• 24 اپریل, 2024

افتتاح مسجد دام واگوں ریجن پورٹونووو

محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ بینن کے پورٹونوو ریجن کی ایک جماعت Dame-wogon کو ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر مکمل کرکے اس کی افتتاحی تقریب کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

اس تقریب میں مکرم میاں قمر احمدامیر صاحب بینن، ریجن پورتونووو کے احمدی احباب کے ساتھ ساتھ علاقے کی مذہبی سیاسی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے باثر افراد نے شرکت کی۔

دو بڑے سبز میناروں والی اس سبر سفید مسجد کا سنگ بنیاد2 فروری 2021کو رکھا گیا۔ جس میں بہت سے افراد جماعت شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جون میں اس مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی۔

مسجد کے افتتاح کے لئے 10؍دسمبر 2021 جمعہ کا روز منتخب کیا گیا۔ اس با برکت تقریب کا آغاز تلاوت قران سے ہوا اس کے بعد ایک مقامی خادم نے اردو زبان میں نہایت ہی پرسوز انداز میں حضرت مصلح موعودؓ کا منظورم کلام ’’ہے دست قبلہ نما‘‘ پڑھا جس پر سب احباب جماعت نے ایک ساتھ ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ کا ورد کیا۔

بعد ازایں علاقے کی شخصیا ت نے جماعت کی انسانی خدمات کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد مسجد کی تعمیر پر احباب جماعت کو مبارکبادپیش کی اور دعائیں دیں۔

پروٹیسٹنٹ چرچ کے پادری صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خداکا گھر عباد ت کیلئے ہوتا ہے جس کی جزا خدا دیتاہے اور جماعت احمدیہ کے کام انسانیت کے لئے بغیر رنگ و نسل ہوتے ہیں۔

وودوں(Voudoun) مذہب کے نمائندہ نے مسجد کے طرزِ تعمیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی خوبصورتی ہمیں اسلام کی طرف مائل کرتی ہے۔

علاقے کے سابقہ میئر نے جماعت کی تعریف کی اور اپنی دلی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے نماز آتی ہوتی تو میں آپ کے ساتھ نماز ضرور پڑھتا۔

اس کے بعد لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وِرد کرتے ہوئے سب شاملین مسجد کے پاس پہنچے اور محترم میاں قمراحمد امیر جماعت بینن نے علاقے کے معززین کے ساتھ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ اس کے ساتھ ہی نعرہ تکبیر لگاتے ہوئے تمام حاضرین مسجد میں داخل ہوئے۔ اذان کے بعد امیرصاحب نے نماز جمعہ پڑھائی، انہوں نے خطبہ میں مسجد کا تقدس، نماز سے حضور ﷺ کی محبت اور دیگر امورپر نصائح کیں۔

بعد از جمعہ سب احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جو لجنہ اماء اللہ نے بہت محبت سے تیار کیا تھا۔ اس پروگرام میں خدا تعالیٰ کے فضل سے 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس گاؤں کے احمدیوں کو ہمیشہ مسجد کو آباد رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل آن لائن بینن)

پچھلا پڑھیں

حالات حاضرہ میں حلم، تحمل اور وسعت حوصلہ کی ضرورت

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