• 4 مئی, 2024

جماعت احمدیہ یونان کا تیسرا جلسہ سالانہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو مورخہ 11 اور 12 جون بروز ہفتہ اور اتوار 2022ء ایتھنز میں تیسرے جلسہ سالانہ کا انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذلک۔

یونان میں بعض دیگر ممالک کی طرح کرونا وباء کی وجہ سے دو سال جلسہ منعقد نہیں کیا جا سکا۔ دوسرا جلسہ سالانہ 2019ء میں منعقد کیا گیا تھا اس کے بعد اب تیسرا جلسہ سالانہ 2022ء میں منعقد ہوا ہے۔

پروگرام پہلا دن بروز ہفتہ 11؍جون 2022ء

نماز فجر و تلاوت قرآن کریم کا وقت 04:45 مقرر کیا گیا۔ ناشتہ صبح 08:30 تا 09:15 کا وقت رکھا گیا۔ جلسہ کے لئے ایتھنز جو کہ یونان کا دارالحکومت ہے اور احمدی بھائیوں کی اکثریت بھی ایتھنز میں ہی مقیم ہے اسی طرح مشن ہاؤس بھی ایتھنز میں ہی ہے کے ایک ہوٹل جس کا نام The Stanely ہے کا حال جلسہ کے لئے بُک کروایا گیاتھا جہاں پر جلسہ کی کارروائی سننے کے لئے لجنہ کے لئے بھی باپردہ انتظام تھا۔ مشن ہاؤس سے ہوٹل جہاں پر جلسہ کا انتظام تھا احباب جماعت کی سہولت کے لئے ٹرانسپورٹ کے لئے ایک بس کرائے پر لی گئی تھی۔ صبح ناشتہ کے لئے احباب مشن ہاوس میں تشریف لاتے جس کے بعد 09:30 بجے بس جلسہ گاہ کے لئے روانہ ہو جاتی۔

افتتاحی اجلاس

تیسرے جلسہ سالانہ یونان کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی صبح 10:35 بجے شروع ہوئی حسب روایت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ مکرم مبارک احمد بشیر صاحب نے سورہ النور کی آیت نمبر 36 کی تلاوت کی اور گریک زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اردو ترجمہ مکرم محمد عمران صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ نظم: ’’حمد و ثناء اسی کو‘‘ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی۔ افتتاحی خطاب جو کہ انگریزی میں تھا مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ جماعت احمدیہ یونان نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا عشق رسولؐ‘‘ کے موضوع پر کیا۔جماعت احمدیہ یونان کی خوش قسمتی ہے کہ پیارے آقا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جلسہ سالانہ کے لئے تحریری پیغام بھجوایا جو محترم مربی صاحب نے افتتاحی تقریر کے موقع پر پڑھ کر سنایا۔ افتتاحی اجلاس کے اختتام پر اجتماعی دعا ہوئی جو کہ محترم مربی صاحب نے کروائی۔

دوسرا اجلاس

دوسرا اجلاس دوپہر 12:00 بجے زیر صدارت مکرم مشتاق احمد صاحب، افسر جلسہ گاہ شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم سورہ البقرہ کی پہلی پانچ آیات اور اردو ترجمہ مکرم ناصر احمد صاحب اور انگریزی ترجمہ مکرم ذیشان ندیم صاحب نے پیش کیا۔ پہلی تقریر مکرم عرفان لطیف صاحب، نیشنل سیکرٹری مال نے اردو زبان میں کی جس کا عنوان تھا۔ ’’مالی قربانی کی اہمیت و برکات‘‘۔ دوسری تقریر یونانی زبان میں ہوئی جو کہ مکرم مبارک احمد بشیر صاحب نے بعنوان ’’غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک‘‘ پیش فرمائی۔ اس کے بعد نماز و طعام کے لئے وقفہ ہوا۔ نمازیں حال میں ہی ادا کی گئیں۔ کھانے کا انتظام مشن ہاؤس میں تھا جہاں بس کے ذریعہ احباب جماعت تشریف لے گئے اور کھانے کے بعد ساڑھے تین بجے حال کے لئے واپس روانہ ہوئے۔ مردوں کے پروگرام کے وقفہ کےدوران دوپہر 2:00 بجے تا 4.00 بجے تک لجنہ اماء اللہ یونان کا علیحدہ پروگرام تھا۔ لجنہ کے لئے ان کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوٹل میں کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

