• 25 اپریل, 2024

رپورٹ بابت نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ سینیگال2021

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہر لحظہ ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہے ۔ اور اس طرح انتظامی و تنظیمی طور پر بھی ہرملک میں تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے ذریعہ ممبران کی تعلیم و تربیت کر کے ان کو قوم و ملت کے لئے بہتر شہری بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ اسی پس منظر میں ہر ملک میں جماعتی طورپر جلسہ ہائے سالانہ منعقد ہوتے ہیں۔ اور تنظیمی طور پر اجتماعات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

امسال سینیگال میں کورونا کی پابندیوں میں نرمی کے بعد جب دیگر سرگرمیوں کا آغاز ہوا تو حسب معمول حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے مؤرخہ 3اور 4 اپریل 2021 کو ڈاکار، سینیگال میں نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ سینیگال کا انعقاد کیا گیا۔

مؤرخہ 2 اپریل کو ہی لجنہ اماء اللہ کی ممبرات قافلوں کی صورت میں نیشنل ہیڈ کوارٹر ڈاکار میں پہنچنا شروع ہو چکی تھیں ۔اگلے روز مؤرخہ 3 اپریل کو نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں نماز فجر کے بعد لوکل زبان میں درس دیا گیا۔ اور لجنہ اماء اللہ کی ممبرات اجتماع گاہ کی تیاری میں مصروف ہو گئیں۔ بعد دوپہر نیشنل صدر صاحبہ لجنہ کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں تمام ممبرات نے کھڑے ہو کر لجنہ کا عہد دہرایا۔ نظم کے بعد صدر صاحبہ لجنہ نے انتظامی ہدایات دیں ۔ صدر صاحبہ لجنہ کی درخواست پر مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال نے اجتماعات کی اہمیت و مقاصد اور باہمی تعاون پر اسلامی تعلیمات کی رو سے لجنہ کو نصائح کیں ۔ دعا کے بعد افتتاحی تقریب ختم ہوئی۔

ازاں بعد لجنہ و ناصرات کے مابین 8 ورزشی مقابلہ جات ہوئے جو نماز مغرب تک جاری رہے ۔ ورزشی مقابلہ جات میں 100 میٹر دوڑ، ایک ٹانگ دوڑ ،رسہ کشی،تین ٹانگ دوڑ،لانگ جمپ،وغیرہ شامل تھے ۔تمام ممبرات نے بڑھ چڑھ کر مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

نماز مغرب و عشاء کے بعد ناصرات میں علمی مقابلہ جات ہوئے۔ جو رات 11 بجے تک جاری رہے ۔

دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد ،نماز فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ناشتہ کے بعد لجنہ کے درمیان علمی مقابلہ جات ہوئے جو دوپہر گیارہ بجے تک جاری رہے ۔علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم ، نظم ، حفظ قرآن ،حفظ ادعیہ،حفظ قصیدہ، دینی معلومات ، وغیرہ شامل تھے۔

نماز ظہر و عصر کے بعد ممبرات کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔بعد ازاں نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ سینیگال کی زیر صدارت اختتامی تقریب میں صدر صاحبہ لجنہ نے ورزشی و علمی مقابلہ جات میں اول دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات میں انعامات تقسیم کئے ۔آخر میں اپنے اختتامی خطاب میں صدر صاحبہ لجنہ نے ممبرات کو لجنہ کی تنظیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی نصیحت کی ۔نیز ان کو مالی قربانی کی طرف بھی توجہ دلائی ۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ سینیگال میں سینیگال کے 9 ریجنز سے 151 ممبرات شامل ہوئیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سرگرمیوں کو افراد جماعت کے ایمان و ایقان میں مضبوطی کا موجب بنائے۔ اور دین اور ملک کے لئے مفید وجود بنیں۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مئی 2021