• 9 مئی, 2024

امریکہ میں آوازِ اذاں

مفتی صاحب! آپ لے کے آئے تھے خوشبو یہاں
دیکھئے اس سے مہک اٹھا ہے اب سارا جہاں

آسرا مالک خدا ہے۔ مقتدر قادر، قدیر
اور ہادی ہیں رسول اللہؐ شہِ کون و مکاں

پیش رَو ہے قدسی قوت مہدی ء موعود کی
اک خلیفہ کی اطاعت میں ہوئے ہیں کامراں

گھر میں اب تثلیث کے، توحید کے پودے لگے
رفتہ رفتہ ساری دنیا بن رہی ہے قادیاں

ہو رہا ہے دیکھو مغرب سے طلوعِ آفتاب
اس کو کہتے ہیں نئے بننا زمین و آسماں

ہاتھ میں قرآں کی تعلیمات کی مشعل لئے
آگے بڑھتے جا رہے ہیں ہر زماں اور ہر مکاں

بن رہے ہیں گھر خدا کے شان سے اس ملک میں
کیا بھلی لگتی ہے امریکہ میں آوازِ اذاں

دل جھکانا رب کے آگے آج ہے اپنا جہاد
پھل ہی پھل ہیں ہر طرف اب لد گیا وقتِ خزاں

خوب کھلتا جا رہا ہے حسن اب اسلام کا
دیکھتے ہیں روز سچائی کا اک زندہ نشاں

دے رہا ہے قافلے کو منزلوں کا حوصلہ
تندیء باد مخالف سے جھگڑتا بادباں

اک سرے سے دوسرے تک سرخ رنگوں کی بہار
اس زمیں پر جیسے جھک آیا ہے نیلا آسماں

(امۃ الباری ناصر۔امریکہ)

پچھلا پڑھیں

اداریے (حنیف محمود کے قلم سے) جلد اول

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 4)