تیسرا اجلاس

تیسرے اجلاس کی کارروائی 4:15 بجے شروع ہوئی تلاوت قرآن کریم سورہ اخلاص اور اس کا اردو ترجمہ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے پیش کیا۔ انگریزی ترجمہ مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے پیش کیا۔تیسرے اجلاس کی پہلی تقریر اردو زبان میں بعنوان ’’صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور اطاعت خلافت‘‘ ہوئی جس کے مقرر مکرم چوہدری مشتاق احمد صاحب، قائد مال مجلس انصار اللہ یونان تھے۔ دوسری تقریر یونانی زبان میں ہوئی جس کا عنوان تھا ’’صداقت اسلام ازروئے بائبل‘‘ جو کہ مکرم عطاءالنصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدر جماعت احمدیہ یونان نے پیش فرمائی۔ یہ اجلاس شام چھ بجے اختتام کو پہنچا جس کے بعد طعام اور نماز مغرب و عشاء کے ساتھ پہلے دن کی کاروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔

پروگرام دوسرا دن
بروز اتوار 12؍ جون 2022ء

دوسرے دن، تیسرے جلسہ سالانہ یونان کا اختتامی اجلاس دوپہر 12:00 بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ سوہ النور آیت 56 اور 57 کی تلاوت بمعہ اردو ترجمہ مکرم عمران احمد گجر صاحب نے کی اور اانگریزی ترجمہ مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے پیش کیا۔ اردو نظم ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی۔ اس پروگرام کی پہلی تقریر اانگریزی زبان میں ہوئی جو کہ مکرم ذیشان ندیم صاحب، جنرل سیکرٹری جماعت شمالی یونان نے ’’قیام خلافت اور بشارات رحمانیہ‘‘ کے عنوان پر کی۔ دوسری تقریر اردو زبان میں ہوئی جو مکرم عبدالقدوس صاحب صدر مجلس انصار اللہ یونان نے ’’ذکر الہٰی کے طریق‘‘ کے موضوع پر کی۔ تیسری اور اختتامی تقریر مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان نے خلافت احمدیہ کے ساتھ تعلق کے موضوع پر اردو زبان میں کی۔

اختتامی دعا

اختتامی دعا سے قبل محترم مربی صاحب نے پیارے آقا کا پیغام دوسری مرتبہ پڑھ کر سنایا تا کہ احباب کو ذہن نشین ہو جائے۔ دوپہر 2:15 پر اختتامی اجتماعی دعا سے جلسہ کا اختتام ہوا۔

حضور انور کے محبت اور دعاؤں بھرے پیغام کی کاپیاں

پیارے آقا کی طرف سے جو محبت اور دعاؤں بھرا جماعت احمدیہ یونان کے لئے پیغام موصول ہوا تھا اس کی کاپیاں کر کے سب احباب میں تقسیم کی گئیں۔

حاضری

جلسہ میں شامل ہونے والے احباب یونان کے مختلف شہروں سے تشریف لائے جن میں ایتھنز، تھیسالونیکی، کاترینی، خلقیدہ، تھیوا وغیرہ شامل ہیں۔ مسجد میں حاضر خواتین و حضرات کی تعداد 38 رہی جبکہ آن لائن شامل ہونے والوں کی تعداد 40 تھی اس طرح ٹوٹل حاضری 78 رہی۔

آخر پر دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ یونان کو بہت زیادہ ترقی عطا فرمائے اور یہاں کے مقامی لوگوں کے سینے احمدیت کے نور سے منور فرمائے اور جو اس جلسہ میں شامل ہوئے ان سب کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی دعاؤں کا وارث بنائے جو حضور علیہ السلام نے شاملین جلسہ سالانہ کے لئے کیں۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:
چنانچہ حضرت مسیح موعودؑ نے شاملین جلسہ کےحق میں خود یہ دعا فرمائی ہے کہ: ’’ہر یک صاحب جو اس للّٰہی جلسے کے لئے سفر اختیار کریں خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجرعظیم بخشے اور ان پر رحم کرے۔ اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کر دیوے اور ان کے ہم و غم دور فرمائے۔ اور ان کو ہریک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے۔ اور ان کی مرادات کی راہیں ان پرکھول دیوے۔ اور روزِ آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پراس کا فضل ورحم ہے۔ تااختتام سفر ان کے بعد ان کاخلیفہ ہو‘‘

(اشتہار 7؍دسمبر 1892ء۔ مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ342)

(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل آن لائن یونان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

بخل اور ایمان ایک ہی دل میں جمع نہیں ہو سکتے