• 14 جولائی, 2025

’’میں سمجھا تھا شاید یورپ مسلمان ہو گیا ہے‘‘

سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سب سے بڑی اور دلی تمّنا تھی کہ اسلام کی اکناف عالم میں بھر پور اشاعت ہو ۔ آپؑ نے ایک خواب میں دیکھا کہ حضورؑ انگلینڈ میں ہیں اور وہاں چند سفید پرندوں کو پکڑا ہے۔ اس رؤیا کی تعبیر حضور ؑ نے یہ فرمائی کہ آپؑ کی تحریریں مغربی اقوام میں پھیلیں گی اور اللہ تعالیٰ سفید لوگوں کو اسلام میں داخل ہونے کی توفیق دے گا۔ حضرت مفتی محمد صادق صاحب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:۔

ایک دفعہ جب میں حضرت مسیح موعودؑ کی خدمت میں حاضر تھا تو آپ کے کمرہ کا دروازہ زور سے کھٹکا اور سید آل محمد صاحب امروہوی نے آواز دی کہ حضور میں ایک نہایت عظیم الشان فتح کی خبر لا یا ہوں۔ حضرت صاحب نے مجھ سے فرمایا کہ آپ جاکر ان کی بات سن لیں کہ کیا خبر ہے۔ میں گیا اور سید آل محمد صاحب سے دریافت کیا انہوں نے کہا کہ فلاں جگہ مولوی سید محمد احسن صاحب امروہوی کا فلاں مولوی سے مباحثہ ہو ا تو مولوی صاحب نے اُسے بہت سخت شکست دی۔ اور بڑا رگیدا۔ اور وہ بہت ذلیل ہوا وغیرہ وغیرہ۔ اور مولوی صاحب نے مجھے حضرت صاحب کے پاس روانہ کیا ہے کہ جاکر اس عظیم الشان فتح کی خبر دوں ۔مفتی صاحب نے بیان کیا کہ میں نے واپس آکر حضرت صاحب کے سامنے آل محمد صاحب کے الفاظ دہرادیئے ۔ حضرت صاحب ہنسے اور فرمایا۔ (کہ ان کے اس طرح دروازہ کھٹکھٹانے اور فتح کا اعلان کرنے سے)

’’میں سمجھا تھا کہ شاید یورپ مسلمان ہو گیا ہے‘‘۔

مفتی صاحب کہتے تھے کہ اس سے پتہ لگتا ہے کہ حضرت اقدسؑ کو یورپ میں اسلام قائم ہو جانے کا کتنا خیال تھا۔

(حوالہ سیرت المہدی جلد اوّل صفحہ 273)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 20 جون 2020ء