• 26 اپریل, 2024

سیرالیون کے کینیما اور مکینی ریجنز میں مساجد کا بابرکت افتتاح

محض اللہ تعالی کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو 19؍دسمبر 2020ء کو کینیما اور مکینی ریجنز میں نئی مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

ان مساجد کا تعارف اور افتتاحی تقاریب کی رپورٹ قارئین کے لئے پیشِ خدمت ہے۔

کینیما کے گاؤں مونڈے ما (Mondema) میں مسجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گراما مینڈے چیفڈم کے گاؤں مونڈے مامیں تین سال قبل جماعت کا پودا لگا۔ یہ گاؤں دارالحکومت فری ٹاؤن سے مشرق کی جانب 400 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہاں 12 سعید خاندانوں نے جماعت میں شمولیت اختیار کی اور نماز باجماعت ادا کرنی شروع کی۔ اس غرض سے ایک نومبائع نے اپنے گھر کا صحن پیش کیا۔ بعد میں کچھ اور لوگوں کے جماعت میں شامل ہونے کے بعد یہ جگہ کم پڑنی شروع ہوگئی اور ایک باقاعدہ مسجد کا قیام ناگزیر ہوگیا۔ اس مقصد کے لئے احبابِ جماعت نے ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کیا اور مسجد کے لئے جگہ دینے کا وعدہ کیا۔ جو جگہ مسجد کے لئے پیش کی گئی وہ بوجوہ اس کام کے لئے موزوں نہ تھی۔ ریجنل مبلغ منیر حسین صاحب نے گاؤں کا دورہ کیا اور ایک دو جگہیں پسند کیں لیکن جب ان کے مالکان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نہ صرف جگہ دینے سے انکار کیا بلکہ مخالفت پر آمادہ ہوگئے۔ اس بات کا جب ایک مخلص احمدی کو پتہ چلا جو بوجہ پاؤں کی تکلیف میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے تھے کہ مربی صاحب کو مجوزہ جگہ مناسب نہیں لگی اور مخالفین نے جگہ دینے سے انکار کردیا ہے تو وہ اپنی تکلیف کے باوجود مربی صاحب کے پاس لنگڑاتے ہوئے آئے اور اپنے کمپاؤنڈ میں لے گئے جہاں تین چار چھوٹے چھوٹے گھر بنے ہوئے تھے اور کہا کہ آپ ان کو گرا کر یہاں مسجد بنائیں۔ محترم مربی صاحب نے ان کے اس پیار اوراخلاص پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کہیں اور جگہ تلاش کر لی جائے۔ آخر کار خدا تعالیٰ کے فضل سے ایک ایسی جگہ پر دو ٹاؤن لاٹ جگہ مل گئی جہاں کچھ احمدی گھرانے بھی آباد تھے۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 22؍ مئی 2019 کو مکرم منیر حسین صاحب ، ریجنل مبلغ کینیما نے ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا اور اس مسجد کی تعمیر کے کام کی مکمل نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔ مسجد کا کل مسقف ایریا 4257فٹ ہے اور اس میں 300افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجد کی تعمیر میں علاقہ کے لوگوں نے بہت سے وقار عمل کئے اور اس طرح تعمیر کے خرچ میں کافی بچت ہوئی۔ فجزاہم اللّٰہ احسن الجزاء۔ افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن 11 بجے مکرم محترم مولانا سعیدالرحمن صاحب کی صدارت میں ہوا۔ اس موقع پر ریجنل مبلغ مکینی مکرم طاہر فرخ صاحب اور ریجنل مبلغ کینیما منیر حسین صاحب بھی موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیرصاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا ۔ آپ نے اپنے خطاب میں قرآن پاک کی اہمیت و عظمت بیان کی اورا مام مہدی کی آمد اور نشانات کے بارے میں بتایا اور آپ کا مقام و مرتبہ لوگوں پر واضح کیا۔ جس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ اس بابرکت تقریب میں دو چیفڈم سپیکر ، گیارہ امام، بارہ اساتذہ، دو پرنسپل اور تین پادریوں سمیت 112 غیر احمدی احباب شامل ہوئے۔ 9جماعتوں کے 217 احمدی احباب و خواتین نے اس بابرکت تقریب میں شمولیت اختیار کی۔ مکینی ریجن کی مسمبی Masingbi جماعت میں مسجد کا افتتاح اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 2018 ء میں ہوا تھا اور جماعت کی ضرورت کے پیشِ نظر جماعتی خرچ پر یہاں مسجد کی تعمیر ہوئی۔ اس مسجد کا سنگِ بنیاد مکرم طاہر احمد فرخ صاحب ریجنل مبلغ مکینی نے رکھا اور آپ کو اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللّٰہ احسن الجزاء مسجد کا کل مسقف احاطہ 5441 فٹ ہے اور اس میں قریباً 300 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مورخہ 19؍ دسمبر کو بعد نماز ظہر مکرم محترم مولانا سعیدالرحمن صاحب امیرومشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم محترم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں سیرۃ النبی ﷺ کے بعض پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بدعات سے بچنے کی تلقین فرمائی۔ جس کے بعد آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت پر خطاب فرمایا۔ اس کے بعد آپ نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی اور نمازِ عصر باجماعت ادا کی گئی۔ جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں 14 غیر احمدی امام، 50 غیر از جماعت دوست، دو چیف اور 209 احمدی مرد و خواتین شامل ہوئے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مساجد کو حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (سیرالیون))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جنوری 2021