اللہ کا پیارا ہے یہ مہمان مبارک
ہر شخص کو ہو رحمتِ رمضان مبارک
اِس ماہ میں ہے ربّ کا یہ فرمان مبارک
خود دے گا جزا روزے کی یزدان مبارک
معمور کئے ہم پہ جو رحمت کے فرشتے
مومن پہ ہے مولا کا یہ احسان مبارک
آباد مساجد ہوئیں پھر اُس کے کرم سے
رمضان کا ہر ایک ہے فیضان مبارک
ہرشام مبارک ہے تو ہر سحر ہے پُرنور
ہوں برکتیں رمضان کی ہر آن مبارک
دن رات تلاوت کی ملے ہم کو بھی توفیق
اِس ماہ ملا تحفۂِ رحمان مبارک
ایثار و محبت کے سُناتا ہے جو قصّے
رمضان کی آمد کی ہوئی شان مبارک
پھر رحمت و برکت کے یہ دن آئے ہیں بشریٰؔ
بخشش کا ہو تجھ کو بھی یہ سامان مبارک
(بشریٰ سعید عاطف۔ مالٹا)