• 25 اپریل, 2024

بینن میں عید الاضحی

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال عید الاضحی کے موقع پر جماعت احمدیہ بینن کو ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے ملک بھر کے 713؍مقامات پر 491؍قربانیاں کرنےکی توفیق ملی جس سے 52230؍افراد مستفید ہوئے۔

ملک کے دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے کئی ایسے غربا اور ضرورت مند بھی ہوتے ہیں جن کو سال بھر میں گوشت کھانا میسرنہیں آتا، انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت ہمارے مبلغین و معلمین کرام نے ایسے لوگوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔

علاوہ از یں اس عیدکے موقع پر حکومت کے فلاحی اداروں کو بھی قربانی کے جانور دیے گئے ۔

28؍جولائی2020ءکو گورنر ہاؤس Cotonou میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں محترم امیر صاحب بینن نے اپنے 5رکنی وفد کے ساتھ شرکت کی۔ انہوں نے میڈیا کے سامنے بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی پہلے سے بڑھ کر جماعت ملک بھر میں قربانیاں پیش کر رہی ہے تاکہ غربا و نادار لوگوں تک ان کا گوشت پہنچایا جاسکے۔ یہ آنحضورﷺ کا فرمان ہے اور سالوں سے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا شعار ہے۔

گورنر صاحب اپنی مصروفیات کی بنا پر شہر میں نہیں تھے لہٰذا ان کے سیکرٹر ی صاحب نے جماعتی وفد کو خوش آمدید کہا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔ اس تقریب میں اسسٹنٹ منسٹر برائے سوشل افیئرز اینڈ مائیکرو فنانس نے بھی شرکت کی اور جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب کی نیشنل ٹیلی ویژن ORTB،Canal 3 TV،E-Tele اور نیشنل اخبار La Nation نے خبر شائع کی۔

اس تقریب کے بعد ایک جماعتی وفد سوشل افیئر کی منسٹری گیا جہاں پر ڈائریکٹر برائے معذور اور عمر رسیدہ افراد (جن کے ماتحت معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے 2؍ادارے ہیں) نے جماعتی وفد کا استقبال کیا۔ جماعت کی طرف سے ان کو قربانی کے جانور پیش کیے گئے۔ بعد ازاں گورنمنٹ کے مینٹل ہاسپٹل اور سول جیل کوتونو میں بھی جماعت کی طرف سے قربانی کے جانور اور دیگر اشیا خورونوش پیش کی گئیں۔

29؍جولائی 2020ء کو بینن کے دارالحکومت پورتونو میں گورنر ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں گورنر صاحب کو عید کے موقع پر جماعت احمدیہ کی طرف سے تقسیم کیے جانے والے جانوروں کے بارے میں مختصراً بتایاگیا۔ اس پر انہوں نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اپنے نمائندہ کو جماعتی وفد کے ساتھ بھجوایا جنہوں نے سول جیل پورتونو اور ذہنی معذور افراد کے ایک سنٹرمیں قربانی کے جانور اور دیگر اشیا خورونوش پیش کیں۔

مورخہ29؍جولائی 2020ء کو E-Tele جو ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل ہے کی ٹیم احمدیہ مشن ہاؤس کوتونو آئی جوکہ بینن میں عید الاضحی کے موقع پر ایک رپورٹ تیار کر رہی تھی انہوں نے محترم امیر صاحب کا انٹر ویو اور قربانی سے متعلقہ اسلامی فلاسفی کو اپنی رپورٹ میں نشر کیا۔

اللہ تعالیٰ تمام قربانیاں پیش کرنے والوں اور کسی بھی لحاظ سے ان میں حصہ لینے والوں کو اس کا بہترین اجر عطا فرمائے اور آئندہ پہلے سے بڑھ کر قربانی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: منتظر احمد۔)

٭…٭…٭

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 اگست 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 اگست 2020