• 8 مئی, 2024

سولہواں جلسہ سالانہ مڈغاسکر 2022ء

محض اللہ کے فضل اور حضور انور کی دعاؤں سے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے 16ویں جلسہ سالانہ سال 2022ء کا انعقاد مؤرخہ 23 اور 24 ستمبر 2022ء کیا گیا جس کا موضوع ’’ہماری تعلیم‘‘ مقرر ہوا۔ اس جلسہ کی رپورٹ قارئین کے لیے درج ذیل ہے۔

جلسہ سالانہ کی تیاریاں

سب سے پہلے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعا کی درخواست کے لئے خط تحریر کیا گیا۔ بعد ازاں جلسہ سالانہ کی ایک عاملہ تشکیل دی گئی جس نے اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ اخلاص سے اپنے فرائض ادا کئے۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء۔ نیز مختلف جماعتوں میں مبلغین، لوکل مشنریز اور لوکل معلمین کرام نے افراد جماعت کو جلسہ سالانہ کی اہمیت، برکات اور روایات کے متعلق بتایا۔ جلسہ سالانہ کے تمام پروگرام دو زبانوں مالاگاسی اور اردو میں تیار کئے گئے۔ اس طرح ہر سیشن کی تلاوت کے ہر دو زبان میں تراجم کے ساتھ ساتھ پیش کی جانے والی تمام نظموں کے مالاگاسی تراجم تیار کئے گئے نیز 5 عناوین پر ہر دو زبانوں میں تقاریر بھی تیار کی گئیں۔ امسال اسلام احمدیت کے بنیادی عقائد، اسلام احمدیت کی عائلی زندگی، تربیت اولاد، بد رسوم کے خلاف خوبصورت تعلیمات اور اسلام احمدیت کی خوبصورت اخلاقی تعلیمات کے موضوعات پر ہر دو زبانوں میں تقاریر پیش کی گئیں۔ نیز جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کے ایک سیشن کے لئے خصوصی طور پر مختلف حکومتی افسران، الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندگان اور دیگر تبلیغی رابطوں میں دعوت نامے تقسیم کئے گئے۔

نیز مرکزی مسجد (مسجد نور)، دونوں جلسہ گاہوں اور باقی احاطہ کو مختلف معلوماتی، تربیتی، تعلیمی، تبلیغی اور ایمان افروز بینرز سے سجایا گیا۔ دو سال قبل جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو اپنی جلسہ گاہ کے ساتھ منسلک کچھ مزید زمین خریدنے کی توفیق ملی تھی۔ اس نئی جگہ پر مرد حضرات کے لئے نئی جلسہ گاہ تیار کی گئی اور پرانی جلسہ گاہ کو خواتین کے لئے مختص کیا گیا۔ اس طرح امسال پہلی مرتبہ خواتین کی جلسہ گاہ علیحدہ تیار کی گئی۔ ہر دو جلسہ گاہوں میں ایک طرف کھانا کھلانے کا اتنظام بھی کیا گیا۔ نیز دارالحکومت Antananarivo (انتَ نانا ریو) سے باہر کی جماعتوں سے آنے والے وفود کی رہائش کے لئے احمدیہ کالج کی عمارت کے کمروں میں انتظام کیا گیا۔

ہر سال کی طرح باہر کی جماعتوں سے صرف اُن لوکل احباب جماعت کے لئے جماعتی طور پر ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا جوکہ جماعتی سرگرمیوں میں نسبتاً زیادہ حصہ لینے والے ہیں۔ اس طرح امسال باہر کی جماعتوں سے کل 164 افراد شامل ہوئے جن میں سے اکثر احباب 24 گھنٹوں سے زائد کا سفر کر کے قریباً 1,050 کلو میٹر طے کر کے جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لئے آئے۔ نیز ان احباب میں 11 نئے مقامات سے بھی کچھ نومبائعین شامل تھے جہاں گزشتہ سال جماعت احمدیہ کا پودا لگا تھا۔ نیز ان احباب میں 3 مہمانان بھی شامل تھے۔

پہلا روز

جلسہ سالانہ کا آغاز مؤرخہ 23 ستمبر 2022ء بروز جمعہ نماز تہجد سے ہوا۔ جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور پھر لوکل مالاگاسی زبان میں درس القرآن پیش کیا گیا۔

