• 4 مئی, 2025

رمضان آرہا ہے

اک تیس دن کا یارو مہمان آ رہا ہے
لے کر فیوض و برکت رمضان آ رہا ہے
ہر خاص و عام پی لے جامِ وصالِ مولا
لے کر لقا کا شربت رمضان آ رہا ہے

راتوں کو جاگ کر تم رب کی تلاش کرنا
راز و نیاز کرنا اظہارِ پیار کرنا
قسمت سے پھر ملے ہیں ایامِ سعد ہم کو
لے کر خدا کی قربت رمضان آ رہا ہے

رحمِ خدا کو مانگو عشرہ میں رحمتوں کے
حاوی ہے اس کی رحمت ارض و سما میں یارو
فضل و کرم سے اس کے بگڑی سنوارنے کو
لے کر خدا کی رحمت رمضان آ رہا ہے

عشرہ میں مغفرت کے بخشش کی آرزو ہو
وہ ڈھانپ لے ردا سے بخشش کی یہ دعا ہو
محروم تم نہ رہنا عفو و عطا سے اس کی
لے کر رضا کی ساعت رمضان آ رہا ہے

عشرہ نجاتِ نارِ دوزخ کو تم جو پاؤ
ہر اک گناہ سے توبہ کر کے رضا کو پاؤ
پھر اعتکاف کرنا اس لیل کو بھی پانا
لے کر خدا کی جنت رمضان آ رہا ہے

الغرض یہ مہینہ فضلوں کا ہے مہینہ
سب برکتوں کو پاؤ لے جاؤ یہ خزینہ
اپنی عبادتوں کے معیار بھی بڑھانا
لے کر دعا کی رغبت رمضان آ رہا ہے

لیکن یہ یاد رکھنا یہ زہد اور عبادت
سب عارضی ہی نہ ہو ان نیکیوں میں رغبت
بس چند روز تک ہی ان پر نہ ہو توجہ
لے کر ثنا کی لذت رمضان آرہا ہے

اپنی عبادتوں کو تم پیار سے سجانا
کوتاہی نہ کبھی ہو بس آگے بڑھتے جانا
مقصد تو ہے تمہارا مولا کو اپنے پانا
لے کر لقا کی غایت رمضان آ رہا ہے

(حافظ محمد مبرورؔ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

افریقہ کورونا وائرس ڈائری نمبر 5، 21 ۔اپریل 2020