• 26 اپریل, 2024

12 ربیع الاول جشنِ عید میلاد النبی ﷺ

نعتِ رسولِ مقبولﷺ

مرحبا مصطفیٰ ﷺ گنگنائیں گے ہم
عید جشنِ ولادت منائیں گے ہم
گھر چراغوں سے اپنے سجائیں گے ہم
اور نغمے درودوں کے گائیں گے ہم
یہ دفیں مدحتوں کی بجائیں گے ہم
یوں محبت نبی ﷺ سے بڑھائیں گے ہم
ہے عقیدت ہمیں آپ سے کس قدر
نقش آقا پہ چل کے دکھائیں گے ہم
ہے محمدﷺ پہ دل، جان، دولت فدا
اُن کی چاہت میں سب کچھ بھلائیں گے ہم
ذکر و اذکار میں یہ کٹے زندگی
دل میں اُلفت کی شمعیں جلائیں گے ہم
آنچ حرمت پہ آنے نہ دیں گے کبھی
جان و دل مصطفیٰ ﷺ پر لٹائیں گے ہم
اُلفتوں کے کھلائیں گے ہر دل میں پھول
اپنے ہونٹوں پہ نعتیں سجائیں گے ہم
بندگی میں ہی گذرے گی عمرِ رواں
زندگی کو مدینہ بنائیں گے ہم
تیرگی میں سبب ہیں اُجالے کا آپ
نور سے آقا کے فیض پائیں گے ہم
وہ ہی بشریٰؔ ہیں فرقاں، یٰسین اور طہٰ بھی
جگ کو اوصاف اُن کے گنائیں گے ہم

(بشریٰؔ سعید عاطف۔ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات