• 26 اپریل, 2024

الفضل کے حوالے سے موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے (قسط 5)

الفضل کے حوالے سے اپریل میں
موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے
قسط 5

ادارہ الفضل ہر ماہ قارئین کے تبصروں اور آراء سے چند ایک ہر ماہ بغرض تاریخ شائع کر رہا ہے۔ ماہ اپریل کے چند تبصرے پیش ہیں۔

سلامتی کے حسین تحفے اور لاجواب مضامین

صبح سویرے، گھر بیٹھے پیارے آقا کی جانب سے سلامتی و حفاظت کی دعا ایسا بیش قیمت تحفہ تھی کہ دل سارا دِن حمد کے گیت گاتا رہا۔کیا ہی پیارا رشتہ ہے افرادِ جماعت کا۔صد ہا بار شکر ہے اُس ذات کا جس نے ہمیں احمدیت کے خوبصورت رشتہ میں پرویا۔

آپ کے اداریہ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں جس طرح بظاہر معمولی نظر آنے والی بات کو انتہائی خوبصورت انداز میں دین سے مربوط کر دیا جاتا ہے،وہ قابل ستائش ہے ۔ لوگوں کی اکثریت ان محاوروں اور باتوں کو اُس زاویے سے نہیں دیکھتی جس نظر اور زاویے سے آپ کی تحریر ہمیں دکھاتی اور سمجھا تی ہے۔ پھر وہ تحریر ’’بھانڈے قلعی کرا لو‘‘ ہو یا When it’s gone it’s gone ہو اپنا گہرا اثر دلوں پر چھوڑتی ہے ۔

(ثمرہ خالد۔ جرمنی)

گراں قدر معلومات

مکرم چوہدری فضل کریم صاحب کا اپنا بیان فرمودہ قبول احمدیت اور اللہ تعالیٰ کے احسانات اور انعامات کا ایمان افروز تذکرہ الفضل میں شائع کروا کر محفوظ کر لینا بہت مستحسن کام ہے۔ بہت قابل قدر معلومات میسر آئی ہیں۔

(رانا منظور احمد)

پرانی یادیں تازہ ہوگئیں

مختلف عنوانات جیسے ’’پیغام عہدیداران۔ دعا کی تازہ تحریک‘‘، ’’میں تو انتہائی عاجز سا انسان ہوں‘‘ اور ’’صداقت زمانہ کے مامور کی قران پاک کی آیت الحاقہ آیت 45-48‘‘ بہت عمدہ تھے۔

’’بھانڈے قلعی کرالو‘‘ نے میرے بچپن کی یاد تازہ کردی ہے۔ اللہ کرے کہ ہم اس مقدس مہینے میں یہ عہد کرنے والے بن جائیں کہ ہم وہ زنگ دور کر سکیں اور اسی نسخہ کو اپنانے والے بن جائیں جو اس مضمون میں بیان ہوا ہے۔

(آر آر قریشی)

روح وجد میں آگئی

مَاشَآءَ اللّٰہُ! چچا جان چوہدری فضل کریم کا ذکر خیر پڑھا روح وجد میں آگئی۔

(انیس دیالگڑی۔ جرمنی)

رمضان میں الفضل نے ہمیں اللہ
کے بہت قریب کئے رکھا

اداریہ ’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ اور ہادی علی صاحب کے مضمون بعنوان ’’حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کا وصفِ شعرو سخن‘‘ دونوں اقساط بے حد شاندار ہیں۔ ہر ہر جملے کا لطف آگیا۔ ’’چالیس کا ہندسہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ ایک نہایت عمدہ اور ہمیں ہماری ذمہ داریوں کی جانب توجہ دلانے والا مضمون ہے جسے آپ نے بہت خوبصورت مثالوں سے مزین کیا۔مورخہ 16اپریل 2022ء کو شائع کردہ مضمون بعنوان ’’پیشہ ہے رونا ہمارا، پیش رب ذوالمنن‘‘ میں جس خوبصورتی سے آپ نے خدا کے حضور بہنے والے پانی جسے دنیا آنسو کہتی ہے کو احساس، محبت، ندامت، خوشی، دکھ، خوف اور دیگر کیفیات سے جوڑا ہے اس نے تو سچ میں رلا دیا۔ حقیقت میں الفضل نے رمضان میں ہمیں اللہ کے بہت قریب کئے رکھا۔

(رثمىن احمد ۔جرمنى)

باکمال اخبار با کمال مضامین

خدا تعالیٰ کے خاص فضل اور رحمت سے الفضل آن لائن تیزی سے ترقیات کی منازل طے کرتا نظر آ رہا ہے خلیفہ وقت کی خاص دعاؤں اور توجہ کے ساتھ تمام ٹیم کی انتھک محنت رنگ لا رہی ہے اور اس آن لائن اخبار کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

’’چالیس کا ہندسہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ سبحان اللہ! کیا با کمال مضمون ہے۔ اتنی جامع معلومات اور آنکھیں کھولنے والی روایات اکٹھی کیں ہیں۔

(عفت وہاب بٹ۔ ڈنمارک)

احمدیت کا ورثہ شاندار مضمون

آج الفضل 18مارچ 2022ء میں خاکسار نے مکرم برادرم حامد کرم صاحب مبلغ ہالینڈ کا مضمون ان کے والد محترم جناب چوہدری فضل کریم صاحب مرحوم کے بارے میں ’’احمدیت کا ورثہ‘‘ پڑھا۔ اللہ تعالیٰ حامد کریم صاحب کو جزا دے۔

(سید شمشاد احمد ناصر۔مبلغ سلسلہ امریکہ)

تجسس اور دلچسپی بڑھ گئی

مورخہ 22 مارچ 2022ء کے شمارہ میں شائع کردہ مضمون ’’اسکنڈے نیوین ممالک میں الہام کا پورا ہونا‘‘ جو نبیلہ رفیق فوزی صاحبہ نے ناروے سے تحریر کیا ہے ایک شاندار مضمون ہے۔

مسیح موعود ؑ نمبر کے لیے آپ نے جو یہ نیا طریق اختیار کیا ہے کہ بجائے ایک ہی شمارہ شائع کرنے کے اس کو کئی دنوں میں منقسم کر دیا ہے، اس نے تجسس اور دلچسپی بہت بڑھا دی ہے۔ نئے مضامین اور ممالک کے بارے میں جاننے کی جستجو نے آئندہ دنوں میں چھپنے والے شمارہ جات کا انتظار بہت دلچسپ کر دیا ہے۔

(طاہر احمد۔ فن لینڈ)

اللہ تعالیٰ الفضل کو چار چاند لگائے رکھے

اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ الفضل آن لائن کو چار چاند لگائے رکھے اور ہم سب کو اسلام و احمدیت کی آواز کو بلند سے بلند کرنے کے لئے اس کا حق ادا کرنے کی توفیق دے اور اس کی ترقی و ترویج میں تمام کارکنان، خدمتگار، مدد گار اور قارئین کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

(امتہ الباری ناصر۔امریکہ)

کارکنان کے لئے دعا گو

آج 22مارچ 2022ء کا اخبار پڑھا اور آپ اور ان تمام مجاہدین کے لیے دعا کی توفیق ملی جو سچائی کا پیغام پہنچانے کے لیے اپنے گھروں سے دور دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔

(عبد القدیر قمر)

موثر اخبار خوبصورت انداز بیان

الفضل کا یہ روحانی مائدہ اس قدر موثر ہے کہ دل و دماغ میں اترتا جارہا ہے۔ ’’روحانی چھٹہ‘‘ کیا خوبصورت اور اچھوتا اندازِ بیان ہے، روزے کی وضاحت کا۔ جس نے دل کی میل کو صاف کر دیا ہے۔ پیارے خدا سے کچھ پیار ملتا لگ رہا ہے۔ راستے کی دھند دور ہوگئی ہے۔ کیسا مصفا اور دلفریب راستہ نظر آنے لگا ہے خدا تک پہنچنے کا۔ جزاک اللہ۔

(صادقہ چوہدری۔ کینیڈا)

حسین یادوں سے مزین

یکم اپریل 2022ء کے شمارے میں شیخ مبارک محمود پانی پتی مرحوم آف لاہور پر منور علی شاہد جرمنی کا بہت شاندار مضمون آیا ہے۔

7؍اپریل 2022ء کے الفضل میں حضرت عبد الرحمنؓ پر مضمون، پڑھ کر بہت لطف آیا۔ 13 اور 14اپریل 2022ء کے شمارہ الفضل میں ’’حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کا وصف شعر و سخن پڑھ کر بہت لطف آیا اور آپؒ کی حسین یادیں ابھر کر سامنے آنے لگیں۔ آپ کا اداریہ ’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ بہت پسند آیا۔ اچھی تشبیہات سے مزین سارے اداریے قابل ستائش ہیں۔ ابتلاؤں سے کامیاب ہو کر نکلنا اللہ کے فضل پر منحصر ہوتا ہے وَاِذِ ابۡتَلٰۤی اِبۡرٰہٖیم رَبُّہٗ بِکَلِمٰتٍ فَاَتَمَّہُنَّ قَالَ اِنِّیۡ جَاعِلُکَ لِلنَّاسِ اِمَامًا کا مضمون ہے۔

(فضل الرحمن بسمل)

مَاشَآءَ اللّٰہُ! بہت خوبصورت اداریے پڑھنے کو مل رہے ہیں۔ جزاک اللہ۔

(منصورہ فضل من۔ قادیان)

الفضل ایک منی گوگل

الفضل نے ہمارے دینی علم کے ساتھ ساتھ دنیاوی معلومات میں بھی اضافہ کیااور میں اخبار بینی اور مطالعہ کی عادت ڈال دی اس کا فائدہ آج تک ہم اٹھا رہے ہیں۔ الفضل کی حیثیت ہمارے لئے منی گوگل کی سی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اس منی گوگل کو ترقیات سے نوازتا رہے۔ آمین

مؤرخہ 4اپریل 2022ء کے شمارے میں طبع شدہ مضمون میں آپ نے آئینے سے بہت اچھی تشبیہ دی ہے الفضل واقعی آئینہ کا کام کر رہا ہے۔.

(سعدیہ طارق)

سیکھائے جو رونے کا سلیقہ

بہت خوبصورت تحریر ماشاء اللہ !بے شک ہمیں ہی رونے کا سلیقہ نہیں ہوتا ’’ورنہ بڑے کام کا ہے یہ آنکھوں کا پانی‘‘۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی وہ بینا آنکھیں عطاء کرے جن سے نکلنے والے آنسو عرش کے پائے کو ہلا دیں اور رحمت خداوندی کو جوش میں لا کر اپنی مناجات کو درجہ قبولیت بخشوا لیں، آمین اَللّٰھُمَّ آمین۔

(صدف علیم صدیقی ۔ کینیڈا)

لاجواب شمارے پر لاجواب تبصرہ

یوم مسیح موعود ؑ کے حوالے سے جو خوبصورت مضامین پڑھنے کو ملے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام زمین کے کناروں تک پہنچا ہے۔آپ کا اداریہ ان تمام موضوعات پر شاہکار تھا۔ ماشاءاللہ بہت عمدہ تحریر تھی۔

(مبارکہ شاہین ۔جرمنی)

ہمارا ترجمان اخبار

28مارچ 2022ء کے روز نامہ الفضل آن لائن لند ن میں آپ کا اداریہ بعنوان ’’پہلے حجاب پھر کتاب‘‘ پڑھا۔ ہمیشہ کی طرح معلوماتی، علمی اور متاثر کردینے والا اداریہ تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ہم عورتوں کا ترجمان اداریہ بھی تھا۔

’’بھانڈے قلعی کرالو‘‘ کیا خوب عنوان باندھا ہے۔ آپ کا یہ اداریہ میں نے اپنی بیسیوں غیر احمدی پاکستانی سہیلیوں کے ساتھ بھی شیئر کیا تھا۔ کہنے لگیں کہ بھانڈے قلعی کرالو کا روحانیت، میں ترقی اور بشری کمزوریوں کو دور کرنے پر اتنی خوبصورتی سے استعمال پہلی دفعہ پڑھا ہے۔’’رمضان المبارک انسانی کثافتوں کو صاف کرنے کا روحانی چھٹہ‘‘ بہت ہی ایمان افروز اداریہ ہے۔ مجھے تو بہت ہی لطف آیا۔

(بشریٰ نذیر آفتاب ،سسکاٹون کینیڈا)

رمضان المبارک کی اہمیت اور فلاسفی کو اجاگر کرنے والا الفضل

مؤرخہ 2اپریل 2022ء کے شمارے میں آپ کا طبع شدہ مضمون ’’بھانڈے قلعی کرا لو‘‘ بہت دلچسب اور رمضان المبارک کی اہمیت اور فلاسفی کو اجاگر کرنے والا تھا۔

(عبدالغفار عابد۔ گلاسگو)

مضمون کا لطف آگیا

جزاکم اللہ! الفضل کے 15اپریل 2022ء کو شائع کردہ اداریے ’’چالیس کا ہندسہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کا لطف آیا اور توجہ ہوئی۔

(آصف محمود باسط ۔لندن)

نئی جہد کا اخبار

ما شاء اللہ! الفضل کو آپ نے نئی جہت دے دی ہے۔ تربیتی نقطہ ٔ نظر سے آپ کے اداریے بہت عمدہ، دلچسپی کا باعث اور سبق آموز ہوتے ہیں۔

(چوہدری منیر مسعود)

اعلیٰ معیار کا اخبار

الفضل اخبار ایک بہت اعلیٰ معیار کا اخبار ہے۔ میں روزانہ مطالعہ کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کارکنان کی اس کاوش کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچا دے۔

(امتہ الحفیظ۔۔ قادیان)

قلمی جہاد میں مصروف عمل

روزنامہ الفضل آن لائن ہمہ وقت قلمی جہاد میں مصروف ہے اور بلا شبہ دینی خدمات میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔ اللہ تعالیٰ اسے مزید کامیابیوں سے ہمیشہ ہمکنار کرے، آمین۔

(اے آر بھٹی)

پچھلا پڑھیں

چوہدری رشیدالدین مرحوم

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مئی 2022