہ۔

کورونا وبا کے باعث حکومتی ہدایات کے پیشِ نظر جامعہ میں کچھ عرصہ تعطیلات کی گئیں ۔ اس دوران طلباء جامعہ نے اپنی مدد آپ کے تحت جامعہ کے احاطہ میں ہی مختلف اجناس اگائیں جن سے کسی حد تک میس کی ضروریات پوری ہوتی رہیں۔

دورانِ سال 13 تبلیغ ڈے منائے گئے جن میں موروگورو شہر اور ارد گرد کے علاقوں میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا گیا۔ SabaSaba گراؤنڈ میں لگنے والے اتوار بازار کے دوران 7 بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اسی طرح مسلسل 8 دن تک جاری رہنے والے ملکی صنعتی و زرعی میلہ (NaneNane) پر بھی امسال جامعہ کو سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر ایک ہزار سے زائد کتب سلسلہ فروخت ہوئیں اور تقریباً 4 ہزار پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ ان تمام سرگرمیوںمیں محض خدا تعالیٰ کے فضل سے 2 ملین سے زائد مالیت کا جماعتی لٹریچر فروخت ہوااور 47 ہزار سے زائد افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔

تبلیغ کے حوالہ سے ایک مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ نیزامسال دسمبر کی چھٹیوں میں 16 طلبہ نے وقف عارضی کی سعادت پائی۔ان کی کاوشوں کے سبب 7 بیعتیں بھی حاصل ہوئیں جنہیں متعلقہ جماعتوں کے ساتھ منسلک کروایا گیا۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ اپنی استطاعت کے مطابق اپنے قرب وجوار میں بھی خدمت خلق کی توفیق پاتا ہے۔امسال عید الفطر پر 100 گھرانوں میں عید گفٹس کی تقسیم کی توفیق ملی۔ان گھرانوں میں بیوگان، یتامیٰ اور ضرورتمند افراد کو مد نظر رکھا گیا۔ نیز عید الاضحی پر بھی قربانی کے گوشت کا تحفہ مستحقین اور علاقہ مکینوںمیں تقسیم کیا گیا ۔ان پروگراموں کی خبر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں بھی نشر ہوئی۔ سولر واٹر پراجیکٹ کے ذریعہ روزانہ جامعہ احاطہ کے قریب کے علاقہ سے اوسطاً 75 سے 100 گھرانے صاف پانی کی سہولت سے مفت فائدہ اٹھاتے ہیں۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر تربیتی کلاسز کا انعقاد کروایا جاتا رہااور تقریباً 100افراد کو مختلف دینی امور سے متعلق آگاہی دی گئی۔

دوران سال مختلف مواقع پر اساتذہ و طلباء جامعہ کی سیر وتفریح کا بھی اہتمام کیا جاتا رہا۔موروگورو شہر سے کچھ فاصلہ پر ایک پُرفضا مقام The Highlands میں پکنگ منائی گئی جن میں سے ایک پکنک میں مدعو کرنے پر مکرم امیر صاحب اور دیگر تمام مبلغین کرام نے شامل ہوکر حوصلہ افزائی کی۔اس کے علاوہ NGUZO CAMP SITE اور DAKAWA کے مقامات پرسٹاف جامعہ کی پکنک کا اہتمام بھی کیا گیا۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے ٹائم ٹیبل میں روزانہ کھیل اور جسمانی ورزش بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ طلباء کو مختلف گروپس میں تقسیم کرکے ان کے مابین ورزشی مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ امسال سالانہ ورزشی مقابلہ جات مؤرخہ 23 اور 24ستمبر 2020ء کو منعقد ہوئے ۔ کھیل کے علاوہ طلبہ میں علمی ذوق پیدا کرنے کے لیے علمی مقابلہ جات بھی کروائے جاتے ہیں۔جامعہ احمدیہ سے ملحقہ ’’مسجد مسرور‘‘ میں سینئر طلباء کو نمازوں کی امامت کرانےاور دروس دینےکی ذمہ داری دی جاتی ہے۔نیز انتظامی کاموں کی عملی ٹریننگ کیلئے بھی طلباءکو ہوسٹل اور میس کی مختلف ذمہ داریاں تفویض کی جاتی ہیں۔ طلباء کا تربیتی معیار بڑھانے کیلئے نماز باجماعت کے ساتھ ساتھ انفرادی تہجد پڑھنے، خطبات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز باقاعدگی سے سننے اور دعائیہ خطوط لکھنے کی طرف خاص یاددہانی کروائی جاتی ہے۔نیز مختلف اوقات میں تربیتی و تعلیمی لیکچر، ٹیوٹوریل سیشن اور جلسوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر طلباء جامعہ کو جادو ، ٹونے اور تعویذ گنڈوں کی حقیقیت کے عنوان پر باقاعدہ لیکچردیئے گئے اور اس حوالہ سے سوال و جواب کی نشستیں بھی رکھی گئیں۔دوران سال جلسہ سیرت النبی ﷺ ، جلسہ یوم مصلح موعودؓ اور جلسہ یوم خلافت منعقد ہوئے۔

