• 4 مئی, 2024

دعا کی برکت سے معجزانہ شفا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک دفعہ خاکسار کو گوئٹے مالا کے ایک وفد کے ہمراہ جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت کی سعادت نصیب ہوئی، اَلْحَمْدُلِلّٰہِ

خاکسار کے دو بیٹوں کو یہاں خدمت دین بجا لانے کی توفیق مل رہی ہے۔ جلسہ کے بعد از راہ شفقت پیارے آقا سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت میری فیملی کے جملہ افراد کو شرف ملاقات عطا فرمایا۔ خدا تعالیٰٰ کے محبوب امام جسے اس زمانہ میں آسمان سے روحانی تاج خلافت پہنایا گیا ہے اس کی پاک صحبت نصیب ہوئی محبوب آقا کے نورانی چہرہ سے نور کی شعائیں پھوٹ رہیں تھیں۔ فیملی کے ہر فرد سے پیارے آقانے محبت بھری گفتگو فرمائی۔

اس موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خاکسار نے نہایت ادب و انکساری سے عرض کیا کہ میرے بیٹے ہارون احمد کی نظر بہت کمزور ہے اس کے لئے دعا کریں پیارے آقا نے میرے بیٹے کو بازو سے پکڑا اور زیر لب دعا کرتے ہوئے عزیزم کی آنکھ پر اپنی انگوٹھیوں جن پر ’’الیس اللّٰہ بکاف عبدہ‘‘ اور ’’مولا بس‘‘ کندہ ہے پھیرا اور فرمایا اللہ فضل فرمائے۔

اللہ تعالیٰٰ نے اپنے پیارے امام کی دعا اور مس کی برکت سے عزیزم کی بینائی میں بہتری پیدا کی۔ اور اس نے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کیا جو اس سے قبل نظر کی کمزوری کے باعث انتہائی مشکل بلکہ ناممکن تھا۔ یہ ہمارے محبوب آقا کی دعا کی برکت ہے۔

اللہ تعالیٰ کا مقرب انسان جسے مرتبہ لقا نصیب ہو جاتا ہے اس کے بارے میں سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
تجلیات الہٰیہ اس پر دائمی قبضہ کر لیتے ہیں اور محبوب حقیقی حجب حائلہ کو درمیان سے اٹھا کر نہایت شدید قرب کی وجہ سے ہم آغوش ہو جاتا ہے اور جیسا کہ وہ خود مبارک ہے ایسا ہی اس کے اقوال و افعال و حرکات اور سکنات اور خوراک اور پوشاک اور مکان اور زمان اور اس کے جمیع لوازم میں برکت رکھ دیتا ہے تب ہر یک چیز جو اس سے مس کرتی ہے بغیر اس کے جو یہ دعا کرے برکت پاتی ہے، اس کے مکان میں برکت ہوتی ہے۔ اس کے دروازوں کے آستانے برکت سے بھرے ہوتے ہیں۔ اس کے گھر کے دروازوں پر برکت برستی ہے جو ہر دم اس کو مشاہدہ ہوتی ہے اور اس کی خوشبو اس کو آتی ہے جب یہ سفر کرے تو خدا تعالیٰٰ معہ اپنی تمام برکتوں کے اس کے ساتھ ہوتا ہے اور جب یہ گھر میں آوے تو ایک دریا نور کا ساتھ لاتا ہے غرض یہ عجیب انسان ہوتا ہے جس کی کنہ بجز خدا تعالیٰٰ کے اور کوئی نہیں جانتا۔

(آئینہ کمالات اسلام، روحانی خزائین جلد5 صفحہ69)

(مرسلہ: مولانا عبد الستار خاں۔ مبلغ سلسلہ کولمبیا)

پچھلا پڑھیں

شہر ZION کی کنجی ملنے پرجذبات

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 اکتوبر 2022