• 27 اپریل, 2024

چودھویں تربیتی کلاس ناصرات الاحمدیہ بانجل گیمبیا

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے ایک ریجن بانجل/کومبو کی مجلس لجنہ اماءاللہ کو امسال ناصرات الاحمدیہ کی تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علٰی ذٰلک۔

یہ دس روزہ تربیتی کلاس ملک میں سکولز سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران مؤرخہ12؍اگست تا 21؍اگست 2022ء جماعت کی مرکزی جامع مسجد بیت السلام میں منعقد کی گئی۔

ناصرات کی رہائش کا انتظام مسجد کے ملحقہ ہال میں تھا۔ اس دس روزہ کلاس کا باقاعدہ آغاز ہر روز باجماعت نمازِ تہجد سے ہوتا رہا۔ناصرات کی تعلیمی کلاسز بیت السلام مسجد میں منعقد ہوئیں جن کا دورانیہ روزانہ صبح آٹھ بجے سے دو بجے بوقت نماز ظہر تک پانچ گھنٹے رہا۔

کلاسز کے دوران مختلف مضامین کی تدریس کی گئی، جن کے عناوین درج ذیل ہیں۔

  • یسرناالقرآن
  • قرآن پاک کے 30ویں پارے کی تلاوت اور حفظ
  • مخصوص احادیث و تشریح
  • مختلف دعائیں
  • دینی معلومات

ان مضامین کے علاوہ تمام شرکاء نے کلاسز کے دنوں میں مخصوص موضوعات پر مختلف مقررین کے لیکچرز میں شرکت کی جن سے ان کے علم میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور روحانی بہتری بھی ہوئی۔ کلاسز کے دوران پیش کئے گئے لیکچرز کے موضوعات درج ذیل ہیں:

  • احمدیت کی صداقت قرآن اور احادیث کی روشنی میں
  • گیمبیا میں احمدیت کا قیام
  • حفظان صحت کے اصول
  • جماعت کا مالی نظام اور تمام چندہ جات کا تعارف
  • احمدیت کا سفر
  • چند صحابیاتؓ کا تعارف
  • اسلام اور احمدیت کے متعلق عمومی علم

چونکہ جسمانی ورزش یا کھیل کلاسز کا ایک اہم جزو ہے۔ لہٰذا تعلیمی کلاسز کے علاوہ ناصرات نے روزانہ کھیل اور ورزش میں بھی حصہ لیا۔

20؍اگست 2022ء کو کلاس میں پڑھائے گئے مضامین کے امتحانات منعقد کئے گئے اور اعزاز پانے والی ناصرات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ناصرات کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔

اس دس روزہ تربیتی کلاس کا اختتام مؤرخہ 21؍اگست 2022ء کو ہوا۔ اختتامی تقریب کی صدارت نائب امیر ومشنری انچارج مکرم محمود احمد طاہر صاحب نےکی۔ اپنے اختتامی کلمات میں محترم مشنری انچارج صاحب نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے ہمیں اچھی صحت اور زندگی کے ساتھ تربیتی کلاس کا کامیابی سے انعقاد کرنے کے قابل بنایا جو کہ گزشتہ دو سالوں سےکرونا کی وبا کی وجہ سے منعقد نہیں ہوسکی تھی۔ انہوں نے حصول علم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے نمونے کو اپنانے کی کوشش کریں کیونکہ خواتین ہی معاشرے کی نگہبان ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو کلاسز کے دوران حاصل کردہ اچھے معیارات کو برقرار رکھنے اور آنے والے سالوں میں مزید آگے بڑھنے کی کوشش کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔آخر پر موصوف نے اجتماعی اختتامی دعا کروائی اور یوں یہ کلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

اس کلاس میں کل 64 ناصرات نے شرکت کی۔

آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کلاس کے بابرکت اور دور رس نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(محمد اکمل۔ گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی