• 20 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ مبارکہ شاہین ۔جرمنی سے تحریر کرتی ہیں:
الفضل واقعی ہمارا بہت پیارا اخبار ہے۔ روزانہ ہی اس میں ایمان افروز واقعات پڑھنے کو ملتے ہیں۔ کل مورخہ 5 اکتوبر 2021ء کے اخبار میں نبیلہ رفیق روزی صاحبہ اور مدثرہ عباسی صاحبہ کے مضامین پڑھ کر بہت باتیں یاد آتی چلی گئیں۔ اللّہ تعالیٰ سب کےلئے ازدیاد ایمان کا موجب بنائے، آمین

2019ء میں الحمدللّٰہ ہمیں بھی مکہ مکرمہ، مدینہ النبی، قادیان شریف، ربوہ اور پھر لندن بھی جانے کا موقعہ ملا۔ خاکسار بھی ان شاء اللہ ان کی روداد لکھ کر بھیجے گی۔ اللّٰہ تعالیٰ ان اسفار کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے، آمین۔

• مکرمہ صدف علیم صدیقی ۔ کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں:
مؤرخہ 16ستمبر کے الفضل میں ’’عشق و مشک رانتواں نہفتن‘‘ کے عنوان پر آرٹیکل پڑھا۔ بے حد خوبصورت عنوان کا حق ادا ہوگیا ہے۔ اس موضوع کو آپ نے جس طرح مثالوں سے مزین کر کے پیش کیا ہے اس نے مجبور کر دیا کہ اسے دوسروں کے ساتھ بھی شئیر کیا جائے اور عمل کرنے کی بھی پوری کوشش اور دعا کی جائے کیونکہ اس رحمان و رحیم ذات کے فضل کے بغیر تو کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالی ہمیں عشق الہی اور عشق رسول کا حق ادا کرنے والا بنائے۔ آمین

اخبار روزنامہ الفضل جس طریق پر آپ کی ٹیم تیار کرتی ہے وہ قابل تحسین اور قابل داد ہے۔ ایک تو مضامین بہت علمی ہوتے ہیں پھر ترتیب بھی دل کو بھا جاتی ہے۔اللہ تعالی آپ سب کو اس کی نیک جزا ء عطا فرمائے۔ آمین

• مکرم مظفر احمد شہزاد لکھتے ہیں :
الحمد للہ روز نامہ الفضل آن لائن آپ کی ارادت میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعائوں سے نئی جہات کے ساتھ ترقی کی نئی منازل طے کررہا ہے۔ انتہائی خوشی ہے کہ ہر شمارہ کے اداریے و دیگر مضامین کا چنائو بہتر سے بہتر ہوتا جارہا ہے۔ مورخہ 4اکتوبر 2021ء کے شمارہ میں خاکسار کے پڑدادا حضرت میاں غلام محمد صاحبؓ آرائیں کی روایت حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے بیان فرمودہ خطبہ جمعہ سے بعنوان ’’ایک پاک وجود کا ٹکرا غیروں کو دینا اچھا نہیں‘‘ شائع ہوئی۔ وہیں مجھے اپنے آباء کی تاریخ سے مزید آگاہی کے ساتھ مضمون لکھنے کی طرف توجہ ہوئی۔ اس روایت میں بیان اسماء میں حضرت مولوی رحمت علی ؓصاحب میری دادی جان کے والد محترم ہیں جبکہ میاں جان محمد ؓصاحب میرے دادا ہیں۔ حضرت میاں محمد ابراہیم ؓصاحب میرے دادا کے سگے بھائی اور میاں سلطان علی ؓصاحب سیکرٹری میرے والد صاحب کے پھوپھا ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور دیگر محنت کرنے والے تمام کارکنان کو جزائے خیر دے آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات