• 26 اپریل, 2024

بورکینا فاسو کے ریجن بانفورا میں مسجد کا افتتاح

خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بورکینا فاسو خلافت کے زیر سایہ ترقیات کی منازل کی جانب رواں دواں ہے۔سارا سال مختلف النوع سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ۔ ان سرگرمیوں میں سے ایک اہم اقدام مساجد کی تعمیر بھی ہے تاکہ ملک کے طول و عرض میں بندگان خدا صاف ستھری مساجد میں سہولت کے ساتھ عبادات بجا لا سکیں ۔

لاک ڈاؤن کے ان دنوں میں جہاں کاروبار زندگی عملاً معطل ہو چکا ہے ۔ تاہم اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے مسائل پر قابو پانے کی توفیق بخشی اور جماعت احمدیہ بورکینا فاسو کو اپنی مساجد میں ایک نئی مسجد کا اضافہ کرنے کا موقع عطا ہوا ۔

بانفورہ ریجن کی ایک جماعت توروکورو (Torocoro) کافی پرانی جماعت ہے ۔ یہاں پر پہلے مسجد موجود تھی لیکن وہ وقت کے ساتھ ساتھ خستہ حال ہوگئی تھی۔ جماعت کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے یہاں مسجد کی تعمیر نو کا کام شروع ہوا ۔

مقامی احباب جماعت کے ساتھ مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں کئی ایک میٹنگز ہوئی۔ چنانچہ پہلی مسجدکی جگہ پر ہی نئی مسجد تعمیر کرنے کا پروگرام بنا ۔

توروکورو (Torocoro) گاؤں میں پانی کا حصول کا فی بڑامسئلہ ہے۔ مسجد سے پانی کا کنواں ایک کلومیٹر دور ہے۔ گرمی کے دنوں میں تعمیری ضروریات کے لئے ایک کلومیٹر سے پانی لے کر آنا آسان کام نہ تھا۔ لیکن مسیح پاک علیہ السلام کی پیاری جماعت کے جذبہ ایمان کے آگے یہ فاصلہ کچھ بھی اہمیت نہ رکھتا تھا۔ مرد حضرات تعمیر کے کام میں جت گئے اور پانی لانے اہم اور مشکل ذمہ داری گاؤں کی لجنہ اماء اللہ کی ٹیم نے اپنے سپرد لے لی۔ چنانچہ لجنہ نے جانفشانی سے تعمیر کے دوران میں پانی کابر وقت حصول ممکن بنایا۔ اسی طرح مسجد کی تعمیر کے کام میں انصار،خدام اوراطفال نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ خدا تعالیٰ کی دی ہوئی توفیق سے تعمیر کا زیادہ تر کام وقار عمل کے ذریعے ہی کیا گیا اور چند ماہ میں مسجد کی تعمیر مکمل ہوگئی۔ الحمد للہ۔

افتتاحی تقریب

مورخہ 12جون بروز جمعۃ المبارک مسجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ افتتاح کے روز مقامی احباب جماعت کی خوشی دیدنی تھی۔ ان کی محنت اور اخلاص کا پھل آج انہیں نئی خوبصورت مسجد کی شکل میں مل رہا تھا۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو با عمل اور متقی نمازیوں سے بھر دے ۔

افتتاحی تقریب کے لئے مکرم امیر صاحب بورکینا فاسو نے خاکسار (اعجاز احمد) مربی سلسلہ ریجن بانفورہ کو اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا۔ چنانچہ خاکسار کے ہمراہ ریجن سے دیگر احباب کے ساتھ ساتھ بانفورہ شہر کی مجلس عاملہ کے بعض ممبران کا ایک قافلہ توروکورو گاؤں پہنچا۔ احباب جماعت نے وفد کا بھر پور استقبال کیا۔

افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے مقامی احمدی احباب کے علاوہ دیگر معززین بھی تشریف لا چکے تھے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد بعض معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کو گاؤں میں خوبصورت مسجد بنا نے پر مبارک باد دی۔ تقریب میں غیر از جماعت احباب بھی بکثرت موجود تھے۔ خاکسار نے اپنے اختتامی کلمات میں آمد حضرت امام مہدی علیہ السلام کا بتاتے ہوئے جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔ تقریب کے اختتام پر خاکسار نے فیتہ کاٹ کر اجتماعی دعا کروائی۔ اس طرح اس مسجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ تقریب میں شرکت کرنے کے لئے قریبی جماعتوں سے بھی احباب جماعت تشریف لائے ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں توروکورو (Torocoro) گاؤں کی مسلمانوں کی تنظیم کے نمائندہ ،گورنمنٹ پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور دیگر احبا ب نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ الحمد اللہ اس موقع پر عمدہ رنگ میں جماعت کا تعارف کروانے کا موقع ملا ۔اس بابرکت تقریب کی کل حاضری تین صد پچاس سے زائد رہی ۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو حقیقی عبادت گزاروں سے بھر دے ۔ اور اسے علاقے بھر کےلئے شمع ہدایت بنا دے۔ جماعت احمدیہ برکینا فاسو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے۔ (آمین)

(رپورٹ : اعجاز احمد ریجنل مشنری بانفورا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 جون 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جون 2020