• 24 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ گوئٹے مالا 2019ء کے موقع پر حضورِ انورایدہ للہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام

پیارے ممبران احمدیہ مسلم جماعت گوئٹے مالا

السلام علیکم ورحمة اللّٰہ و برکاتہ

مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ21,20 اور22دسمبر2019 ءکو منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو اعلیٰ کامیابی سے نوازے، تمام شاملین اس سے روحانی فیوض حاصل کرنے والے ہوں اوربھلائی، نیکی و تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔

میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ اپنے نئے امیر سے مکمل تعاون کریں۔ میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ ان شرائط بیعت پر پوری کوشش کے ساتھ پیرا ہوں جن کا عہد آپ نے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام سے کیا جن کے متعلق رسول اللہ حضرت محمدﷺ نے پیشگوئی فرمائی تھی اور ‘‘ہمارے مہدی ’’کے نام سے بڑی محبت سے پکارا تھا۔

گو کہ جماعت گوئٹے مالا میں کافی عرصے سے قائم ہے اور اب کافی حد تک پھیل جانا چاہیے تھا مگر یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ اس لیے گوئٹے مالا کی ترقی کے لیے آپ کو خاص کوشش کرنی چاہیے اور سخت جدوجہد کی ضرورت ہے۔ آپ کا کام اس علاقے میں اسلام کا سچا پیغام پہنچانا ہے اور ہماری خوبصورت تعلیمات سے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے اور ان کو حضور ﷺ کی درگاہ میں شامل ہونے کی دعوت دینا ہے۔

چنانچہ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ آپس میں بھائی چارے کی فضا کو قائم کریں اور پر امن اور محبت بھری فضا میں اکٹھے مل کر کوشش کرتے ہوئے گوئٹے مالا کی جماعت کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔
آپ اپنے اخلاص اور تعلق کو مضبوطی کے ساتھ خلافت کے بابرکت نظام کے ساتھ جوڑ یں اور خلیفة المسیح سے ذاتی تعلق بڑھانے کی کوشش کریں۔ آپ اپنی اولاد وںکو بھی خلافت کے بابرکت نظام سے آگاہ کریں اور ان کو ہمیشہ نصیحت کرتے رہیں کہ وہ خلیفۂ وقت کے ساتھ اخلاص کا تعلق قائم رکھنا ہے۔ آج اسلام کا احیائے نو اور دنیا کا امن خلافت کے بابرکت نظام سے وابستہ رہ کر ہی قائم کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے اس عظیم نظام کا ہمیشہ احترام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اور آپ کی نسل ہمیشہ خلافت احمدیہ کی بابرکت ہدایات کے تابع، اس کے زیر سائے اور حفاظت کے حصار میں رہیں۔

میں پھر نصیحت کرتا ہوں کہ اللہ کا بہت ذکر کریں اور جلسہ کی کارروائی کے دوران جب وقفہ ہو اور راتوں کو بھی دعائیں کریں ۔ پختہ عہد کریں کہ ‘اے اللہ! ہم اس جلسے میں، جس کا آغاز محض تیرے ارادے اور تائید سے ہوا تھا، نیک نیتی کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔ ہم جلسے میں صرف تیری رضا کے حصول کے لیے اور تیرے ذکر کو بڑھانے کے لیے اورتیری محبت کے حصول کی خاطرشامل ہو رہے ہیں۔ ہمیں ان تمام برکات کا وارث بنا جو تو نے اس جلسہ کے لیے مختص کی ہیں۔ ہمارے اندر وہ پاک تبدیلی پیدا کر دے جو تو چاہتا ہے جس کے لیے تو نے حضرت محمد ﷺ کے غلام صادق کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا تاکہ ہم حقیقی طور پر آپ کی بیعت کرنے والوں میں شامل ہو سکیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے،آپ کے جلسہ سالانہ کو اعلیٰ کامیابیوں سے نوازے ،آپ کو بیعت کے تقاضے پورا کرنے والا بنائے ،ہمیشہ نظام خلافت کا وفادار بنائےرکھے اور آپ کو اپنی زندگیوں میں ایسی حقیقی تبدیلی لانے والا بنائے جس سے آپ نیکی،تقویٰ ،خدمت انسانیت اور اسلام میں بڑھنے والےہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔ آمین

والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد

پچھلا پڑھیں

سوتے وقت دعائیں پڑھیں

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