اس کے بعد تمام حاضرین کو ناشتہ پیش کیا گیا۔

دوپہر 12 بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں شاملین جلسہ کے ساتھ ساتھ جماعت کے کالج کے اساتذہ و طلباء نے بھی شرکت کی۔ مکرم جبار ندیم مبلغ سلسلہ نے لوائے احمدیت لہرایا اور مکرم مجیب احمد نیشنل صدر و مبلغ انچارج نے مڈغاسکر کا جھنڈا لہرایا۔ اس موقع پر فضا نعرہ ہائے تکبیر سے گونج اٹھی۔ اس کے بعد مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج نے دعا کروائی۔ بعد ازاں احمدیہ کالج کے ایک گروپ نے اردو نظم پیش کی نیز احمدیہ کالج کے کچھ طلباء نے فرنچ اور مالاگاسی زبان میں ترانہ پیش کیا۔
اس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ مکرم نیشنل صدر و مشنری انچارج نے جمعہ پڑھایا اور خطبہ جمعہ کا مالاگاسی ترجمہ خاکسارنے کیا۔

نماز جمعہ و عصر کے بعد ایک نکاح کا انعقاد کیا گیا جو کہ جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے پہلے تین لوکل مشنریز میں سے پہلے لوکل مشنری صاحب کا نکاح تھا۔ اس کے بعد تمام شاملین جلسہ کو دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

اس کے بعد سہ پہر 3 بجے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا۔ لوکل مالاگاسی ممبران جماعت نے خطبہ جمعہ مسجد نور میں سنا جن کے لئے ساتھ ساتھ مالاگاسی ترجمہ مکرم عبد الرحمن محمد عبدے ریمان نے کیا۔ اردو بولنے والے احباب جماعت کے لئے خطبہ جمعہ کا انتظام جلسہ گاہ میں ہی کیا گیا تھا۔

اس کے بعد جلسہ سالانہ کے تیسرے سیشن کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے مالاگاسی اور اردو تراجم کے بعد 2 اردو نظمیں اور ان کے مالاگاسی تراجم پیش کئے گئے نیز ایک تقریر اردو زبان میں اور ایک تقریر لوکل مالاگاسی زبان میں پیش کی گئی۔ اس سیشن کے آخر پر کچھ لوکل مالاگاسی خدام نے اردو ترانہ اور اس کا مالاگاسی ترجمہ پیش کیا۔

اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئی۔ جس کے بعد تمام حاضرین کے لئے کھانا پیش کیا گیا۔

دوسرا روز

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور بعد ازاں مالاگاسی زبان میں درس قرآن پیش کیا گیا۔ اس کے بعد شاملین جلسہ کو ناشتہ پیش کیا گیا۔

صبح 9 بجے جلسہ سالانہ کے چوتھے سیشن کا آغاز ہوا۔ اس سیشن میں تلاوت قرآن کریم اور اس کے مالاگاسی اور اردو تراجم کے بعد چار اردو نظمیں اور ان کے مالاگاسی تراجم پیش کئے گئے۔ نیز تین تقاریر اردو زبان میں پیش کی گئیں۔

بعد ازاں ساڑھے گیارہ بجے پانچویں سیشن کا آغاز ہوا جس میں کچھ حکومتی افسران، الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے لوگوں اور بعض دیگر تبلیغی رابطوں نے شرکت کی۔ امسال حکومتی افسران میں Anti Terrorism Department کے وائس کمشنر، Antananarivo Airport کے کمشنر پولیس، General of Police مع فیملی اورLocal Municipality کے صدر شامل تھے۔ نیز حکومت کے تعلیم کے محکمہ سے کچھ مہمانان بھی شامل تھے۔ اس سیشن میں تلاوت قرآن کریم اور اس کے مالاگاسی اور اردو تراجم کے بعد ایک اردو نظم اور اس کا مالاگاسی ترجمہ نیز ایک عربی قصیدہ اور اس کا اردو ترجمہ پیش کئے گئے۔ نیز دو تقاریر مالاگاسی زبان میں پیش کی گئیں۔ یہ تقاریر اسلام کی خوبصورت اخلاقی تعلیمات اسلام کے سکھائے ہوئے تربیت اولاد کے اصولوں پر تھیں۔ اس کے بعد جماعتی کالج کی پرنسپل صاحبہ نے کالج کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے یہ بیان کیا کہ کس طرح جماعت لوکل ہم وطنوں کے لئے معیاری تعلیم کو مہیا کر رہی ہے اور کالج میں بہتری کے لئے مختلف طریقوں سے مدد کر رہی ہے۔ نیز انہوں نے یہ بھی بیان کیا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم اپنے طلباء کے کردار کی تعمیر پر بھی زور دیتے ہیں اسی لئے جماعتی کالج کی دیوار پر (حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے بیان فرمودہ ) پانچ بنیادی اخلاق لکھے ہوئے ہیں اور ہم طلباء کو وہ اخلاق سکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس کے بعد کچھ مہمانان نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیان کیا کہ وہ جماعت کے نہایت مشکور ہیں کہ جماعت نے ان کو جلسہ پر آنے کی دعوت دی۔ نیز انہوں نے جو بینرز دیکھے اور جو تقاریر سنیں ان کے حوالہ سے بھی اپنے اچھے تاثرات کا اظہار کیا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ یہ سنا ہے کہ اسلام تو نہایت اچھے اخلاق سکھاتا ہے اور بھائی چارہ، امن اور سلامتی اور باہمی تعاون کے ساتھ رہنے کی تعلیم دیتا ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام ہرگز دہشت گردی کا مذہب نہیں ہے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کو تو یہ باتیں سن کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسلام اور عیسائیت ایک جیسے ہی مذاہب ہیں۔ نیز یہ کہ انہوں نے پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ مسلمان انسانیت کی بھلائی کے لئے اور خدمت خلق کے لئے اتنا اچھا کام کر رہے ہیں۔

