• 26 اپریل, 2024

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا اسپورٹس ڈے

ہر سال جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں طلباء میں مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لئے سالانہ ورزشی مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ اللہ کے فضل سے امسال مورخہ 2 اور 3 نومبر بروز بدھ اور جمعرا ت ان مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذٰلک۔ خاکسار (پرنسپل جامعہ) نے انتظامی کمیٹی تشکیل دی اور ایک خصوصی میٹنگ کرکے اساتذہ کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کیں۔

مورخہ 2 نومبر صبح 8 بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب تنزانیہ تھے۔ افتتاح کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ امسال 10 انفرادی مقابلہ جات اور 6 ٹیم ایونٹس کروائے گئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں 100میٹر دوڑ، 1600 میٹر دوڑ، ثابت قدمی، پنجہ آزمائی، نشانہ غلیل، لانگ جمپ، ہائی جمپ، تین ٹانگ دوڑ، فراگ ریس اور روک دوڑ شامل ہیں۔

جامعہ کے طلباء کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے نام شفقت، امانت اور شجاعت ہیں۔ دو نگران اساتذہ ہر گروپ کی نگرانی پر مامور ہیں۔ ان گروپس کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، باڑی اور میرو ڈبہ کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ امسال میروڈبہ کا کھیل پہلی مرتبہ جامعہ تنزانیہ میں متعارف کروایا گیا ہے۔ اس کھیل کو سکھانے کیلئے مکرم ایاز احمد ڈوگر (استاد جامعہ) نے خصوصی طور پر محنت کی۔ تمام مقابلہ جات کیلئے شعبہ میدانِ عمل کی انتظامیہ میں شامل طلباء نے بڑی محنت کے ساتھ تیاری گراؤنڈ میں حصہ لیا۔

اسی طرح اساتذہ جامعہ کے مابین بھی بعض مقابلہ جات کروائے گئے جن میں نشانہ غلیل، ہاتھ سے بوتل میں پانی بھرنا، Marble & Spoon اور میوزیکل چیئر شامل ہیں۔ ان مقابلہ جات میں ریفری کے فرائض خاکسار (پرنسپل جامعہ) نے ادا کیے۔

طلباء اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے مکرم امیر صاحب ہمہ وقت جامعہ کے احاطہ میں موجود رہے اور تمام پروگرامز میں شامل ہوئے۔ گزشتہ تین سال سے روک دوڑ کا ایونٹ جامعہ کی کھیلوں میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے۔ مورخہ 3 نومبر بعد نماز عصر روک دوڑ کا مقابلہ ہوا جسے دیکھنے کیلئے دیگر مہمانان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ روک دوڑ میں کل 20 ایونٹس رکھے گئے تھے۔ جن میں مختلف رکاوٹوں کو عبو ر کرکے آخر میں یاد کیا ہوا پیغام بھی سنایا جانا تھا۔ تمام حاضرین اس مقابلہ سے محظوظ ہوئے۔ روک دوڑ کی انتظامیہ میں شامل طلباء نے بھی نہایت محنت سے تمام ایونٹس کی تیاری مکمل کی۔

اسی دن بعد نماز مغرب تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی مکرم امیر صاحب تھے۔جامعہ کے احاطہ میں ہی اس تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تلاوتِ قرآن کریم کے بعد دو طلباء جامعہ نے ترانہ ’’خدامِ احمدیت‘‘ پڑھ کر سنایا۔ مختصر رپورٹ کے ساتھ پروجیکٹر پر مختلف مقابلہ جات کا ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔ اس کے بعد مہمانِ خصوصی مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم فرمائے۔ تقسیم انعامات کے بعد نے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ معلمین سلسلہ کو ہمیشہ کھیلوں میں شرکت کرنی چاہئے۔ اس طرح صحت مند جسم کے ساتھ ہی صحت مند دماغ زیادہ بہتر طور پر جماعت کی خدمت کرسکتا ہے۔ آخر میں خاکسار نے مہمانان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی گئی۔ اللہ تعالیٰ تمام اعزازات مبارک فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عابد محمود بھٹی۔ نمائندہ الفضل آن لائن تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی