• 25 اپریل, 2024

فری ٹاؤن مشرقی ریجن کی تین جماعتوں میں تقاریبِ آمین

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے فری ٹاؤن مشرقی ریجن میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے اطفال، ناصرات اور لجنہ کی تین تقاریبِ آمین منعقد ہوئیں۔ الحمد للّٰہ۔ ان تقاریب کے مہمانِ خصوصی مولانا سعید الرحمٰن صاحب مبلغ انچارج سیرالیون کی زیرِ صدارت تھے۔ ان تقاریب کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے۔

آمین پروگرام کِسی ڈاکیارڈ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے موٴرخہ 10؍جنوری 2023ء بروز منگل فری ٹاؤن مشرقی ریجن کی جماعت کِسی ڈاکیارڈ (Kissy Dockyard) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں کی تقریبِ آمین مسجد بیت السبوح میں منعقد کی گئی۔ الحمد للّٰہ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح 11 بجے تلاوت و نظم سے ہوا۔ عزیزم محمد عثمان بنگورہ صاحب نے تلاوت وترجمہ پیش کیا۔ پھر عزیزم تمثیل حسین نے نظم ’’قرآن سب سے اچھا‘‘ جبکہ عزیزہ سلوی اور ساتھی قصیدہ پیش کیا۔ بعد میں تین تقاریر ہوئیں جو دو خدام اور ایک لجنہ نے کی۔ اس کے بعد اطفال اور ناصرات نے مختلف احادیث اور قرآنی دعائیں پڑھ کر سنائیں۔ مکرم مولوی عبد الرحمٰن صاحب سرکٹ مشنری کسی ڈاکیارڈ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سُنا۔ جن میں دو لجنہ، ایک ناصر اور چھ خدام شامل تھے۔ ایک ناصرمحترم عبدالکریم کونٹے نے حدیث استخلاف زبانی ترجمہ کے ساتھ سنائی۔ جس کے بعد محترم مبلغ انچارج صاحب نے مختصر تقریر میں قرآن مجید پڑھنے والوں کو ہدیہ تبریک پیش کیا اور انہیں تلاوت کرتے رہنے کی تلقین کی۔ جس کے بعد آپ نے ان میں اسناد تقسیم کیں۔ دعا سے اس تقریب کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ پروگرام میں کل شاملین 91 تھے۔

یہاں ایک قابلِ ذکرامر یہ ہے کہ کسی ڈاکیارڈ کی جماعت کے دورہ کے دوران ایک احمدی سلیمان صاحب کے گھر گئے وہ اکیلے احمدی تھے۔ ان کی18سالہ بھتیجی کادیاتو بنگورہ سینئر سکول کا امتحان دینے آئی ہوئی تھی۔ دورہ کے دوران ان کے گھر والوں کو بھی تبلیغ کی گئی جس کے نتیجہ میں ان کی بیٹی اور اس لڑکی نے بیعت کرلی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں احمدیت کے نور سے منور کر دیا۔ وہ روزانہ نماز احمدیہ مسجد میں پڑھنا شروع ہو گئی۔ بیعت کے بعد مولوی عبدالرحمٰن صاحب نے قاعدہ یسرناالقرآن پڑھانا شروع کیا جو کہ ایک ماہ میں اس نے مکمل کر لیا جس کے بعد قرآن پاک شروع کیا اور وہ بھی اللہ کے فضل سے تین ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا۔ الحمدللہ۔ 10؍جنوری کو آمین کا پروگرام میں محترم مبلغ انچارج صاحب نے اس سے قرآن پاک سنا اور سند دی۔ یہ نومبائع لڑکی باقاعدہ نمازوں،چندوں اور جماعت کے سب کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نیک اور صالحہ بنائے۔ آمین

احبابِ جماعت سے درخواست ہے کہ وہ ان تمام بچوں کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں قرآن کریم پر عمل کرنے والا بنائے اور وہ اسے آگے پڑھانے والے ہوں۔ آمین

آمین پروگرام جماعت اَلَن ٹاؤن

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے موٴرخہ 18؍دسمبر 2022ء بروز اتوار جماعت اَلَن ٹاؤن (Allen town ) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے خدام کی تقریبِ آمین کاانعقاد کیا گیا۔ الحمد للّٰہ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح 11 بجے تلاوت و نظم سے ہوا۔ عزیزم حسن سیسے صاحب نے تلاوت و ترجمہ جبکہ عزیزم بشیر کومے صاحب نے نظم پیش کی۔ مکرم معلم محمد مانسیرے صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے 3 خدام قرآنِ کریم سُنا۔ جن میں عزیزم بشیر کومے، عزیزم ادریسہ کونٹے اور عزیزم عبدل سیسے شامل ہیں۔ ان کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت مکرم محمد مانسیرے صاحب معلم جماعت اَلَن ٹاؤن کے حصہ میں آئی۔ صدرِ مجلس نے دعا کروائی اور اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں ایک لوکل چیف اوردو غیر از جماعت احباب اور پچاس احمدی احباب سمیت 53 احباب جماعت نے شرکت کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت کے ہر فرد کو قرآن کریم کے نور سے منور کردے۔ آمین

آمین پروگرام جماعت مونگے با

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے موٴرخہ 7؍جنوری 2023ء بروز ہفتہ جماعت مونگیبا (Mongegba) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں کی تقریبِ آمین کاانعقاد مسجد محمود میں کیا گیا۔ الحمد للّٰہ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح 11 بجے تلاوت و نظم سے ہوا۔ عزیزم سانٹگی طورے نے تلاوت و ترجمہ پیش کیا۔ رسمی تعارف کے بعد دو تقاریر پیش کی گئیں ایک خادم اور ایک لجنہ نے حضرت مسیح موعود کا عشق قرآن اور اسلامی تعلیمات کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد جماعت کے تمام اطفال و ناصرات نے مل کر لفظی ترجمہ کے ساتھ مکمل نماز سنائی۔ احادیث اور قرآنی دعائیں بھی ترجمہ کے ساتھ سنائی۔بعد ازاں سات ناصرات، ایک لجنہ،سات اطفال اور ایک خادم نے قرآن پاک کا کچھ حصہ پڑھ کر محترم مبلغ انچارج صاحب کو سنایا۔ ان کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت مکرم مولوی عبد الرشید جواد صاحب سرکٹ مشنری جماعت مونگےبا کے حصہ میں آئی۔ پروگرام کے آخر پر محترم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے سب احباب جماعت کو توجہ دلائی۔ سب کو اسناد سے نوازا گیا اور دعا سے اس تقریب کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔کل 115 افراد شامل ہوئے۔

احبابِ جماعت سے درخواست ہے کہ وہ ان تمام بچوں کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں قرآن کریم پر عمل کرنے والا بنائے اور وہ اسے آگے پڑھانے والے ہوں۔ آمین

(منیر حسین۔مبلغ سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