اساتذہ جامعہ اپنے فرائض کے ساتھ ساتھ جماعتی سطح پر بھی محترم امیر صاحب اور مرکز کی طرف سے مفوضہ امور کی بجا آوری کی بھی سعادت پاتے ہیں۔امسال مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران آن لائن دروس کی نگرانی کی توفیق ملی۔ ملک بھر سے مبلغین کرام نے اپنے اپنے مفوضہ عناوین پر دروس ریکارڈ کر کے بھجوائے جنہیں جامعہ نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئرکیا۔نیز کورونا وائرس کی ہیومیو پیتھی ادویات کی ملک کے مختلف ریجنز میں ترسیل کی ذمہ داری بھی جامعہ کو سونپی گئی۔امسال مبلغین کرام کی میٹنگ کے موقع پر جامعہ کو مہمان نوازی کا اعزاز حاصل ہوا۔نیز مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر ہر ہفتہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کا خلاصہ سواحیلی زبان میں تیار کیا جاتاہے۔ جامعہ کے تعلیمی و انتظامی امور کو چلانے کے لیے ہر ماہ باقاعدہ سٹاف میٹنگز بھی منعقد ہوتی ہیں۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ملحقہ احاطہ میں احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول بھی قائم ہے جس کی نگرانی انتظامیہ جامعہ کے سپرد ہے۔

امسال ملک کی بعض یونیورسٹیوں کے شعبہ زراعت اور مارکیٹنگ کے تقریباً 20 طلباء نے فیلڈ ٹرپ پر جامعہ کا وزٹ کرکے جامعہ کے احاطہ میں موجود باغیچوں اور کیاریوں کا معائنہ کیا۔ان کو جامعہ کے باغات کا وزٹ کروایا گیا۔اور اجناس او ر سبزیاں اگانے کے حوالے سے جامعہ کے تجربات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اور کھیتی باڑی سے متعلقہ مسائل کا حل بھی دریافت کیا گیا۔

مؤرخہ 16 جنوری بروز ہفتہ سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم ومحترم طاہر محمود چوہدری صاحب (امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ) تھے۔

عزیزم سلیم عمرنے تلاوت قرآن کریم کی۔ عزیزم یقین رجب نے خوش الحانی سے سواحیلی نظم پڑھ کر سنائی۔ اس کے بعد مکرم عابد محمود بھٹی صاحب (پرنسپل جامعہ) نے حاضرین مجلس کے سامنے معزز مہمانان کاتعارف کرواتے ہوئے استقبال کیا۔ سٹاف سیکرٹری مکرم عزیز احمد شہزاد صاحب (مربی سلسلہ) نےسالانہ رپورٹ بزبان اردو اور مکرم شمعون جمعہ صاحب (معلم سلسلہ) نےسالانہ رپورٹ بزبان سواحیلی پیش کی۔تقریب کے آخر میں مکرم مہمان خصوصی نے تعلیمی سال میں اپنی اپنی کلاسز میں اول و دوم درجہ پانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے ۔ اور فارغ التحصیل طلباء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول کے طلبہ، اساتذہ اور دیگر کارکنان میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔ مزید برآں سٹاف جامعہ، مقامی جماعت کے عہدیداران اور معزز مہمانان کی خدمت میں تحائف بھی پیش کئے گئے۔

تقریب کا اختتام مکرم و محترم امیر صاحب تنزانیہ کی نصائح سے ہوا۔ آپ نے حاضرین کواپنے اپنے فرائض کی کما حقہ ادائیگی کی تلقین کی۔ اور خلافت سے پختہ تعلق کے قیام کی ترغیب دی۔خاص طور پر جامعہ سے فارغ التحصیل طلباء کو اپنے تربیتی معیار بڑھانے کی طرف توجہ دلائی تاکہ احبابِ جماعت کیلئے نیک نمونہ بن سکیں۔

اس مبارک تقریب کا اختتام دعا سے ہوا اور تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔جن معزز مہمانان نے تقریب کو رونق بخشی ان کے اسماء یہ ہیں:مکرم بکری عبیدی کلوٹا صاحب (نائب امیر)، مکرم سیف حسن ناکوچیما صاحب (جنرل سیکرٹری)، مکرم ریاض احمد ڈوگر صاحب (ریجنل مبلغ ارنگا)، مکرم کریم الدین شمس صاحب (ریجنل مبلغ مبیا ، سومباوانگا اور کٹاوی ریجنز)، مکرم آصف محمود بٹ صاحب (ریجنل مبلغ موروگورو)، مکرم شعبان عثمان شُنڈا صاحب (مربی سلسلہ)، مکرم آصف رضا صاحب (مربی سلسلہ)۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے ، اس میں خدمت سر انجام دینے والوں کو جزا دے اور اس ادارے سے فارغ التحصیل ہو کر میدان عمل میں خدمت بجا لانے والوں کو وقف کی روح کو سمجھنے والا اور خلافت کا سچا وفا دار بنائے۔آمین۔

(رپورٹ:ڈاکٹر فضل الرحمان، تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 فروری 2021