بعد ازاں مکرم نیشنل صدر و مشنری انچارج نے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ نیز یہ بھی بیان کیا کہ جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام امن اور محبت کو فروغ دیتا ہے اور یہ کہ جماعت احمدیہ مسلمہ اپنے ہم وطنوں کی جو بھی مدد کرتی ہے وہ انسانیت کی خاطر بلا کسی امتیاز کے کرتی ہے اور اس کا مقصد صرف حصول رضائے الٰہی ہوتا ہے۔

پانچویں سیشن کے بعد تمام شاملین جلسہ کو کھانا پیش کیا گیا۔

اس کے بعد پریس کانفرنس ہوئی۔ اس پریس کانفرنس میں 2 ٹی وی چینلز، 5 ریڈیو چینلز اور 7 اخبارات کے نمائندگان نے شرکت کی اور انہوں نے اسلام کی پر امن تعلیم، جلسہ سالانہ کے مقاصد اور جماعت احمدیہ کی خدمت خلق کے حوالہ سے سوالات کئے۔ نیز انہوں نے جماعت احمدیہ کے کالج اور اس کی معاشرہ میں بہتری لانے کے لئے کاوشوں کے حوالے سے بھی سوالات کئے۔

اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

اس کے بعد جلسہ سالانہ کے چھٹے اور آخری سیشن کا آغاز ہوا۔ اس سیشن میں تلاوت قرآن کریم اور اس کے مالاگاسی اور اردو تراجم کے بعد دو اردو نظمیں اور ان کے مالاگاسی تراجم پیش کئے گئے نیز دو اردو تقاریر پیش کی گئیں۔ اس سیشن اور جلسہ سالانہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

اس کے بعد مجلس انصار اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کے گروپس نے ترانے پیش کئے جن میں سے ایک اردو ترانہ ایک لوکل مالاگاسی خادم نے بھی پیش کیا۔

اس طرح بفضلہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے سولہویں جلسہ سالانہ کا بخیر و خوبی اختتام ہوا۔

امسال جلسہ سالانہ مڈغاسکر میں قریباً 648 احباب جماعت نے شرکت کی۔ نیز 27 مہمانان بھی شامل ہوئے جن میں کچھ حکومتی افسران اور الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندگان بھی شامل تھے۔ امسال جلسہ سالانہ کے متعلق خبر 2 ٹی وی چینلز، 5 ریڈیو چینلز اور 7 اخبارات نے دیں۔ اس طرح ایک محتاط اندازہ کے مطابق قریباً 9 ملین افراد تک پیغام پہنچا۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذٰلک۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو جلسہ کی برکات و فیوض سے وافر حصہ لینے والا بنائے اور ان تمام باتوں پر کاربند رہنے والا بنائے جو ہم نے اس جلسہ میں سیکھی ہیں۔ آمین۔ اللہ تعالیٰ تمام مبلغین ، معلمین، کارکنان اور تمام احباب کو جنہوں نے جلسہ کی تیاریوں اور انعقاد میں خدمت کی ہے بہترین جزاء سے نوازے۔ آمین

(مدثر احمد۔ مبلغ سلسلہ مڈغاسکر)

پچھلا پڑھیں

اداریے (حنیف محمود کے قلم سے) جلد اول

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 4)