• 23 اپریل, 2024

جمائیکا میں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ جمائیکا کا آٹھواں جلسہ سالانہ 27؍نومبر 2022ء کو منعقد ہواجس میں ایک سو سے زائد افراد شامل ہوئے۔ الحمد للّٰہ

جلسہ سالانہ کے سیشن کی صدارت مولانا فہد پیرزادہ صاحب نے کی جو جنوبی امریکہ کے ملک گیانا سے بطورِ مہمان ِخصوصی ہمارے جلسہ میں شرکت کر رہے تھے۔ جلسہ کی کاروائی تلاوتِ قرآن کریم سے شروع ہوئی، جو مبلغ احمد فورسن صاحب نے کی۔

خاکسار نے بطورِ صدرو مشنری انچارج جمائیکا، کچھ ابتدائی کلمات کہے جس میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مختصراً جلسہ کے مقاصد بیان کیے۔

اس کے بعد لوکل معلم عبداللہ مالکم صاحب نے تقریر کی جس کا موضوع تھا ’’اسلام احمدیت کا تعارف‘‘۔ آپ نے اپنی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سچائی میں مضبوط دلائل پیش کئے۔

پھر لوکل معلم غلام احمد صاحب نے ’’عائلی زندگی اور اسلام‘‘ کے موضوع پر ایک پرجوش تقریر کی، جس میں معلم صاحب نے اُن خطرات کا ذکر کیا جو جمائیکن معاشرے میں عائلی اقدار نہ ہونے کی وجہ سے موجود ہیں۔

اس کے بعد مبلغ احمد فورسن صاحب نے ’’مادیت پرستی کے خطرناک اثرات‘‘ کے موضوع پر بصیرت انگیز تقریر کی۔ مبلغ صاحب نے اپنی تقریر میں حالاتِ حاضرہ سے متعلقہ مثالیں پیش کر کے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے خالق سے گہرا تعلق پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

پھر سیشن میں کچھ دیر کے وقفے کے بعد خاکسار کو ’’اسوہ انسانِ کامل‘‘ کے موضوع پرکچھ بیان کرنے کا موقع ملا۔ اس تقریر میں خاکسار نے آنحضرتؐ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ آپؐ کی سیرت ہر شخص کے لئے مشعلِ راہ ہے۔

جلسہ سالانہ جمائیکا کی آخری تقریر مہمانِ خصوصی مولانا فہد پیرزادہ صاحب نے پیش کی جس کا عنوان تھا: ’’نماز خدا تعالیٰ کے حصول کا بہترین ذریعہ‘‘۔ آپ نے اپنی تقریر میں قرآن پاک نیز بائبل سے حوالہ جات دے کر ثابت کیا کہ اسلامی عبادت (نماز) ہی خدا تعالیٰ کے قرب کا بہترین راستہ ہے۔

آخر پر معزز مہمانوں کو مدعو کیا گیا جس میں انھوں نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے جماعت احمدیہ جمائیکا کے فلاحی کاموں کو سراہا نیز جلسہ سالانہ کے بارے میں بھی مثبت رائے کا اظہار کیا۔

مہمانِ خصوصی مولانا فہد پیرزادہ صاحب نے جلسہ سالانہ کی اختتامی دعا کروائی جس سے اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ کامیاب اور بابرکت جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللّٰہ

(طارق عظیم۔ صدر و مشنری انچارج جمائیکا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

دعا کا تحفہ