• 1 مئی, 2024

جلسہ سالانہ گوئٹے مالا 2021 و افتتاح مسجد نور کابون

جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کو اپنا 29 واں جلسہ سالانہ مورخہ 27،26 اور 28 نومبر 2021 مسجد بیت الاول گوئٹے مالا سٹی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اس جلسہ میں مکرم عبدالستار خاں صاحب مبلغ سلسلہ احمدیہ بطور نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شامل ہوئے، وہ چونکہ پہلے سے ہی گوئٹے مالا میں موجود تھے، اس لئے جلسہ کے ابتدائی انتظامات سے لے کر اختتام تک ہر معاملہ میں ان سے راہنمائی اور دعاؤں کے فیض سے بھر پور استفادہ کیا۔

لوکل مہمانان کے علاوہ مختلف شہروں سے 45 مہمان تشریف لائے،ان سب کی رہائش کا انتظام مشن کے گیسٹ ہاؤس میں کیا گیا،یہ سب مہمان اور نومبائعین جلسہ کے تینوں دن باقاعدگی اور پورے شوق سے نماز تہجد ، پنجوقتہ نمازوں اور جلسہ کے دیگر پروگرامز میں شامل ہوئے۔

اس جلسہ میں خدا تعالیٰ کے فضل سے ٹوٹل حاضری 138 تھی ،جس میں سے 98 احمدی احباب جبکہ 40 غیر مسلم اور زیر تبلیغ افراد شامل ہوئے۔

محض اور محض خدا تعالیٰ کے فضل سے کل پانچ افراد کو بیعت کر کے احمدیت کے اس قا فلہ میں شمولیت کی توفیق ملی،اللہ تعالیٰ ان سب کو حضرت مسیح وعود علیہ السلام کے درخت وجود کی سرسبز شاخیں بنائے اور ہمشہ ایمان و ایقان میں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین

اس دفعہ جلسہ میں مجموعی طور پر سات لوکل احمدیوں کو تلاوت، نظم اور تقریر کرنے کی سعادت ملی،امسال پہلی بار لوکل لجنہ اور اطفال کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام اردو زبان میں پڑھنے کا موقع ملا،اسی طرح لوکل احباب کو جلسہ کے انتظامات میں مختلف شعبوں میں خدمت کی بھی توفیق ملی۔

امسال جلسہ میں تقریر کے علاوہ دو Presentations بھی رکھی گئیں۔مکرم طلال کاہلوں صاحب مربی سلسلہ کابون گوئٹے مالا نے خلافت احمدیہ کے دور میں ہونے والی ترقیات کے عنوان پر Presentation پیش کی ،جس میں انہوں نےنہایت ہی عمدہ طریق پر ،جماعتی مساجد،مشن ہاوسز،ہسپتال،کلینکز اور دیگر ترقیاتی کاموں کی تصاویر دکھائیں۔

دوسری Presentation مکرم فائز احمد صاحب واقف زندگی گوئٹے مالا نے جماعت احمدیہ اور خدمت انسانیت کے موضوع پر پیش کی،جس میں انہوں نے جماعت احمدیہ کے خدمت انسانی پر مختلف پروجیکٹز پر روشنی ڈالی اور تصاویر دکھائیں۔

Presentations کے علاوہ مورخہ 26 اور 27 نومبر کو نماز مغرب وعشاء کے بعد مجلس سوال وجواب بھی رکھی گئی،جوکہ بہت ہی کامیاب رہی،اس طرح احباب کو تقاریر کے دوران پیدا ہونے والے سوالات اور مضامین کو بہتر رنگ میں سمجھنے کا موقع ملا۔

کابون گوئٹے مالا میں نئی تعمیر ہونے والی
مسجد کا افتتاح

مورخہ 30 نومبر کو صبح چار بج کر تیس منٹ پر چھہتر (76) افراد کا ایک قافلہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے نمائندہ مکرم عبدالستار خاں صاحب کی امارت میں دعا کے بعد مسجد بیت الاول سے کابون کے لئے روانہ ہوا۔

راستہ میں دو جگہ رکنے کے بعد326 کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد دوپہر دوبج کر چالیس منٹ پر یہ قافلہ کابون پہنچا۔ الحمدللہ

اگلے روز مورخہ یکم دسمبر کو صبح 11 بج کر 40 منٹ پر مکرم عبدالستار خاں صاحب نے افتتاح کیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت سے ہوا،ایک لوکل خادم مکرم Pedro صاحب نے تلاوت کے بعد سپینش ترجمہ کے علاوہ کابون کی لوکل زبان Kekchi میں بھی ترجمہ پیش کیا۔لوکل لجنہ کے ایک گروپ نے اردو زبان میں منظوم کلام ہے دست قبل نما پڑھا اور سپینش میں ترجمہ کیا۔ الحمدللہ

مکرم طلال کاہلوں صاحب مربی سلسلہ کابون نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔

مکرم عامر نفیس صاحب امیر و مشنری انچارج گوئٹے مالا نے جماعت گوئٹے مالا کی مختصر تاریخ اور جماعت کا پیغام کیسے کابون پہنچا،مسجد کی تعمیر کی تاریخ بیان کی۔

مکرم عبدالستار خاں صاحب نے مسجد کی تعمیر کے مقاصد تفصیلی بیان فرمائے۔

کچھ مہمانان نے اپنے تاثرات بیان کئے،دعا کے ساتھ پروگرام ختم ہوا۔

کل مہمانان سمیت ایک صد بیس افراد تھے ،اس میں سے 76 گوئٹے مالا سٹی اور دیگر جماعتوں سے شامل ہوئے،جبکہ باقی سارے احباب کابون کے لوکل تھے۔

پروگرام کے اختتام کے بعد سب احباب کو دوپہر کا کھانا پیش کیاگیا،کھانے کے بعد مکرم عبدالستار خاں صاحب نے مشنری آفس،مشن کا کچن اور بالائی منزل پر تعمیر ہونے والے مشن ہاوس کا وزٹ کیا۔

دوبج کر بیس منٹ پر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں،نمازو ں کی ادائیگی کے بعد دوبارہ سب احباب اکٹھے ہوئے، اجتماعی دعا کے بعد قافلہ واپسی کے لئے روانہ ہوا اور ساڑھے بارہ بجے رات گوئٹے مالا سٹی پہنچا۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ اس مسجد کے افتتاح کو ہر لحا ظ سے بابرکت فرمائے اور یہ مسجد اس علاقہ میں احمدیت کے لئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہو۔ آمین

(رپورٹ: عامر نفیس۔ نمائندہ الفضل آن لائن گوئٹے مالا)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعتہ المبارک فرمودہ مؤرخہ 17؍دسمبر 2021ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